Inquilab Logo

’’ صدیوں سے سیاہ فام افراد کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے‘‘

Updated: July 10, 2020, 12:24 PM IST | Agency | England

سابق تیز گیندباز مائیکل ہولڈنگ کا کہنا ہے کہ لوگوں کو خصوصی تعلیم دینے کی ضرورت ہے تاکہ نسل پرستی کا خاتمہ کیا جا سکے

Michael Holding - Pic : INN
مائیکل ہولڈنگ ۔ تصویر : آئی این این

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کل سے شروع ہوگیا ہے۔میچ سے قبل ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق تیز گیندباز مائیکل ہولڈنگ نے نسلی امتیازی برتے جانے کے خلاف جذباتی پیغام  دیا۔واضح رہے کہ قریب ۴؍ماہ بعد بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے اور اس ٹیسٹ میچ میں دونوں ہی ٹیموں کے کھلاڑی ’بلیک لائیوز میٹر‘ کا لوگو لگاکر کھیل رہے ہیں۔یاد رہے کہ امریکہ میںسیاہ فام امریکی جارج فلائیڈ کی پولیس کے ہاتھوں موت ہوگئی تھی جس کے خلاف ’بلیک لائیوز میٹر‘ مہم پوری دنیا میں چلائی جا رہی ہے۔
 ویسٹ انڈیز کے سابق گیندباز مائیکل ہولڈنگ نے کا کہا ’’ میں تعلیم پر زور دینے کی بات کیوں کر رہا ہوں اس کا ایک مقصد ہے۔۱۰۰؍سال پہلے بھی سیاہ فام لوگوں کے خلاف نسلی تعصب برتا جاتا تھا۔لوگ کہیںگے کہ یہ پہلے کی بات ہے لیکن ایسا نہیں ہے۔پہلے بھی سیاہ فام انسانوں کو نشانہ بنایا جاتا تھا اور آج بھی ایسا کیا جا رہا ہے۔آپ اس بات کو غلط ثابت نہیں کر سکتے۔‘‘
 ۶۶؍سالہ ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی نے کہا کہ ’’میرے خیال سے تعلیم اس طرح سے دی جا رہی ہے کہ جس میں سیاہ فام انسانوں کو منفی کردار میں دکھایا جاتا ہے۔یہ جانتے ہوئے بھی کالے لوگوں نے انسانیت کےلئے کتنی قربانیاں دی ہیں اور سماج کو بدلنے میں کتنا بڑا اور اہم رول ادا کیا ہے۔آج بھی یہ عالم ہے کہ جب کوئی سیاہ فام شخص کسی اسٹور میں جاتا ہے تو اس کے پیچھے اسٹور کا اسٹاف لگ جاتا ہے۔یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ سیاہ فام آدمی کچھ غلط کر سکتا ہے۔کیا گورے لوگ غلط کام نہیں کرتے۔گورا شخص چاہے اسٹور کو لوٹ لے لیکن اس کے بارے میں کسی کے دل میں کوئی غلط خیال نہیں آئےگا۔یہ سوچ ہمیں بدلنی ہوگی اور یہی وقت کی ضرورت بھی ہے۔ 
 مائیکل ہولڈنگ نے مزیدکہا کہ سیاہ فام لوگوں کی خدمات کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔انہوںنے کہا کہ بجلی کے بلب کی ایجاد تھامس ایڈیسن نے کاغذ کے ریشے سے کی تھا لیکن کیا کوئی بتا سکتا ہے کہ ریشے کی ایجاد کس نے کی تھی۔کوئی نہیں بتا سکتا کیوںکہ ا س کی ایجاد ایک سیاہ فام شخص نے کی تھی۔یہ ہمارے اسکولوں میں نہیں سکھایا جاتا کہ اس سائنسداں کا نام  لوئیس لاٹیمار تھا۔اگر دنیا سے نسلی امتیاز کا خاتمہ کرنا ہے تو لوگوں کو صحیح تعلیم دینے کی ضرورت ہے ۔لوگوں کو یہ بتانا ضروری ہے کہ سیاہ ہو یا گورا انسان انسان ہوتا ہے۔سیاہ فام لوگوں کی اچھائیوں کے بارے میں بھی اسکولوں میں سکھایا جا نا چاہئے۔
  ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر مائیکل ہولڈنگ نے میچ سے قبل تاریخی حوالے دیتے ہوئے کہا کہ صدیوں سے سیاہ فام افراد کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے، خصوصی تعلیم دینے کی ضرورت ہے تاکہ نسل پرستی کا خاتمہ کیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK