Inquilab Logo

نیوزی لینڈ کیخلاف مینک اگروال بنے ٹیم انڈیا کی ڈھال

Updated: December 04, 2021, 12:52 PM IST | Agency | Mumbai

ممبئی ٹیسٹ میں ہندوستان نے بحران سے نکلتے ہوئے پہلے دن ۴؍وکٹ پر ۲۲۱؍رن بنائے۔ مینک اگروال ۱۲۰؍رن بناکر کریز پر ڈٹے ہوئے ہیں

Mayank Agarwal .Picture:INN
مینک اگروال ۔ تصویر: آئی این این

سلامی بلے باز مینک اگروال (۱۲۰؍ رن) کی سنچری کی بدولت ہندوستانی کرکٹ ٹیم ۴؍بڑے وکٹ گنوانے کے باوجود جمعہ کو ممبئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل   ختم ہونے تک۲۲۱؍ رن بنانے میں کامیاب رہی۔
  فی الحال مینک کے ساتھ وکٹ کیپر بلے باز ردھیمان ساہاکریز پر ہیں، جو۲۵؍ رن پر کھیل رہے ہیں۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان ۵؍ویں وکٹ کے لیے۶۱؍ رن کی شراکت  ہوچکی ہے۔ مینک نے شاندار۱۲۰؍ رن  بنائے ہیں۔  ہندوستان  اب تک شبھمن گل، چتیشور پجارا، وراٹ کوہلی اور شریس کی شکل میں ۴؍اہم  وکٹ گنوا چکا ہے۔ یہ تمام وکٹ  لیفٹ آرم اسپنر اعجاز پٹیل نے لئے ہیں جو گزشتہ میچ میں بھی اچھے نظر آرہے تھے اور ۴؍ وکٹ لینے میں کامیاب رہے تھے۔
 ہندوستان نے میچ کا آغاز اچھا کیا۔ ٹیم انڈیا کے اوپنرس مینک اور شبھمن نے اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ کے لیے۸۰؍ رن کی اہم شراکت کی۔ ایک بھی وکٹ گنوائے بغیر ۸۰؍ رن جیسی اچھی صورتحال سے ہندوستان اچانک مصیبت میں پڑگیا جب اس کے ۳؍ وکٹ گر گئے۔۲۸؍ویں اوور میں میچ کارخ پلٹا، جب شبھمن گل نے پچھلے اوور میں ولیم سومرویل کی طرح اعجاز پٹیل کو جارحانہ انداز میں کھیلناچاہا، لیکن بدقسمتی سے وہ سلپ پر کیچ ہو گئے۔ اس کے بعد اعجاز پٹیل نے اپنے اگلے اوور میں پجارا اور کپتان وراٹ کوہلی کو نشانہ بنایا۔ تاہم  وراٹ کوہلی  کاایل بی ڈبلیو دن بھر سوالوں کے گھیرے میں رہا۔ سوشل میڈیا پران کے آؤٹ ہونے کاایک ویڈیو سامنے آیا، جس میں نظرآیا کہ گیند پہلے بلے کو چھو رہی ہے، پھر بھی ہندوستانی امپائر وریندرشرما کے ذریعہ وراٹ کو آؤٹ قراردیا گیا۔ اس پر انہیں کافی ٹرول کیا گیا۔
  ۴؍ بڑے وکٹ گرنے کے بعد مینک نے پچھلے میچ کے ہیرو شریس ایّر کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی اور وہ اس میں کافی حد تک کامیاب رہے۔ دونوں کے درمیان چوتھے وکٹ کے لیے۸۰؍ رن کی اہم شراکت ہوئی، لیکن میچ کے ۴۸؍ ویں اوور میں اعجاز نے شریس کو بھی اپنی اسپن میں پھنسایا۔۱۶۰؍رن  کے اسکور پر شریس کی شکل میں ہندوستان کا چوتھا بڑاوکٹ گرا۔ وہ صرف  ۱۸؍ رن بنا سکے۔انہوںنے ۴۱؍گیندوں کا سامنا کیا اور ۳؍چوکے لگائے۔ 
  مینک اگروال دوسرے سرے پر جمے رہے اور پھر ردھیمان ساہا کے ساتھ اننگز کوآگے بڑھایا۔ وہ ساہا کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے۶۱؍ رن کی شراکت کرچکے ہیں۔ ہندوستان  نے جمعہ کو پہلے دن مجموعی طور پر۷۰؍ اوور کھیلے اور ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر۲۲۱؍ رن بنائے۔ نیوزی لینڈ کے لیے اعجاز پٹیل کے علاوہ دیگر بولرس آج جدوجہد کرتے ہوئے نظر آئے۔ گزشتہ میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے ٹم ساؤدی کو ایک بھی وکٹ نہیں ملا۔
 قابل ذکر ہے کہ بارش کی وجہ سے میدان گیلا ہونے کے سبب جمعہ کو ٹاس میں تاخیر ہوئی۔ ٹاس ساڑھے ۱۱؍ بجے  ہوا اور  میچ۱۲؍ بجے شروع ہوا۔ کھیل کا آغاز براہ راست دوسرے سیشن سے ہوا۔ بارش کی وجہ سے جمعہ کو۷۸؍ اوورس کا شیڈول تھا لیکن صرف۷۰؍ اوورس کروائے گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK