Inquilab Logo

انگلش پریمیر لیگ میں مانچسٹر سٹی کی چیلسی پرفتح اور مانچسٹر یونائٹیڈ پر ایسٹن ولا کی فتح

Updated: September 26, 2021, 7:17 AM IST | manchester

جیزس کے گول کی بدولت سٹی نے چیلسی کو صفر۔۱؍ سے شکست دے کر ۳؍پوائنٹس حاصل کئے

Manchester City`s Jesus Gabriel can be seen kicking the ball.Picture:PTI
مانچسٹر سٹی کے جیزس گیبرئیل گیند کو کک لگاتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں تصویرپی ٹی آئی

سنیچر کی شام انگلش پریمیرلیگ  (ای پی ایل) میں ہونےو الے میچ میں مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے چیلسی جیسی مضبوط ٹیم کو صفر۔۱؍ گول سے شکست دےدی۔  اس میچ میں دونوں کی جانب سے زبردست دفاعی کھیل کا مظاہرہ کیا گیا لیکن سٹی کے کھلاڑی جیزس نے موقع ملتے ہی حریف ٹیم کے خلاف گول کرکے اپنی ٹیم کو فاتح بنایا۔ 
 سنیچر کو ملنے والی فتح کے بعد مانچسٹر سٹی فٹبال کلب ٹیبل میں دوسرے نمبرپر آگیا ہے اور شکست کےبعد چیلسی کی ٹیم دوسری پوزیشن پر آگئی ہے۔ حالانکہ ان دونوں کے ۱۳۔۱۳؍ پوائنٹس ہیں لیکن گول فرق کی وجہ سے ان دونوں کی  پوزیشن  اوپر نیچے ہے۔ ٹاپ پوزیشن پر لیورپول فٹبال کلب ہے۔ 
 سنیچر کو ہونے والے میچ میں چیلسی کی جانب سے زبردست کوشش ہوئی لیکن اس کے اسٹار کھلاڑی رومیلو لوکاکو مانچسٹر کے کلب کے سامنے گول کرنے میں ناکام رہے۔ میچ کا پہلا ہاف بغیر گول کے ختم ہوا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں سٹی کے کھلاڑیوں  نے اپنے گھریلو میدان پر زبردست حملے شروع کئے اور حریف ٹیم پر دباؤ ڈالنا شروع کیا۔ اس دباؤ کے سبب چیلسی کے دفاع میں معمولی کمزوری آگئی  اور سٹی کے کھلاڑیوں نے اس کا پورا فائدہ اٹھایا۔ برازیل سے تعلق رکھنے والے جیزس گیبرئیل نے ۵۳؍ویں منٹ میں جوآؤ کینسیلو کی مدد سے ٹیم کا اہم گول کیا۔ اس گول کے بعد دونو ں جانب سے کوئی اور گول نہ ہوسکا اور سٹی نے اس میچ سے پورے ۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔ 
 اس سیزن میں چیلسی فٹبال کلب اب تک ناقابل شکست رہا تھا اور وہ نئے منیجر تھامس ٹیوکیل کی رہنمائی میں اچھاکھیل رہا تھا لیکن سنیچر کو اسے شکست کا سامنا کرناپڑا اور سٹی نے اسے ای پی ایل میں اس سیزن کی پہلی شکست سے دوچار کردیا۔مانچسٹر سٹی کے منیجر پیپ گارڈیالانے اپنی ٹیم کو فرنٹ فٹ پر رہنے کی ترغیب دی تھی۔ انہوں نے میچ کے بعد کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میری ٹیم کامیاب رہی۔ ہم نے بڑی ٹیموں کے خلاف ۳۔۳؍ پوائنٹس حاصل کرنے کا ہدف طے کیاہے۔    

 انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) میں سنیچر کو ایک طرف جہاں مانچسٹرسٹی کی فتح ہوئی وہیں دوسری طرف مانچسٹر یونائٹیڈ فٹبال کلب کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ ای پی ایل کے میچ اسے ایسٹن ولا کے ہاتھوں صفر۔۱؍ سے شکست برداشت کرنی پڑی۔ میچ کے آخری لمحات میں گول ہوا۔ اس میچ میں بھی کرسٹیا نورونالڈو کا جادو نہیں چل سکا اوروہ یونائٹیڈ کیلئے برابری کا گول کرنے میں ناکام رہے۔ 
 خیال رہے کہ اسی ہفتے مانچسٹر یونائٹیڈ کو لیگ کپ ٹورنامنٹ میں ویسٹ ہیم یونائٹیڈسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا  اور اس وقت بھی پوگبا، رونالڈو جیسے اسٹار کھلاڑی گول کرنے میں ناکام رہے تھے۔ اس شکست کے بعد مانچسٹر یونائٹیڈ کا کلب لیگ کپ کے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا تھا۔ 
 سنیچر کو ہونےوالے میچ کا فرسٹ ہاف بغیر گول کے ختم ہوا تھا۔ اس میچ کے فرسٹ ہاف میں یونائٹیڈ کے کھلاڑی اولڈ ٹریفورڈ کے میدان پر گول کرنے کیلئے جدوجہد کرتے رہے اورآخر تک ان سے گول نہیں ہوسکا۔ میچ کے دوسرے ہا ف میں بھی ایسٹن ولا نے دفاعی کھیل کو ترجیح دی اور اس نے یونائٹیڈ کے اسٹرائیکرس کو گول کرنے کے مواقع فراہم نہیں کئے۔ میچ کے آخری وقت میں ایسٹن ولا کی جانب سے ایک گول ہوا اور یہ گول ۸۸؍ویں منٹ میں کورٹنی ہاؤس نے ڈگلس لوئیز کی مدد سے کیا۔ یہی گول اس ٹیم کیلئے فیصلہ کن ثابت ہوا۔ حالانکہ کے انجری ٹائم کے تیسرے منٹ میں یونائٹیڈ کو ایک پنالٹی ملی تھی لیکن  پرتگال سے تعلق رکھنے والے کلب کے اسٹار کھلاڑی برونو فرنانڈیز نے اسے ضائع کردیا اور برابری کا موقع گنوا دیا۔ میچ کے آخر میں اسکور صفر۔۱؍گول  رہا۔ 
 اس میچ میں شکست کے بعد مانچسٹر یونائٹیڈ اب چوتھی پوزیشن پر آگیا ہے اور اس کے ۶؍میچوںمیں ۱۳؍پوائنٹس ہیں۔ یونائٹیڈ کی ٹیم گول فرق کی وجہ سے ٹیبل میں ٹاپ ۴؍ میں شامل ہے اور اس کی پوزیشن نمبر۴؍ ہے۔ ایسٹن ولا اس فتح کے بعد ٹیبل میں ۷؍ویں نمبرپر آگیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK