Inquilab Logo

مانچسٹر سٹی فٹبال کلب میسی سے ۳؍ارب روپے میں معاہدہ کیلئے تیار

Updated: May 20, 2021, 11:35 AM IST | Agency | New Delhi

سیزن کے اختتام پر بارسلونا کے ساتھ میسی کا معاہدہ ختم ہونے والا ہے اور ان کے معاہدے میں توسیع کا اعلان اب تک نہیں ہوا

Lionel Messi. Picture:INN
لیونل میسی۔تصویر :آئی این این

 ہسپانوی لیگ لا لیگا کے اس سیزن میں  فٹبال کلب بارسلونا کی کارکردگی اچھی نہیں  رہی ہے اور کلب  بھی خطاب کی دوڑ سے باہر ہوچکاہےلیکن سب کی نگاہیں  بارسلونا کے سپر اسٹار اسٹرائیکر لیونل میسی پر ہیں  جن کا کلب کے ساتھ معاہدہ اس سیزن کے خاتمے پر ختم ہونے والا ہے۔ ابھی تک باضابطہ طور پر یہ اعلان نہیں کیا گیا ہے کہ میسی بارسلونا کے ساتھ اپنے معاہدے میں توسیع کریں گے یا کسی نئے کلب میں شمولیت اختیار کریں گے۔ کسی بھی کلب کے لئے میسی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنا آسان نہیں ہے ، لیکن انگلش کلب مانچسٹر سٹی ، مانچسٹر یونائٹیڈ اور پیرس سینٹ جرمین شروع ہی سے ان میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ ادھر ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ منیجر پیپ گارڈیالا کی ٹیم مانچسٹر سٹی ارجنٹائنا کے کھلاڑی کے ساتھ معاہدہ کرنے  میں سرفہرست ہے اور کلب میسی کے ساتھ ایک سالہ معاہدے پر دستخط کرنا چاہتا ہے۔  سٹی  فٹبال کلب نے میسی کو ایک سال کیلئے ۲۵؍ ملین پاؤنڈ ( تقریباً ۳؍ ارب روپے) دینے کا فیصلہ کیا  ہے۔ اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو میسی پریمیر لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔ اس رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ میسی نے گارڈیالا سے بھی بات چیت کی ہے اور وہ ان سے رابطہ کرنا چاہیں گے۔ اسی دوران  بارسلونا کے منیجر رونالڈ کوئمن نے  دعویٰ کیا کہ میسی کلب کو نہیں چھوڑیں گے اور ان کے بغیر کھیلنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حتمی فیصلہ میسی کو کرنا ہے ، لیکن مجھے اور ٹیم کو امید ہے کہ وہ کلب  کے ساتھ رہیں گے۔
  لیونل میسی نے اب تک اپنی طرف سے کوئی بیان جاری نہیں کیاہے لیکن فٹبال کے پنڈت اور ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ اس سیزن کے بعد بارسلونا فٹبال کلب چھوڑسکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK