Inquilab Logo

ایف ٹی پی کو دوبارہ تشکیل دیا جائے : محمد اظہرالدین

Updated: April 13, 2020, 4:05 AM IST | Agency | Hyderabad

حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے صدر نے کہا:آئی پی ایل سبھی کیلئے اہم ہے لہٰذا ایف ٹی پی میں بھی تبدیلی ضروری ہے

Mohammed Azharuddin - Pic : INN
محمد اظہرالدین ۔ تصویر : آئی این این

سابق ​​ہندوستانی کپتان اور اب منتظم  محمد اظہرالدین کا خیال ہے کہ تمام بورڈس کو بین الاقوامی کرکٹ کیلنڈر کو  دوبارہ تشکیل دینا چاہئے کیونکہ کووڈ۱۹؍ کی وبا کی وجہ سے موجودہ شیڈول کے مطابق کھیل ممکن نہیں ہے۔
 حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ سی اے) کے صدر اظہرالدین کا بھی خیال ہے کہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ملکی اور غیر ملکی دونوں کھلاڑیوں کیلئے اہم ہے لہٰذا مستقبل کے ٹور شیڈول (ایف ٹی پی) میں بھی تبدیلی ضروری ہے تاکہ یہ ٹورنامنٹ منعقد کیا جاسکے۔
 ۵۷؍ سالہ سابق کرکٹر نے پی ٹی آئی کو بتایا’’مجھے یقین ہے کہ وہ ۲؍ سال کیلئے ایف ٹی پی کو دوبارہ تشکیل دیں گے کیونکہ موجودہ حالات میں بہت زیادہ غیر یقینی صورتحال ہے۔ میرا مطلب یہ ہے کہ آپ ہمیشہ اچھے وقت کے لئے تیار رہتے ہیں لیکن برے وقت کے لئے تیار نہیں ہوسکتے۔‘‘ انہوں نے کہا’’ایک بار جب حالات بہتر  ہو جائیں تو ہمیں دوسرے ممبر ممالک کے ساتھ بات چیت کرنی چاہئے۔‘‘اس ماہ کے آخر میں ہندوستان میں لاک ڈاؤن میں اضافہ متوقع ہے اور آئی پی ایل غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل یہ ٹورنامنٹ۲۹؍مارچ سے ۲۴؍ مئی تک کھیلا جانا تھا۔ اظہر نے کہا’’اگر انہیں آئی پی ایل کیلئے  جگہ بنانی ہے تو پھر پورے پروگرام کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہوگی۔ یہ ایک متبادل  ہے۔یا موجودہ شیڈول پر قائم رہیں اور ٹورنامنٹ کو بھول جائیں جس کیلئے وقت گزر چکا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا’’لیکن اس کا مطلب تمام اسٹیک ہولڈرس کو ایک بہت بڑا نقصان ہوگا جو کہ اچھی بات نہیں ہے اور ایسا نہیں ہونا چاہئے۔‘‘
 حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کو سن رائزرس حیدرآباد کے ۷؍ میچوں کی میزبانی کرنا ہے۔ اظہر نے کہا’’لہٰذا میں ایف ٹی پی میں مکمل تبدیلی کی امید کر رہا ہوں تاکہ ہم اس میں ہی  آئی پی ایل کو فٹ کر سکیں۔ میرے خیال میں تمام بورڈس اس پر اتفاق کریں گے کیونکہ سب متاثر ہورہے ہیں۔ یقینی طور پر بی سی سی آئی سب سے زیادہ متاثر ہوگا۔‘‘یاد رہے کہ آئی پی ایل اتنا اہم ہے کہ جوس بٹلر اور پیٹ کمنس جیسے غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی سال کے کسی بھی وقت اس ٹورنامنٹ میں کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
 محمد  اظہرالدین نے مزید کہا ’’کوئی بھی آئی پی ایل کو نہ نہیں   کہے گا۔ غیر ملکی کھلاڑی بھی نہیں۔ کتنے سارے افراد  کی روزی روٹی کا انحصار آئی پی ایل پر ہے۔ ہندوستان کی۳؍ ورلڈ کپ میں قیادت کرنے والے اظہر کو نہیں لگتا کہ اکتوبر-نومبر میں آسٹریلیا میں ہونے والا ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ پر اس کا اثرپڑے گا۔  انہوں نے مزید کہا ’’مجھے نہیں لگتا کہ آسٹریلیا میں ہونےو الا ٹی  ۲۰؍ورلڈ کپ متاثر ہوگا۔ یہ اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں شروع ہوگا اور اگر اس وقت تک معاملات میں بہتری آئے گی تو ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ ہوگا۔‘‘ اظہر نے کہا’’یہ مکمل طور پر میری ذاتی رائے ہے کیونکہ آپ ورلڈ کپ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کرسکتے ہیں۔ کسی اور وقت آئی پی ایل کا انعقاد کرنا پڑے گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK