Inquilab Logo

کورونا سے مانچسٹر یونائٹیڈ فٹبال کلب کو۲؍کروڑ ۸۰؍ لاکھ پاؤنڈ کا نقصان

Updated: May 23, 2020, 5:02 AM IST | Manchester

کلب کے مالیاتی معاملات کے سربراہ کلف میٹی نے کہا کہ اگر لیگ کا سیزن مکمل ہو گیا تو بھی ٹی وی ریونیو کی مد میں ۲؍ کروڑ پاؤنڈ کا نقصان ہو گا۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

معروف انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونائٹیڈ نے کہا کہ کورونا وائرس کے سبب انہیں اب تک۲؍کروڑ ۸۰؍لاکھ پاؤنڈ کا نقصان ہوچکا ہے اور اس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ انگلش پریمیر لیگ کے کلب۱۴۲؍برس پرانے کلب مانچسٹر یونائٹیڈ نے تیسری سہ ماہی کے نتائج افشا کئے جس میں بڑے پیمانے پر نقصان ظاہرکئے گئے اور آئندہ سہ ماہی میں مزید بڑے نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ کلب کے مالیاتی معاملات کے سربراہ کلف میٹی نے کہا کہ اگر انگلش پریمیر لیگ کا سیزن مکمل ہو گیا تو بھی ٹی وی ریونیو کی مد میں ۲؍ کروڑ پاؤنڈ کا نقصان ہو گا جبکہ مارچ کے ۳؍ ہفتوں میں کلب کے ۹؍ میچ ملتوی ہونے سے کلب کو اضافی۸۰؍لاکھ پاؤنڈ کا نقصان ہوا۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے مانچسٹر یونائٹیڈ کے کُل۱۱؍میچ ملتوی ہوئے ہیں ۔
 میٹی نے کہا کہ وبا کی وجہ سے یوروپا لیگ اور ایف اے کپ کے میچ ملتوی ہونے کی وجہ سے اسپانسرشپ کی مد میں بھی کلب کو مالی خسارہ ہوا ہے جبکہ اولڈ ٹریفورڈ میں کلب کا اسٹور بند ہونے سے ریٹیل سیل پر بھی فرق پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ نقصان میچ والے دن کے رینیو پر پڑا ہے کیونکہ یہ بات صاف ظاہر ہے کہ آنے والے طویل عرصے تک مستقبل میں اسٹیڈیم میں میچ تماشائیوں کے بغیر کھیلے جائیں گے۔
 مانچسٹر یونائٹیڈ نے یہ تو واضح نہیں کیا کہ انہیں کورونا وائرس کی وجہ سے مجموعی طور پر کتنا نقصان ہوا ہے اور کتنا متوقع ہے لیکن کلب کے ایگزیکٹیو وائس چیئرمین ایڈ ووڈ ورڈ نے کہا کہ سب سے زیادہ بوجھ رواں سہ ماہی پر پڑے گا جو ۳۰؍ جون کو ختم ہو گی۔انہوں نے کہا کہ تیسری سہ ماہی کے نتائج صرف جزوی نقصان کی جانب اشارہ کر رہے ہیں لیکن سب سے زیادہ اثر رواں سہ ماہی بلکہ ممکنہ طور پر اس کے بعد بھی پڑے گا۔
 ووڈ ورڈ نے کہا کہ ہمارے ریونیو میں ۱۸ء۷؍فیصد کمی واقع ہوئی ہے جبکہ کلب کا قرض۱۲؍کروڑ۴۴؍لاکھ پاؤنڈ سے بڑھ کر ۴۲؍ کروڑ۹۹۰؍ لاکھ پاؤنڈ پر ہو گیا ہے۔انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ صرف۱۵؍مارچ کو شیڈول ٹوٹنہم کے خلاف میچ نہ ہونے سے ہمیں ۴۰؍ لاکھ پاؤنڈ کا نقصان ہوا۔ ایگزیکٹیو وائس چیئرمین نے مزید کہا کہ اس طرح کے حالات کی ہمیں مثال نہیں ملتی اور ہمیں یہ تسلیم کرنا ہو گا کہ یہ بحران راتوں رات ختم نہیں ہو گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK