Inquilab Logo

انگلینڈ کی عالمی کپ مشن میں یو اے ای کی سست پچ رکاوٹ

Updated: October 10, 2021, 12:25 PM IST | Agency | Dubai

انگلینڈ کے دو سپرہیرو آرچر اور بین اسٹوکس اس وقت ٹیم میں موجود نہیں ہیں۔انگلینڈ کا پہلا میچ ونڈیز سے

Moeen Ali.Picture:INN
انگلش آل راؤنڈر معین علی ۔ تصویر: آئی این این

؍۵؍سال پہلے انگلینڈ ٹی ۲۰؍ عالمی کپ ٹرافی پر تقریباً قبضہ جمع چکا تھا لیکن پھر کارلوس بریتھویٹ نے بین اسٹوکس کے خلاف ۴؍ گیندوں پر۴؍چھکے لگاتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو عالمی فاتح بنا دیا تھا۔ انگلینڈ اپنی اس شکست کا انتقام لینا چاہتا ہے لیکن  ٹی ۲۰؍ عالمی کپ کے دو سپر ہیرو  جوفرا آرچر اور بین اسٹوکس موجودنہیں ہیں ۔گزشتہ سال انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے موسٹ ویلیوبل پلیئر (ایم وی پی) رہے آرچر کہنی کی چوٹ کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں ہیں جبکہ اسٹوکس ذہنی مسائل کی وجہ سے   خود کو ورلڈ کپ کیلئے دستیاب قرار نہیں دیا ہے۔  گزشتہ۱۱؍ ٹی ۲۰؍ بین الاقوامی باہمی  سیریز میں انگلینڈ نے ۹؍ مرتبہ کامیابی حاصل کی جبکہ ایک سیریز ڈرا پر ختم ہوئی اور صرف ایک بار ہاری۔ پچھلے سال گھر پر کھیلتے ہوئے، انگلینڈ  نے سری لنکا اور پاکستان کے خلاف ۶؍ میں سے ۵؍ میچ جیتے۔ تاہم رواں سال مارچ میں ہندوستان کے خلاف ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل سیریز میں انہیں ۲۔۳؍  سے شکست ہوئی تھی۔ جس کے بعد اس کی کچھ کمزوریاں بھی سامنے آگئی ہیں۔ حالیہ پاکستان کا دورہ  رد ہونے کا مطلب ہے کہ ان کے کئی کھلاڑی میچ پریکٹس نہیں کر پائے ہیں۔ ۲۰۱۶ء ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے والی ٹیم میں اب تک کئی تبدیلیاں آئی ہیں۔ پچھلے ۲؍ سال سے جو روٹ اور الیکس ہیلز ٹی ۲۰؍ اسکواڈ کا حصہ نہیں رہے جبکہ جوس بٹلر اب فنیشر نہیں بلکہ جارح سلامی بلے باز بن چکے ہیں۔ ڈیوڈ ملان ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میں نمبر ون بلے باز کے طور پرجم چکے  ہیں جبکہ مڈل آرڈر میں اسٹوکس کی جگہ لیام لیونگ اسٹون  کے طور پرایک فنیشر مل چکا ہے۔  گھریلوسیریز میں لیونگ اسٹون کا فارم شاندار تھا۔ کپتان مورگن کا بلہ خاموش ہے۔ جانی بیریسٹو مسلسل بیٹنگ آرڈر میں بھی تبدیلی کرتے رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی بلے بازی بھی متاثر ہوئی ہے  تاہم  آل راؤنڈر معین علی نمبر۷؍ پر کھیلتے ہوئے بہت فارم میں ہیں۔ عادل رشید اسکواڈ میں واحد اسپن گیندباز  ہیں  جبکہ معین علی اور لیونگ اسٹون  اپنی آف اسپن کے ساتھ ان کی مدد کرتے نظر آئیں گے۔تیزگیندبازوں کی بات کریں تو یہاں متبادل کی کمی نہیں ہے۔  ٹمال ملز ، جو ڈیتھ اوورس کے ماہر سمجھے جاتے ہیں، بھی تقریباًساڑھے ۴؍برس کے بعد ٹیم میں واپس آ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ مارک ووڈ بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ کرس جارڈن ، کرس ووکس اور ڈیوڈ ولی بھی مورگن کی قیادت والی ٹیم کا حصہ ہیں۔ چنانچہ انگلینڈ کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ پلیئنگ الیون کے ساتھ کتنے فاسٹ بولر جاتے ہیں اور ان میں سے کس پر اعتماد کیا جائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK