انگلش پریمیر لیگ میںمانچسٹرسٹی کی شکست،چیلسی کی فتح،مانچسٹریونائٹیڈ کامیچ ڈرا

Updated: May 20, 2021, 12:05 PM IST | London

سٹی کی ٹیم برتری کے باوجود برائٹن سے ہار گئی۔ چیلسی نے لیسسٹرسٹی کو ہراکرتیسری پوزیشن پر قبضہ کرلیا۔ یونائٹیڈ اور فلہم کا میچ ایک ایک گول سے ڈرا

 The players of Brighton & Hove team started celebrating on the field after winning the match.Picture:PTI
برائٹن اینڈ ہوو کی ٹیم کے کھلاڑی میچ جیتنے کے بعد میدان پر ہی جشن منانے لگے۔تصویر : پی ٹی آئی

انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل)میں  چمپئن بننے والی مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کی ٹیم کو برائٹن اینڈ ہوو البیون سے ۲۔۳؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ چیلسی نے لیسسٹر سٹی کو شکست دے کر ٹیبل میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔مانچسٹر یونائٹیڈ اور فلہم کا میچ ایک ایک گول سے ڈرا ہوگیا۔اس شکست کے باوجو دیونائٹیڈ کی دوسری پوزیشن محفوظ رہی۔  انگلش پریمیر لیگ میں منگل کی دیر رات ہونے والے میچ میں مانچسٹر سٹی نے اچھی شروعات کی تھی اور ایلکائی غندوغان نے ٹیم کیلئے پہلا گول کیا۔ انہوں نے دوسرے منٹ میں ریاض محرز کی مددسے ٹیم کا پہلا گول کیا لیکن ۱۰؍ ویں منٹ میں جوآؤ کینسیلو کو ریڈ کارڈ ملا اور وہ  میدان سے باہر چلے گئے۔ اس کا فائدہ برائٹن کی ٹیم نے اٹھایا۔  میچ کے دوسرے ہاف میں سٹی کیلئے فل فوڈین نے ایک اور گول کیا اور اسکور صفر۔۲؍ کر دیا۔ اس کے بعد برائٹن کے کھلاڑیوں نے جوابی حملہ شروع کردیا۔ ۵۰؍ویں منٹ میں لینڈرو ٹروسارڈ نے برائٹن کیلئے پہلا گول کیا۔ ۷۲؍ویں منٹ میں ایڈم ویبسٹر نے برابری کا گول کیا۔ ان کی مدد پاسکل گروس نے کی۔میچ کے ۷۶؍ویں منٹ میں ڈینیل برن نے ٹیم کا تیسرا گول کرکے اسکور ۲۔۳؍ کردیا او ربرائٹن کی ٹیم فاتح رہی۔ منگل کی دیر رات ہونے والے ایک اور میچ میں چیلسی فٹبال کلب نے لیسسٹرسٹی سے ایف اے کپ کے فائنل کی شکست کا حساب بیباق کرتے ہوئے اسے ایک۔۲؍ سے ہرا دیا۔ خیال رہے کہ چیلسی کو ایف اے کپ کے فائنل میں صفر۔ ایک سے شکست ملی تھی۔ ای پی ایل کے میچ میں  چیلسی کی جانب سے پہلا گول ٹیمو وارنر نے کیا۔ لیکن اسے رد کردیاگیا ۔ ۴۷؍ ویں  میں انٹونیو ریوڈیگر نے چیلسی کیلئے پہلا گول کیا۔ ۶۶؍ویں منٹ میں جورگنہو نے پنالٹی پر دوسرا گول کرکے اسکور صفر۔۲؍ کردیا۔ ۷۶؍ویں منٹ میں لیسسٹر سٹی کی جانب سے کلیچی اہناچو نے  ایک گول کرکے شکست کے فرق کو کم کرنے کی کوشش کی ۔  اس فتح کے بعد چیلسی نےای پی ایل کے پوائنٹ ٹیبل میں اپنی تیسری پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔ چیلسی کے ۳۷؍میچوں میں ۶۷؍پوائنٹس ہوگئے ہیں ۔ لیسسٹر سٹی اتنے ہی میچوں میں ۶۶؍ پوائنٹس کیساتھ چوتھے نمبرپر ہے۔ یہ  دونوں ٹیمیں اپنے اپنے آخری مقابلے اس ہفتے  ۲۲؍مئی کو کھیلیں گی جوکہ ای پی ایل کا آخری میچ راؤنڈ ہوگا۔
 منگل کی دیر رات  ای پی ایل کے ایک  اور مقابلے  میں مانچسٹر یونائٹیڈ اور فلہم کے درمیان میچ ایک ایک گول سے ڈرا ہوگیا۔  حالانکہ اس مقابلے میں یونائٹیڈ نے صفر۔ ایک سے برتری حاصل کر لی تھی۔ میچ کے ۱۵؍ویں منٹ میں ایڈینسن کوانی نے ٹیم کیلئے پہلا گول کیا تھا۔  انہوںنے  برونو فرنانڈیس کی مدد سے ٹیم کایہ گول کیا۔ فرسٹ ہاف تک اسکور صفر۔ ایک رہا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں فلہم کی جانب سے ۷۶؍ ویں منٹ میں جوئے برائن نے بابی ریڈ کی مدد سے ٹیم کیلئے برابری کا گول کیا۔ میچ کے اختتام پر اسکو ر ایک ایک رہا۔  خیال رہے کہ اس ڈرا سے دونوں ٹیموں کو کوئی فرق نہیں پڑا۔ مانچسٹر یونائٹیڈ ٹیبل میں دوسرے نمبرپر برقرار ہے ۔ فلہم فٹبال کلب پہلے ہی  لیگ سے باہر ہوگیاہے۔ اس نے ایک سال تک اس لیگ میں مقابلہ کیااور اب اسے اگلے سیزن میں چمپئن شپ میں کامیابی کے بعد ہی ای پی ایل میں موقع مل سکتاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK