Inquilab Logo

چیلسی سے ڈرا کے بعد مانچسٹر یونائٹیڈ کی خطاب کی امید کو دھچکا

Updated: March 02, 2021, 1:20 PM IST | Agency | London

ای پی ایل میں چیلسی اور یونائٹیڈ کا مقابلہ بغیر گول کے ڈرا۔یونائٹیڈ کا مانچسٹر سٹی سے ۱۲؍ پوائنٹس کافرق۔ چیلسی کی ٹاپ ۴؍میں پہنچنے کیلئے جدوجہد

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) میں اتوار کی را ت ہونے والے میچ میں چیلسی فٹبال کلب اور مانچسٹر یونائٹیڈ کے درمیان مقابلہ بغیرگول کے ڈرا ہوگیا۔ یہ میچ چیلسی کے میدان پر کھیلا گیا تھا اور میزبان فٹبال کلب نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ اس ڈرا کے بعد یونائٹیڈ کی خطاب کی امید کو دھچکا لگا ہے اور وہ ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن پر موجود مانچسٹر سٹی فٹبال کلب سے ۱۲؍پوائنٹس پیچھے ہے۔  منیجر اولے گنر سولشائر کی ٹیم یونائٹیڈ نے ۱۲؍میچوں میں کامیابی کے بعد ای پی ایل میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی اور ایسا محسوس ہورہا تھا کہ وہ ۸؍برس کے بعد خطا ب اپنے نام کرلے گی۔ لیکن ناقص کارکردگی کے سبب اس کے پوائنٹس کی تعداد مسلسل کم ہورہی ہے اور وہ اب نمبر۲؍پوزیشن پر ہے۔ جنوری کے بعد سے یونائٹیڈ نے صرف ۳؍میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جس کی وجہ سے ٹیبل پر سٹی کا کنٹرول ہو گیا ہے۔ سٹی کی ٹیم مسلسل حملےکررہی ہے اور کامیابی حاصل کررہی ہے جس کی  وجہ سے وہ ٹاپ پر برقرار ہے اور یونائٹیڈ کی ٹیم پیچھے ہورہی ہے۔  میچ کے بعد یونائٹیڈ کے دفاعی کھلاڑی لیوک شا نے کہا ’’دونوں ٹیمیں خود کو محفوظ رکھنا چاہتی تھیں اس لئے دفاعی کھیل پر توجہ دی گئی۔ ‘‘ انہو ںنے مزید کہا’’مجھے نہیں لگتاکہ ہم نے گول کرنے کے  بہت زیادہ مواقع بنائے۔اب ہمیں فتح کی ضرورت ہے کیونکہ پوائنٹ کا فرق بڑھتا جارہا ہے۔ ‘‘ یونائٹیڈ کی ٹیم اس وقت ای پی ایل میں دوسرے نمبرپر ہے اور مانچسٹر سٹی نے ویسٹ ہیم یونائٹیڈ کو شکست دے کر پوائنٹس کے فرق کو ۱۲؍ کردیاہے۔دوسری طرف ویسٹ ہیم چیلسی کو پیچھے کرکے چوتھے نمبرپر ہے۔ چیلسی ۵؍ویں نمبر پر ہے۔ دونوں کے درمیان ایک پوائنٹ کا فرق ہے۔ تھامس ٹیوکل کی رہنمائی میں چیلسی کی ٹیم گزشتہ ۲؍ماہ سے ناقابل شکست رہی ہے   اس کے باوجود مغربی لندن کے کلب کو یوئیفا چمپئن لیگ کے اگلے سیزن میں براہ راست کوالیفائی کرنے کیلئے ٹاپ ۴؍ میں شامل ہونا ہے اوراس کیلئے اسے ویسٹ ہیم کو پیچھے کرنا ہوگا۔ 
 یونائٹیڈ کا منشا ہے کہ وہ ٹیبل میں ٹاپ۴؍ میں برقرار رہے لیکن لیگ کی  ۶؍مضبوط ٹیموں کے سامنے اس کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ اس کے کھلاڑیوںنے ان کلب کے سامنے گول نہیں کیا ہے۔ سٹی ، آرسنل، ٹوٹنہم، لیورپول اور چیلسی کے سامنے اس کی کارکردگی اچھی نہیں رہی ہے۔ 
 یونائٹیڈکے منیجر سولشائرنے کہا ’’ہم اچھا نہیں کھیل رہے ہیں۔ ٹیم کااگلا ہدف کامیابی حاصل کرنا ہوگا۔‘‘گنرسولشائر نے شکایت کرتے ہوئے کہا ’’ریفری نے ہمیں ۲۔۳؍ پنالٹی نہیں دیں جس کی وجہ سے میچ کا نقشہ کچھ اور ہوسکتا تھا۔ ہمارے کھلاڑی ہیری ماگیرے  نے ریفری پر پنالٹی دینےکیلئے دباؤ ڈالا تھا لیکن انہوں نے انکار کردیا۔ بہرحال میں ٹیم کی کارکردگی سے خوش ہوں اور امید کرتاہوںکہ اگلا ہمارے لئے اچھا ہوگا ۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK