Inquilab Logo

ای پی ایل میں ایسٹن ولا کو شکست دے کرمانچسٹریونائٹیڈ نےلیورپول کی برابری کرلی

Updated: January 03, 2021, 3:18 PM IST | Agency | Manchester

انگلش پریمیرلیگ میں یونائٹیڈ نے ایسٹن ولا کو ایک ۔۲؍ سے شکست دی۔ پوائنٹ ٹیبل میں لیورپول کے برابر۔برونو نے پنالٹی پر گول کیا۔ایک گول انتھونی مارشل نے کیا

Manchester
مانچسٹر یونائیڈ کے کھلاڑی برونو فرنانڈیس (۱۸؍نمبر)کو پنالٹی پر گول کرتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے

:برونو فرنانڈیس کے ذریعہ پنالٹی پر کئے جانے والے گول کی بدولت  مانچسٹر یونائٹیڈ نے ایک بار پھر خوش قسمتی سے انگلش پریمیرلیگ (ای پی ایل)میں میچ جیت لیا اور اس نے پوائنٹ ٹیبل میں لیورپول فٹبال کلب کی برابری کرلی۔مانچسٹر یونائٹیڈ نے اپنے گھریلومیدان پر ایسٹن ولا کو ایک۔۲؍ سے شکست دےدی۔
 جمعہ کی دیر رات ہونےو الے میچ میں بھی مانچسٹر یونائٹیڈ کی ٹیم جدوجہد کرتی ہوئی نظر آئی۔ ٹیم کا پہلا گول فرسٹ ہاف کے اختتام سے ۵؍منٹ قبل ہوا۔ ۴۰؍ویں منٹ میں انتھونی مارشل نے ایرون وین بساکا کے پاس پر مانچسٹر یونائٹیڈ کو اولڈ ٹریفورڈ کے میدان پر صفر۔ ایک کی برتری دلائی۔ اس کے بعد فرسٹ ہاف میں کوئی گول نہیں ہوسکا۔ 
 میچ کے دوسرے ہاف میںایسٹن ولا نے بھی اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور یونائٹیڈ کو اس کے ہی میدان پر جدوجہد کرنے پر مجبور کر دیا۔ ۵۸؍ویں منٹ میں بارٹرینڈ ٹرور نے ایک اچھا گول کرتے ہوئے اسکور ایک ایک سے برابر کردیا۔ یہ گول کرنےمیں ان کی مدد جیک گریلش نے کی۔ یہ گول ہونے سے یونائٹیڈ کے خیمے میں مایوسی چھا گئی لیکن یہ زیادہ دیر باقی نہ رہی کیونکہ یونائٹیڈ کو ایک پنالٹی ملی اور اس کے کھلاڑی برونو فرنانڈیس نے اس پنالٹی کو گول میں تبدیل کرکے اپنی ٹیم کو ایک۔۲؍ کی برتری دلائی جو کہ میچ کے ختم ہونے تک برقرار رہی۔ میچ کی آخری وہسل پر اسکور ایک۔۲؍ رہا اور یونائٹیڈ کو ۳؍پوائنٹس مل گئے۔ 
 اس فتح کے بعد پوائنٹ ٹیبل میں یونائٹیڈ لیورپول کے برابر ہے۔ لیورپول کے ۱۶؍ میچوں میں ۳۳؍پوائنٹس ہیں  اور اب مانچسٹر یونائٹیڈ کے بھی اتنے ہی میچوں میں۳۳؍ پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ گول فرق کی وجہ سے یونائٹیڈ دوسرے نمبرپر ہے اور لیورپول ٹاپ پوزیشن پر ہے۔
 برونو ۱۱؍ماہ قبل یونائٹیڈ میں شامل ہوئے تھے اور انہوںنے پنالٹی پرگول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی تھی۔ جمعہ کو بھی انہوں نے ایک بار پھر ایسا ہی کرتے ہوئے پنالٹی پرگول کر کے اپنی ٹیم کو فاتح بنایا۔ یونائٹیڈ اس وقت دوسری پوزیشن پر ہے لیکن اس کیلئے یہ مقام پر برقرار رہنا آسان نہیں ہے۔ 
 یونائٹیڈ ۲۰۱۳ء کے بعد پہلی بارانگلش پریمیر لیگ کا خطاب جیتنے کا خواب دیکھ رہا ہے اور اس کے منیجر اولے گنرسولشائر ا س فتح کے بعد بہت خوش ہیں۔ انہوں نے سال کے پہلے میچ میں یونائٹیڈکو فاتح بنایا ہے۔ خیال رہے کہ ۸؍سال قبل مانچسٹر کے کلب کے لیجنڈ منیجر الیکس فرگیوسن نے سبکدوشی اختیار کی تھی اور تب سے کلب ای پی ایل کا خطاب جیتنے کیلئے جدوجہد کررہاہے لیکن اسے اب تک کامیابی نہیں ملی ہے۔ ۲۰۲۱ء میں یونائٹیڈ نے اچھا آغاز کیا ہے۔الیکس فرگیوسن کے بعد ۲۰۱۸ء میں یونائٹیڈ نے اچھی کارکردگی پیش کی تھی اور ٹیبل میں دوسرے نمبرپر رہی تھی۔ وہ مانچسٹر سٹی سے ۱۹؍پوائنٹس پیچھے تھی۔ سولشائر کی رہنمائی میں کھیلتے ہوئے یونائٹیڈکی ٹیم ۲۰۲۰ء میں لیورپول سے ۲۰؍پوائنٹس پیچھے تھی ۔ امید ہے کہ اس سیزن میں ٹیم بہتر کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔ 
 مانچسٹر یونائٹیڈفٹبال کلب کے منیجر سولشائرنے کہا’’جب آپ ایک سال پیچھے دیکھتے ہیں تو آپ کو ٹیم میں کافی فرق نظر آتا ہے ۔ٹیم  اچھی پوزیشن پرہے لیکن ہمیں اپنے کھیل میں بہتری کی ضرورت ہے کیونکہ سیزن ختم ہونے میں ابھی وقت ہے اور کوئی بھی ٹیم الٹ پھیر کرسکتی ہے۔‘‘ یونائٹیڈ میں برونو کی شمولیت سے اچھا فرق پیدا ہوا ہے لیکن اس کے مہنگے ترین کھلاڑی پال پوگبا اب بھی ٹیم کیلئے کچھ خاص نہیں کرپائے ہیں۔ اس کے متعلق سولشائر نے بتایا’’وہ جسمانی طورپر ہمارے ساتھ رہتے ہیں یہی ہمارے لئے اہم ہے کیونکہ ان کی ٹیم میں موجودگی ہمارے لئے بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ اب ہمارے لئے اگلے مقابلے بہت اہم ہوں گے کیونکہ اس وقت سبھی کھلاڑی اچھے فارم میں ہیں اور میں چاہوں گا کہ وہ ایسی ہی کارکردگی دیگر میچوں میں بھی کرتے رہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK