Inquilab Logo

ای پی ایل میں مانچسٹر سٹی کی شکست اور لیورپول کی فتح

Updated: July 07, 2020, 1:41 PM IST | Agency | London

مانچسٹر سٹی کو ۱۳؍ویں نمبر کی ٹیم ساؤتھمپٹن کےہاتھوں صفر۔ ایک سے مات ملی۔ لیورپول نے گھریلو میدان پر ایسٹن ولا کو صفر۔۲؍ سے ہرادیا

EPL - pic : pti
ای پی ایل ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 انگلش پریمیرلیگ (ای پی ایل ) کے پچھلے میچ میں  لیورپول کو صفر۔۴؍سے شکست دینے والی مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کی ٹیم اتوار کی دیر را ت ہونے والے میچ میں ساؤتھمپٹن سے صفر۔ ایک سے شکست پاگئی ۔ ای پی ایل میں دوسری پوزیشن پر قابض ٹیم کیلئے ۱۳؍ویں نمبر کی ٹیم سے ہارنا شرم کی بات ہے۔دوسری طرف نئے   چمپئن لیورپول نے ایسٹن ولا کو اتوار کی رات ہونے والے میچ میں صفر۔۲؍ سے شکست دے کر اپنے پوائنٹس میں اضافہ کردیا۔ 
 اتوار کی دیر رات ہونے والے میچ میں مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے ساؤتھمپٹن  فٹبال کلب کے میدان پر اچھی کارکردگی کامظاہرہ نہیں کیا۔ میچ کے ۱۶؍ویں منٹ میں ساؤتھمپٹن کے کھلاڑی شی ایڈیمس نے  دوری سے ایسی کک لگائی کہ گیند سیدھے مانچسٹر سٹی کے گول میں سماگئی۔میچ کے  فرسٹ ہاف میں ہونے والا صفر۔ ایک اسکور میچ کے اختتام تک برقرار رہا اور یہ میچ ساؤتھمپٹن  نے صفر۔ ایک سے جیت لیا۔ 
 ساؤتھمپٹن کے میدان پر سٹی کے کھلاڑیوں نے ۲۶؍شاٹس لگائے تھے لیکن ایک بھی گیند نشانہ پرنہیں لگی جبکہ لیورپول کے خلاف اس کے کھلاڑیوں نے ۴؍گول کئے تھے۔ اس میچ میں کیون ڈی برائن  اور فل فوڈین بھی بینچ پرسے آنے کے بعد بھی برابری کا گول نہیں کرسکےاور سٹی کی ٹیم کو ۳؍پوائنٹس کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ 
 مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کے منیجر پیپ گارڈیالا نے کہا کہ میں سمجھ نہیں پارہا ہوں کہ اس سیزن میں میری ٹیم نے ۹؍میچوں میں شکست کس طرح پائی ہے۔ گارڈیالا نے اپنے کریئر میں اتنا خراب مظاہرہ کبھی نہیں دیکھا ہے۔ انہو ںنے مزید کہا کہ ہم نے اچھے سے تھوڑا بہتر کھیلا لیکن یہ جیت کیلئے کافی نہیں تھا۔ اسپین سے تعلق رکھنے والے سٹی کے منیجر نے کہا کہ کوئی یہ نہیں کہہ سکتا ہے کہ ہم نے گول کم کئے ہیںبلکہ اس سیزن میں ہم نے سب سے زیادہ گول کئے ہیں۔ ہم گول کرنے میں سرفہرست ہیں۔ ہم نے گول کرنے کے زیادہ مواقع بنائے ہیں اور ہم  نے گول بھی کم کھائے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ میں سمجھ نہیں پارہا ہوں کہ ٹیم کے ساتھ کیا مسئلہ ہے۔ میں ہر میچ کے بعد کھلاڑیوں سے بات چیت کرتا ہوں۔ ان کی خامیوں کو ان کے سامنے بیان کرتا ہوں اور انہیں بہتر کرنے کے طریقے بھی بتاتا ہوں اس کے باوجود ٹیم کی شکست سمجھ سے پرے ہے۔
 ای پی ایل کا خطاب جیتنے کے بعد اپنے گھریلو میدان اینفیلڈ پرپہلی بار کھیلنے والے لیورپول کلب نے اتوارکو ایسٹن ولا کو صفر۔۲؍  سے شکست دے دی۔لیورپول ۱۹۹۰ءکے بعد پہلی بار سیزن ختم ہونے سے پہلے چمپئن بن گیا تھا۔ خطاب یقینی بنانے کے بعدلیورپول فٹبال کلب  کا گھر پریہ پہلا میچ تھا۔ اس فتح کے ساتھ ہی لیورپول کلب نے لیگ میں کچھ ریکارڈ اپنے نام کرنے کی طرف قدم بڑھادیا ہے ۔ 
 لیورپول نے دوسرے ہاف میں سادیو  مانے اور کرٹنس  جونس کے گول کے ساتھ اینفیلڈ  میں اپنی مسلسل۱۷؍ ویں کامیابی حاصل کی۔ گول کرنے میں سادیو مانے کی مدد نبی کیٹا نے کی جبکہ جونس کی مدد محمد صلاح نے کی۔  اسے اب پریمیر لیگ میں ہوم گراؤنڈ میں۱۰۰؍ فیصد کامیابی حاصل کرنے کیلئے برنلے اور چیلسی کے خلاف جیتنا ہوگا۔ لیورپول کے پاس اب ۵؍ میچ باقی ہیں اور ان میں سے۴؍ میں کامیابی کے ساتھ مانچسٹر سٹی کے۱۸۔۲۰۱۷ء میں ایک سیزن میں۱۰۰؍ پوائنٹس اسکور کرنے کے ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے۔ لیورپول فٹبال کلب کے اس وقت ۳۳؍میچوں میں ۸۹؍ پوائنٹس ہیں۔ پریمیر لیگ کے دوسرے میچوں میں  ویسٹ ہیم نے نیو کیسل سے۲۔۲؍ سے  ڈرا کھیلا۔  
 میچ کےبعد لیورپول کے منیجر یورگین کلوپ نے کہاکہ ہماری توجہ ریکارڈس پر نہیں ہے بلکہ ہم ۳؍پوائنٹس حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم  ہر میچ میں ۳؍پوائنٹس حاصل کرنے کے تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ ہماری کوشش یہی ہے کہ ہم اپنے گھریلو میدان پر کامیابی حاصل کریں  اور صد فیصدریکارڈ قائم کریں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK