Inquilab Logo

مانچسٹرسٹی کی نظر میسی پر،بارسا نے کہا جانے نہیں دیںگے

Updated: August 28, 2020, 1:46 PM IST | Agency | Barcelona

لیونل میسی کے ذریعےبارسلونا کو چھوڑنے کے فیصلے کے بعد انگلش کلب مانچسٹر سٹی کے منیجر نے اسٹار اسٹرائیکر سے بات کی

Lionel Messi. Picture:INN
لیونل میسی ۔ تصویر: آئی این این

 بارسلونا کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی اپنے کلب سے کہہ چکے ہیں کہ وہ اب اس کلب کو چھوڑنا چاہتے ہیں۔ان کا یہ بیان آنے کے بعد ہی دیگر فٹبال کلب انہیں اپنے یہاں شامل کرنے کےلئے آگے آنے لگے ہیں۔ ان میں انگلش کلب مانچسٹر سٹی اہم ہے۔ مانچسٹر سٹی کے منیجر پیپ گارڈیالو نے ارجنٹائنا کے اسٹار اسٹرائیکر لیونل میسی کو کلب میں لانے کے تعلق سے بات چیت بھی کی ہے۔گارڈیالو ۳۳؍سالہ لیونل میسی کے ساتھ معاہدہ کرنے کے تعلق سے نظریں لگائے ہوئے ہیں اوردیکھا جائے تو مالی طور پر مضبوط یہ کلب ان کے ساتھ معاہدہ کرنے کا مضبوط دعویدار بھی ہے۔ مانچسٹر سٹی کے علاوہ لیونل میسی کو اپنے کلب میں شامل کرنے کےلئے مانچسٹر یونائٹیڈ،انٹر میلان اور پیرس سینٹ جرمین(پی ایس جی) نے بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ لیونل میسی تقریباً ۲؍دہائی تک بارسلونا کلب کے ساتھ جڑے تھے۔پیپ گارڈیالو بارسلونا ٹیم کی بھی کوچنگ کر چکے ہیں۔ایسے میں وہ کوشش کر رہے ہیں کہ میسی کومانچسٹر سٹی میں شامل کر لیا جائے تاکہ گھریلو اور یوروپین چمپئن بننے کا راستہ آسان ہو جائے۔یاد رہے کہ میسی نے بارسلونا کو ۱۰؍لا لیگا اور۴؍چمپئن لیگ خطاب سمیت ۳۴؍خطابات دلانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔
عدالت تک پہنچ سکتا ہے معاملہ
 بارسلونا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ میسی نے کلب کو ایک فیکس بھیجا ہے جس میں انہوں نے کلب چھوڑنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔کلب نے حالانکہ اشارہ دیا ہے کہ معاملہ عدالت تک پہنچ سکتا ہے ۔کلب نے کہا کہ میسی کو اپنی مرضی سے کلب چھوڑنے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔ بارسلونا نے لیونل میسی سے کہا ہے کہ کلب انہیں اپنے ساتھ جوڑے رکھنا چاہتا ہےاور کلب چاہتا ہے کہ وہ بارسلونا فٹبال کلب کیلئے کھیلتے ہوئے ہی اپنےکریئر کا اختتام کریں۔میسی نے کلب چھوڑنے  کے تعلق سے جو فیکس بھیجا ہے اس میں معاہدہ  کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ کسی پریشانی کے بغیر کلب چھوڑ سکتے ہیں۔اس پر بارسلونا فٹبال کلب کا کہنا ہے کہ کلب چھوڑنے کے تعلق سے میسی نےمعاہدہ میں شامل جس زمرے کا حوالہ دیا ہے اس کی میعاد ۲۰؍جون کو ختم ہوچکی ہے۔اس وجہ سے وہ اپنی مرضی سے کلب چھوڑنہیں سکتے۔ واضح رہے کہ لیونل میسی کا معاہدہ بارسلونا فٹبال کلب کے ساتھ جون ۲۰۲۱ء تک کا ہے۔
رک جاؤ میسی
 کیمپ ناؤ فٹبال اسٹیڈیم کے باہر بارسلونا کلب کے مداح جمع ہوگئے اور انہوں نے میسی سے کلب نہ چھوڑنے کا پُرزور مطالبہ کیا۔مداحوں نے ایک مارچ نکالا اور بارسلونا کلب کے رول پر بھی سوال اٹھائے۔زیادہ تر مداح یہی کہہ رہے تھے کہ میسی یہیں رکے اور جوزف بارٹومو استعفیٰ دیں۔ واضح رہے کہ بارٹومو بارسلونا کلب کے صدر ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK