Inquilab Logo

ارلنگ ہالینڈکی ہیٹ ٹرک کی بدولت مانچسٹرسٹی نے کرسٹل پیلس کو مسمار کردیا

Updated: August 29, 2022, 1:31 PM IST | Agency | Manchester

ای پی ایل کے میچ میں سٹی کی ٹیم صفر۔۲؍ سے پیچھے تھی لیکن ہالینڈ کی ہیٹ ٹرک سے اس نے ۲۔۴؍ گول سے مقابلے میں کامیابی حاصل کرلی

Picture .Picture:INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) کے میچ میں صفر۔۲؍ سے پیچھے ہونے کے باوجود مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے شاندار واپسی کی اور میچ۲۔۴؍ گول سےجیت لیا۔ اس میچ کے ہیرو ناروے سے تعلق رکھنے والے اسٹار ارلنگ ہالینڈ تھے جنہوںنے ۳؍گول کرکے کرسٹل پیلس کو مسمار کردیا اوراپنی  ٹیم سٹی کو پورے ۳؍ پوائنٹس دلائے۔  سنیچر کی دیر رات ہونے والے میچ کے چوتھے منٹ میں جے اسٹونس نے اپنے ہی گول میں گیند ڈال دی اور سٹی کو صفر۔ ایک سے پیچھے کردیا۔   ۲۱؍ویں منٹ میں جے اینڈرسن نے ٹیم کا دوسرا گول کرکے سٹی پر دباؤ ڈالا۔ کرسٹل پیلس کے کھلاڑیوں نے پہلے ہاف میں زبردست مقابلہ کیا اور اسکور صفر۔ ۲؍ گول کردیا۔  میچ کے دوسرے ہاف میں سٹی  نے اپنے گھریلو میدان اتحاد اسٹیڈیم پر جوابی حملہ شروع کردیا۔ ۵۳؍ویں منٹ میں برنارڈ سلوا نے سٹی کاپہلا گول کیا۔ اس کے بعد ارلنگ ہالینڈنے یکے بعد دیگرے ۳؍ گول کردئیے۔ انہوںنے ۶۲؍ویں منٹ میں ٹیم کیلئے برابری کا گول کیا۔ اس کے بعد ۷۰؍ویں منٹ میں انہوں نے جے اسٹونس کی مدد سے ٹیم کا تیسر ا اور اپنا دوسرا گول کیا۔ ۸۱؍ویں منٹ میں انہوں نے ایلکائی غندوغان کی مدد سے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کردی اورٹیم کیلئے چوتھا گول کر دیا۔ اس گول کے بعد سٹی کے کھلاڑیوں نے پیچھے نہیں دیکھا اورفُل ٹائم تک اسکور ۲۔۴؍ گول رہا۔  اس فتح کے ساتھ ہی سٹی کی ٹیم کو ۳؍پوائنٹس مل گئے۔ پوائنٹس ٹیبل میں دفاعی چمپئن مانچسٹر سٹی دوسری پوزیشن پر ہے اور اس کے ۴؍ میچوں میں ۱۰؍پوائنٹس  ہیں۔ آرسنل فٹبال کلب ٹاپ  پر ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK