Inquilab Logo Happiest Places to Work

مانچسٹر ٹیسٹ :حتمی پلیئنگ ۱۱؍ کیلئے اب بھی کشمکش

Updated: July 19, 2025, 1:32 PM IST | Agency | London

ہندوستان کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈوسچیٹ کو امید ہے کہ۲۷؍ سالہ پنت صحت یاب ہو کر چوتھے ٹیسٹ میں کھیلیں گے۔

Team India players busy in practice. Photo: INN
ٹیم انڈیا کے کھلاڑی پریکٹس میں مصروف۔ تصویر: آئی این این

انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ سے پہلے طویل وقفے کے بعد ہندوستان کو اولڈ ٹریفورڈ میں ہونے والے میچ کے لیے اپنی حتمی پلیئنگ الیون کے حوالے سے اہم فیصلے کرنے ہیں۔ لارڈس میں ایک سخت مقابلے میں شکست کے بعد ۵؍ میچوں کی سیریز میں ۱۔۲؍ سے پیچھے چل رہی مہمان ٹیم کو وکٹ کیپر رشبھ پنت کی انگلی میں چوٹ لگنے سے ایک بڑا دھچکا لگا ہے۔
 ہندوستان کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین  ڈوسچیٹ کو امید ہے کہ۲۷؍ سالہ پنت صحت یاب ہو کر چوتھے ٹیسٹ میں کھیلیں گے۔ کوچ ریان نے کہا ’’وہ (پنت) ٹیسٹ سے پہلے مانچسٹر میں بیٹنگ کریں گے۔  مجھے نہیں لگتا کہ آپ رشبھ کو کسی بھی صورت ٹیسٹ سے باہر رکھ سکتے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا ’’تیسرے ٹیسٹ میں پنت نے خاصے درد کے ساتھ بلے بازی کی  ۔ وکٹ کیپنگ یقیناً اس بحالی کے عمل کا آخری مرحلہ ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ وکٹ کیپنگ کر سکیں۔ ہم دوبارہ اس صورتحال کا سامنا نہیں کرنا چاہتے کہ ہمیں اننگز کے دوران ہی وکٹ کیپر کو بدلنا پڑے۔‘‘لارڈس میں انگلینڈ کی پہلی اننگز کے دوران چوٹ لگنے کے بعد پنت نے دونوں اننگز میں بلے بازی کی لیکن وکٹ کیپنگ نہیں کر سکے۔ ان کی جگہ دھروو جوریل کو وکٹ کیپنگ کے لیے میدان میں اتارا گیا۔ کوچ نے مزید کہا، ’’جوریل کا نام بھی زیر غور ہے، لیکن میرا مطلب ہے کہ اگر رشبھ فٹ ہوتے ہیں تو وہ اگلا ٹیسٹ کھیلیں گے اور دونوں ذمہ داریاں نبھائیں گے۔‘‘ 

مانچسٹر کے اولڈٹریفورڈ پر ریکارڈ 
 ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا چوتھا میچ ۲۳؍ جولائی سے مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں مانچسٹر کرکٹ گراؤنڈ پر ہندوستان کا ریکارڈ زیادہ اچھا نہیں رہا ہے۔ ٹیم نے اب تک یہاں ایک بھی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا ہے۔ مانچسٹر کا اولڈ ٹریفورڈ کرکٹ گراؤنڈ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیے کبھی اچھا نہیں رہا۔ ہندوستان نے یہاں انگلینڈ کے خلاف۹؍ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ حیران کن طور پر ہندوستان ایک بھی میچ نہیں جیت سکا۔ یہاں جیت کا انتظار ہندوستان کے لیے بہت طویل ہے، جو۸۹؍سال سے جاری ہے۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان یہاں کھیلے گئے۹؍ میچوں میں سے ہندوستان  کو ۴؍ بار شکست ہوئی ہے جبکہ۵؍ میچ ڈرا ہوئے ہیں۔ یہ ریکارڈ ہندوستانی کرکٹ کے لیے ایک بڑا چیلنج  ہے۔ 

بمراہ کو اگلے دونوں ٹیسٹ میچ کھیلنے چاہئیں : انل کمبلے
سابق ہندوستانی لیگ اسپنر انل کمبلے کا کہنا ہے کہ تیزگیندباز جسپریت بمراہ کو سیریز کے آخری دو ٹیسٹ میچ ضرور کھیلنے چاہئیں۔
 ہندوستان  اور انگلینڈ کے درمیان چوتھے ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل مانچسٹر میں جیو ہاٹ اسٹار کے ماہر انل کمبلے اور ہندوستان  کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین  نے جیو ہاٹ اسٹار کے شو ’’فالو دی بلیوز‘‘ میں ٹیم سلیکشن پر گفتگو کی اور کھلاڑیوں کی انجری کے بارے میں اپ ڈیٹ دی۔ جسپریت بمراہ کی دستیابی، محمد سراج کی فٹنیس اور رشبھ پنت کی ریکوری ٹائم لائن تک دونوں نے ٹیم کی ذہنیت اور حکمتِ عملی پر بھی بات کی کیونکہ سیریز اب آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔’’فالو دی بلیوز‘‘ پر بات چیت کرتے ہوئے کمبلے نے باقی ماندہ ٹیسٹ میچوں کے لیے جسپریت بمراہ کی دستیابی کی اہمیت پر زور دیاا۔کمبلے نے کہا کہ  ’’میں یقینی طور پر بمراہ کو اگلا میچ کھیلنے کی ترغیب دوں گا کیونکہ یہ بہت اہم ہے۔ اگر وہ نہیں کھیلتے اور ہندوستان  یہ ٹیسٹ ہار جاتا ہے تو پھر سمجھ لیں کہ سیریز ختم ہو جائے گی۔ بمراہ کو باقی دونوں ٹیسٹ میچ کھیلنے چاہئیں۔ ہاں، انہوں نے پہلے کہا تھا کہ وہ صرف تین میچ کھیلیں گے، لیکن اس کے بعد لمبا وقفہ ہے۔ اگر انہیں آرام کی ضرورت ہو تو وہ گھریلو سیریز سے باہر رہ سکتے ہیں۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK