Inquilab Logo

مانچسٹر سٹی پہلی بار چمپئن لیگ کے فائنل میں داخل

Updated: May 06, 2021, 1:32 PM IST | Agency | Manchester

چمپئن لیگ کے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں انگلش کلب نے پی ایس جی کو صفر۔۲؍ سے شکست دی۔ ۲؍مرحلوں کے بعد سیمی فائنل کا اسکور ایک۔۴؍رہا۔ریاض نے ۲؍مرحلوں میں پی ایس جی کے خلاف ۳؍گول کئے

Riyad Mahrez. Picture:INN
ریاض محرز۔تصویر :آئی این این

ریاض کریم محرز کے تاریخ ساز ۲؍گول کی بدولت  انگلش فٹبال کلب مانچسٹر سٹی نے پیر س سینٹ جرمین  (پی ایس جی ) فٹبال کلب کو شکست دے کر اپنی فٹبال تاریخ میں پہلی بارچمپئن لیگ کے فائنل میں داخل ہوگیا ہے۔ چمپئن لیگ کے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے  کے میچ میں منگل کی رات مانچسٹر سٹی نے پیر س کے کلب کو صفر۔۲؍ سے ہرا دیا۔ خیال رہے کہ پہلے مرحلے میں سٹی نے پی ایس جی کو ایک۔۲؍سے شکست دی تھی۔ اس طرح ۲؍ مرحلوں کے بعد مجموعی اسکور ایک۔۴ ؍رہا اور سٹی نے استنبول میں کھیلے جانے والے فائنل میں اپنی جگہ یقینی کرلی  ہے۔ منگل کی دیر رات ہونےوالا مقابلہ زبردست تھا ۔ دونوں جانب سے حملے اور دفاع کا کھیل دیکھنے کو ملا۔  ریاض محرز زبردست فارم میں تھے اور وہ مسلسل کاؤنٹر اٹیک کررہے تھے۔   ۱۱؍ویں منٹ میں انہوں نے ٹیم کیلئے پہلا گول کر کے پی ایس جی کے حوصلے پست کر دئیے۔ حالانکہ اس وقت تک پی ایس جی نے ہار نہیں مانی تھی کیونکہ اس کے پاس بھی نیمار، اینجل ڈی ماریا اور مارکوویراٹی جیسے اسٹار کھلاڑی موجود تھے لیکن سٹی نے اپنا دفاع مضبوط رکھا تھا۔ فرسٹ ہاف تک اسکور صفر۔ ایک رہا۔  میچ کے دوسرے ہا ف میں بھی سٹی نے اپنے گھریلو میدان پر زبردست حملے شروع کر دئیے اور ۶۳؍ویں منٹ میں فل فوڈین کی مدد سے ریاض محرز نے ایک اور گول کرکے اسکور صفر۔۲؍ کردیا۔ پی ایس جی کو ایک اور جھٹکا ۶۹؍ ویں منٹ میں لگا جب اس کے کھلاڑی اینجل ڈی ماریا کو فرنانڈنہو کو گرانے کی پاداش میں ریفری نے ریڈ کارڈ دکھادیا۔پی ایس جی نے بقیہ ۳۰؍ منٹ کا کھیل ۱۰؍کھلاڑیوں کے ساتھ مکمل کیاجس سے مانچسٹر سٹی کے کھلاڑیوں کو کافی آسانی ہوئی۔ 
 ابوظہبی کے مالک کے ذریعہ خریدے جانے کے ۱۳؍سال بعد سٹی کلب نے چمپئن لیگ کی طرف اپنا قدم بڑھا دیاہے۔ ابوظہبی کے مالک خلدون المبارک کے ذریعہ سٹی کلب میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کی گئی تھی اور سٹی گروپ نے اس کیلئے یوئیفا کے سرمایہ کاری کے ضابطے بھی توڑے تھے جس پر اسے چمپئن لیگ میں کھیلنےنہیں کھیلنے کی پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔یہ ٹیم یورپ کی متنازع لیگ یوروپین سپرلیگ میں بھی شامل ہوئی تھی لیکن بعد میں اس نے اپنا نام واپس لے لیاتھا۔ اب چمپئن لیگ کا فائنل استنبول میں کھیلا جائے گا اور سٹی کا مقابلہ چیلسی اور ریئل میڈرڈ کی ٹیم کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کے فاتح سے ہوگا۔ یہ میچ بدھ کی رات ہوچکا ہوگا۔ خیال رہے کہ پہلے مرحلے کے میچ میں بھی ریاض محرز نے پی ایس جی کے خلاف اس کے میدان پر ایک گول کیا تھا اور ایک گول کیون ڈی برائن نے کیا تھا۔سیمی فائنل کے دو مرحلوں میں ریاض محرز نے  پی ایس جی کے خلاف ۳؍گول کئے ۔ وہ اس میچ میں بہت خوش بھی تھے۔
 میچ کے بعد مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کے ریاض محرزنے کہا’’پی ایس جی کے کھلاڑی اپنے ہوش گنوا بیٹھے تھے اور ہمیں کک مار رہے تھے۔ ‘‘ خیال رہے کہ ریاض کی پیدائش پیرس میں ہوئی ہے اور وہ الجیریاکی قومی فٹبال ٹیم کے کپتان ہیں۔ اینجل ڈی ماریا کو ریڈ کارڈ ملنے سے پہلے ہی ریاض محرز نے ۲؍گول کر دئیے تھے۔  الجیریائی کھلاڑی نےمزید کہا ’’پی ایس جی کے ایک کھلاڑی کوریڈ کارڈ ملا اور اس کے بعد ہمارا کام آسان ہوگیا اور ہم نے ان پر دباؤ ڈالنا شروع کردیا۔دوسرے ہاف میں انہوں نے میچ پرسے اپنا کنٹرول گنوا دیا تھا۔ہم بحیثیت ٹیم بہت محنت کرتے ہیں اور پی ایس جی کے سامنے ہمیں اس کا صلہ ملاہے۔ ‘‘ پی ایس جی کے مڈ فیلڈر مارکو ویراٹی نے کہا ’’ہم نے آخر تک مقابلہ کیا اور سٹی کے خلاف گول کرنے کی پوری کوشش کی۔جب آپ کسی بڑی ٹیم کے خلاف کھیلتے ہیں تو آپ ۹۰؍منٹ تک حملہ نہیں کرسکتے ۔ ہم اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ ہم نے فُل ٹائم تک حملہ نہیں کیا۔ اینجل ڈی ماریا کے ریڈ کارڈ کے معاملے کی جانچ یوئیفا کرے گا۔ ‘‘ 
 خیال رہے کہ اس سیزن میں مانچسٹر سٹی کے پاس ۳؍خطاب جیتنے کا سنہرا موقع ہے۔ اس نے انگلش لیگ کپ میں ٹوٹنہم کو ہراکر پہلا خطاب جیت لیا ہے اورممکن ہے ا س ہفتے وہ انگلش پریمیر لیگ کا خطاب بھی اپنے نام کرلے کیونکہ وہ ٹیبل میں اس وقت ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ تیسرا خطاب یوئیفا چمپئن لیگ ہے جس کے فائنل میں سٹی کی ٹیم داخل ہوگئی ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK