Inquilab Logo

مانچسٹر یونائٹیڈ کا لیگ کپ میں سفر ختم،ویسٹ ہیم نے ہرادیا

Updated: September 24, 2021, 2:17 PM IST | Agency | London

کرسٹیانو رونالڈو ، پال پوگبا اور رافیل و رانے جیسے اسٹار کھلاڑیوں کے بغیر اترنے والی ٹیم کو ویسٹ ہیم نے ایک صفر سے شکست دے دی

Manchester United players were in despair after the defeat at the hands of West Ham..Picture:INN
ویسٹ ہیم کے ہاتھوں ملنے والی شکست کے بعد مانچسٹر یونائٹیڈکے کھلاڑی مایوسی میں ڈوبے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

ء ۲۰۱۷ ء کے بعد انگلینڈ کی لیگ کپ کو ایک بار پھر حاصل کرنے کی دوڑ سے اب مانچسٹر یونائٹیڈ کی ٹیم باہر ہوگئی ہے۔اس ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ میں مانچسٹر یونائٹیڈ کو ویسٹ ہیم یونائٹیڈ کے ہاتھوں ایک صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس میچ میں کرسٹیانو رونالڈو،پال پوگبا اور رافیل ورانے جیسے اسٹار کھلاڑی مین یو ٹیم کےلئے نہیں کھیل رہے تھے جس کا خمیازہ ٹیم کو شکست کی شکل میں اٹھانا پڑا۔ یاد رہے کہ گزشتہ مقابلے میں اتوار کو مانچسٹر یونائٹیڈ نے انگلش پریمیر لیگ میں رونالڈو اور پوگبا کی موجودگی کے سبب کامیابی حاصل کی تھی۔لیگ کے اہم مقابلے میں اسٹار کھلاڑیوں کو شامل نہ کرنےکا فیصلہ ٹیم کے منیجر اولے گنر کو مہنگا پڑا۔
 مانچسٹر یونائٹیڈ نے گھریلو میدان لندن کے اولڈ ٹریفورڈ پر میچ کے پہلے ہاف میں جیڈان سانچو،جیسی لنگارڈ جیسے کھلاڑیوں نے میچ پر قابو پانے کی کوشش کی۔اسی درمیان میچ کے ۹؍ویں منٹ ویسٹ ہیم کے کھلاڑی مینوئل لنزینی نے مانچسٹر یونائٹیڈ کی دفاعی صف کو ناکارہ بناتے ہوئے شاندار گول کردیا اور اپنی ٹیم کو ایک صفر سے آگے کردیا۔پہلے ہاف تک ویسٹ ہیم کی برتری برقرار رہی۔
 دوسرے ہاف میں ویسٹ ہیم نے اپنی دفاعی صف کو مزید مضبوط کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو گول کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔برابری کا گول حاصل کرنے کی کوشش میں منیجر گنر نے دوسرے ہاف میں ۳؍تبدیلیاں کیں مگر اس کا فائدہ ٹیم کو نہیں مل سکا۔مانچسٹر یونائٹیڈ نے میچ کے دوران گول کرنے کی ۲۷؍مرتبہ کوشش کی لیکن ہر بار اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔اس شکست کے ساتھ ہی مانچسٹر یونائٹیڈ کا لیگ کپ میں سفر ختم ہوگیا۔ چوتھے راؤنڈ میں ویسٹ ہیم کا مقابلہ مانچسٹر سٹی سے ہوگا جو ۴؍بار کی چمپئن ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK