Inquilab Logo

پی ایس جی کیلئے میسی کا پہلا گول

Updated: September 30, 2021, 1:46 PM IST | Agency | Paris

چمپئن لیگ میں پی ایس جی نے مانچسٹر سٹی کو صفر۔۲؍ سے ہرا دیا۔ میسی نے قابل تعریف گول کیا

Lionel Messi .Picture:INN
لیونل میسی۔ تصویر: آئی این این

 لیونل میسی کے شاندار گول کی بدولت پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی )نے مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کو چمپئن لیگ کے لیگ راؤنڈ کے میچ میں صفر۔۲؍ سے شکست دے دی۔ اس گول کے ساتھ ہی لیونل میسی نے پی ایس جی میں اپنے گول کا کھاتہ کھول لیاہے۔ انہوں نے اپنی  الیکٹرک اسکل کی مدد سے  مانچسٹر سٹی کے خلاف گول کیا۔  منگل کی رات ہونے والے چمپئن لیگ کے میچ میں انہوں نے اپنے سابقہ کلب بارسلونا کے سابقہ منیجر پیپ گارڈیالا کو شکست کا مزہ چکھایا ۔ ایک وقت تھا جب بارسلونا میں منیجرپیپ گارڈیالا اور لیونل میسی کا طوطی بولتا تھا اور ان دونوں نے ایک ساتھ کئی مقامی اور یورپی ٹرافیز پر قبضہ کیا تھاتاہم آج یہ دونوں الگ الگ کلبوں کی نمائندگی کررہے ہیں۔  منگل کی رات مانچسٹر سٹی کے خلاف لیو نل میسی نے قابل تعریف گول کیا۔ وہ  مڈ فیلڈ سے زبردست توانائی دکھاتے ہوئے گیند کو پنالٹی ایریا میں لے گئے اور وہاں اشرف حکیمی نے ڈمی رن کا مظاہر ہ کرتے ہوئے لیونل میسی کیلئے جگہ بنائی۔ اسی دوران کائلیان ایمباپے نے گیند کو ہلکا سا فلک کرکے میسی کی طرف پاس کردیا۔ اس کے بعد انہوںنے اپنے بائیں پیر سے پیرس سینٹ جرمین کیلئے دوسرا گول کردیا۔ وہ اپنے بائیں پیر سے گول کرنے کیلئے مشہور ہیں۔ یہ گول ہونے کے بعد پی ایس جی کے شائقین نے جشن منانا شروع کر دیا۔ اس سے قبل میچ کے آغاز میں پی ایس جی کی جانب سے آئی جی گائے نے اہم گول کیا۔ انہوں نے ۸؍ویں منٹ میں پی ایس جی کو صفر۔۱؍ کی برتری دلائی تھی۔میچ کے آخر میں اسکور صفر۔۲؍ رہا اور پی ایس جی نے ۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔   میچ کے بعد لیو نل میسی نے کہاکہ میں اپنے نئے کلب کیلئے گول کرکے بہت خوش ہوں۔ اس کلب کیلئے میں نے حال ہی میں بہت کم میچ کھیلے ہیں اور میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ آہستہ آہستہ دوستی بڑھا رہا ہوں۔ انہوں نے ترجمان کی مدد سے کہاکہ ہم جتنا زیادہ ایک ساتھ کھیلیں گے ایک دوسرے کے کھیل کو سمجھ سکتے ہیں۔ ہمیں ایک ساتھ کھیل کر آگے بڑھنا ہے اور اپنے کھیل کی سطح کو بڑھا نا ہے۔  خیال رہے کہ میسی نے بارسلونا فٹبال کلب کیلئے اپنے کریئر میں ۶۷۲؍گول کئے ہیں لیکن پی ایس جی کیلئے گزشتہ ۳؍میچوں میں ان کا پہلا گول تھا۔ اس موسم گرمامیں انہوںنے سبھی کو تعجب میں ڈالتے ہوئے اسپینش فٹبال کلب  سے پی ایس جی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس طرح بارسلونا فٹبال کلب میں اس اسٹار کھلاڑی کا کریئر ختم ہوگیا تھا۔  میچ کے بعد مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کے منیجر پیپ گارڈیالا نے کہاکہ میسی کا گول شاندار تھا۔ وہ ایک اچھے کھلاڑی ہیں اور میں نے انہیں بارسلونا میں کھیلتے ہوئے دیکھا ہے۔ ہماری ٹیم ایک مضبوط حملے کے خلاف کھیل رہی تھی جس میں نیمار، میسی ا ور ایمباپے جیسے اسٹار اسٹرائیکرس موجود تھے۔  متذکرہ اسٹرائیکرس کے ہوتے ہوئے ٹیم کی جانب سے پہلا گول گائے نے کیا۔گائے نے کہا کہ جب فارورڈسے گیند چھوٹ جاتی ہے اور میرے پاس آتی ہے تو میں گول کرنے کے مواقع تلاش کرتا ہوں۔ میں اکثر پنالٹی ایریا کے اندر اور باہر ہوتا رہتا ہوں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK