Inquilab Logo

مانچسٹرٹیسٹ :ووکس اور بٹلر نے پاکستان کے منہ سے جیت کا نوالہ چھین لیا

Updated: August 10, 2020, 10:18 AM IST | Agency | England

انگلینڈ نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو ۳؍وکٹ سے شکست دےدی۔ووکس ، بٹلر کی نصف سنچریاں۔دونوں کے مابین مضبوط ساجھیداری۔ انگلینڈ سیریز میں صفر۔ ایک سے آگے

Butler and Woakes - Pic : PTI
بٹلر اور ووکس ۔ تصویر : پی ٹی آئی

مانچسٹر ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی۔ انگلش ٹیم نے پاکستان کا۲۷۷؍ رن کا ہدف چوتھے دن ہی ۷؍ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
  انگلش ٹیم نے کھیل کے چوتھے ہی روز پاکستانی ٹیم کا دیا گیا۲۷۷؍ رن کا ہدف۷؍ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ اپنے نام کرلیا۔ فتح میں اہم کردار ووکس اور جوس بٹلر نے ادا کیا جنہوں نے بالترتیب ۸۴؍ اور۷۵؍ رن اسکور کئے جبکہ ووکس ناٹ آؤٹ رہے۔
 انگلش کھلاڑیوں میں پہلا وکٹ۲۲؍ رن پر برنس کا گرا، برنس نے۱۰؍ رن بنائے اور محمد عباس نے انہیں ایل بی ڈبلیو کردیا۔ سیبلی نے ۱۱۴؍ گیندوں پر۳۶؍رن اسکور کئے تاہم وہ یاسر شاہ کی گیند پر اسد شفیق کو کیچ دے بیٹھے۔ ۹۶؍ کے اسکور پر انگلینڈ کی تیسری وکٹ گری، نسیم شاہ کی گیند پر جوروٹ بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر۴۲؍ رن پر پویلین لوٹ گئے۔ یاسر شاہ نے چوتھے نمبر کے کھلاڑی بین اسٹوکس کو نشانہ بنایا۔ اسٹوکس رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جو کہ۹؍ رن بناسکے۔ ٹیم کے۱۱۷؍ رن پر ۵؍واں وکٹ اولے پوپ کاگرا جو۷؍ رن پر شاہین آفریدی کی گیند پر شاداب خان کے ذریعے کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد جوزف بٹلر آئے جو۷۵؍ رن کا بڑا اسکور کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی اسکور ۲۵۶؍رن پر لے گئے۔ انہیں یاسر شاہ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
 براڈ۷؍ رن بناسکے اور یاسر شاہ کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ بٹلر کے بعد کرس ووکس آئے اور چھا گئے، انہوں نے ۱۲۰؍ گیندوں پر دھواں دھار ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ۸۴؍ رن اسکور کرکے ٹیم کو فتح دلائی۔ قبل ازیں پاکستان کو دوسری اننگز میں ۱۰۷؍رن کی برتری ملی لیکن بدقسمتی سے دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ثابت ہوئی اور کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکا اورپوری ٹیم ۱۶۹؍رن پر پویلین لوٹ گئی۔
  انگلینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں۲۱۹؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی جانب سے اولے پوپ۶۲؍ اور جوس بٹلر۳۸؍ رن بناکر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ پاکستان کے سب سے کامیاب گیندباز یاسر شاہ رہے جنہوں نے۴؍ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اس کے علاوہ شاداب اور عباس نے ۲۔۲؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK