Inquilab Logo

مانچسٹر یونائٹیڈ نے روماکو ۲۔۶؍ سے روند دیا

Updated: May 01, 2021, 3:42 PM IST | Agency | Manchester

یوروپا لیگ کے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں انگلش کلب کی شاندار فتح۔ فائنل کی طرف پہلاقدم ۔کوانی اور برونو کے ۲۔۲؍گول

Manchester United star Edinson Cavani scored two goals in the match..Picture:INN
مانچسٹر یونائٹیڈ فٹبال کلب کے اسٹار کھلاڑی ایڈنسن کوانی نے میچ میں ۲؍گول کئے۔تصویر :پی ٹی آئی

 انگلش پریمیرلیگ کے کلب مانچسٹر یونائٹیڈ نے جمعرات کی دیررات شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے  اٹلی کے فٹبال کلب روما کو ۲؍ کے مقابلے ۶؍گول سے شکست دی۔ یوروپا لیگ کے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں اس کے کھلاڑیوں نے دوسرے ہاف میں قابل تعریف کارکردگی کامظاہرہ کیا۔یونائٹیڈ کے کھلاڑیوں نے میچ کے دوسرے ہا ف میں حریف ٹیم کو زبردست نشانہ بنایا۔ اس فتح کے بعد یونائٹیڈ نے یوروپا لیگ کے فائنل کی طرف پہلا قدم بڑھا دیا ہے۔ اس کا اگلا مقابلہ روم میں ہوگا جہاں روما اس کی میزبانی کرے گا۔
 ۱۴؍سال قبل روما کو چمپئن لیگ کے میچ میں ۱۔۷؍ سے شکست کا سامنا کرناپڑا تھا اور اس کے بعد جمعرات کی رات اسے ۲۔۶؍گول سے ہزیمت برداشت کرنی پڑی۔ سیمی فائنل  کے ہاف ٹائم تک روما کی ٹیم ایک۔۲؍ سے آگے تھی لیکن میچ کے دوسرے ہاف میں یونائٹیڈ کے کھلاڑیوں نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور اسے اپنے حق میں کرلیا۔ 
 میچ کا پہلا گول یونائٹیڈکے اسٹار برونو فرنانڈیس نے ۹؍ویں منٹ میں ایڈنسن کوانی کی مدد سے کیا۔ اس کے بعد روما کو ایک پنالٹی ملی اور ۱۵؍ویں منٹ میں لورینزو پلیگرینی نے گول کرکے اسکور ایک ایک کردیا۔ ۳۴؍ویں منٹ میں لورینزو کے کراس پاس کو ایڈین زیکو نے ہلکاسا پیرلگاتےہوئے گیند کو جال میں پھنسادیا اور اسکور ایک ۔۲؍ کردیا۔ فرسٹ ہاف تک اسکور ایک۔۲ ؍رہا۔  میچ کے دوسرے ہا ف میں میچ پلٹ گیا تھا۔ ۴۸؍ویں منٹ میں ایڈنسن کوانی نے برونو کے پاس پر ٹیم کیلئے برابری کا گول کیا۔ ۶۴؍ ویں منٹ میں کوانی  نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسر ا گول کیا۔  اس کے بعد یونائٹیڈ کو ایک پنالٹی ملی اور اس پر برونو نے گول کرکے اپنا دوسرا گول مکمل کیا اور ٹیم کو ۲۔۴؍ کی برتری دلائی۔ ٹیم کے اسٹار پال پوگبا بھی پیچھے نہیں رہے اور انہوں نے  ۷۵؍ویں منٹ میں برونو کے پاس پرایک بہترین گول کرکے اسکور ۲۔۵؍ کردیا۔ یونائٹیڈ نے ۵؍گول پر اکتفا نہیں کیا بلکہ میچ کے ۸۶؍ ویں منٹ میں میسن گرین ووڈ نے کوانی کی مدد سے ٹیم کا چھٹا گول کردیا اور اسکور ۲۔۶؍ کردیا۔ اسی اسکورپر میچ کا اختتام ہوا۔
 میچ کے بعد یونائٹیڈ کے منیجر اولے گنر سولشائر نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ ابھی کام مکمل ہوگیا۔ ہم نے روما کے خلاف اچھا کام کیاہے۔ ابھی سیمی فائنل کا دوسرا مرحلہ باقی ہے اور ہمیں اس میں اچھی کارکردگی کامظاہرہ کرنا ہے۔ روما فٹبال کلب بہت اچھا ہے اور وہ اپنے میدان پر جوابی حملہ کرسکتاہے۔ انہوںنے کہاکہ روما کو ہم کمزور حریف سمجھنے کی غلطی نہیں کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ میں ایڈنسن کوانی کے کھیل سے متاثر ہوں اور روما کے سامنے بہت اچھا کھیلا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK