Inquilab Logo

دوسرے ٹی۲۰؍میں محمد حفیظ کی شاندار گیندبازی ، پاکستان ۷؍ رن سے کامیاب

Updated: August 02, 2021, 1:53 PM IST | Agency | Guyana

پاکستان نے ٹی ۲۰؍ سیریز میں صفر۔ ایک کی برتری حاصل کرلی۔ محمد حفیظ مین آف دی میچ رہے۔ بابر اعظم نے ۵۱؍ اور محمد رضوان نے ۴۶؍رن بنائے

Mohammad Hafeez.Picture:INN
محمد حفیظ ۔تصویر: آئی این این

پاکستان نے محمد حفیظ کی نپی تلی گیندبازی کی بدولت ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹی۲۰؍میچ میں۷؍رن سے شکست دے کر سیریز میں صفر۔ایک  کی برتری حاصل کر لی۔گیانا میں کھیلے جانےوالے سیریز کے دوسرے ٹی ۲۰؍ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان کیرون پولارڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کوبلے بازی  کی دعوت دی۔ شرجیل خان اور محمد رضوان نے ٹیم کو۴۶؍ رن کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد شرجیل کی۲۰؍ گیندوں کی اننگز اختتام کو پہنچی۔ اس کے بعد رضوان کا ساتھ دینے کپتان بابر اعظم آئے اور دونوں نے دوسرے وکٹ کیلئے ۶۷؍ رن کی شراکت قائم کی، رضوان۴۶؍ رن کی اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن اس مرحلے پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی اور میچ کو کچھ دیرکیلئے روکنا پڑا۔ بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو پاکستانی ٹیم رن  بنانے کا تسلسل برقرار نہ رکھ سکی اور یکے بعد دیگرے وکٹ گنواتی رہی۔کپتان بابر اعظم ۵۱؍رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد حفیظ صرف چھ۶؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
 جیسن ہولڈر نے پہلی گیند پر حسن علی کو آؤٹ کیا اور اگلی گیند پر صہیب مقصود کی جانب سے مارے گئے چھکے کو شیفرڈ نے ناقابل یقین کیچ میں تبدیل کر کے پاکستان کو ساتواں نقصان پہنچادیا۔اننگز کی آخری گیند پر شاداب خان رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے تو پاکستان کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی۔پاکستان نے مقررہ اوورس میں ۸؍ وکٹوں پر ۱۵۷؍رن  بنائے، ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے۴؍ وکٹ لئے۔
 ویسٹ انڈیز نے اننگز کا آغاز کیا تو حفیظ نے دوسری ہی گیند پر آندرے فلیچر کو  آؤٹ کرکے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔ حفیظ نے عمدہ  گیندبازی  کا سلسلہ جاری رکھا  جس کی وجہ سے ویسٹ انڈین بلے باز کھل کر بیٹنگ نہ کر سکے۔ونڈیز کے خطرناک بلے باز کرس گیل نے۲۰؍ گیندیں کھیلنے کے باوجود ۱۶؍ رن بنائے اور حسن علی کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ دیگر بلے بازوں کو تسلسل سے رن بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
 ایون لوئس نے شیمرون ہتمائر کے ساتھ مل کر اسکور کو۷۰؍ رن تک پہنچادیا لیکن اسی مرحلے پر شیمرون ہتمائرآؤٹ ہو گئےجبکہ ۶؍ رن کے اضافے سے وکٹ پر سیٹ بلے باز ایون لوئس ۳۲؍ رن بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید پاکستانی ٹیم جلد فتح حاصل کر لے گی لیکن نکولس پورن نے جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔
 پورن نے۳۳؍ گیندوں پر ۶؍ چھکوں اور۴؍ چوکوں کی مدد سے ۶۳؍ رن کی اننگز کھیلی اور کیرن پولارڈ کے ساتھ مل کر۶۴؍ رن  جوڑے۔ آخری اوور میں ویسٹ انڈیز کو فتح کیلئے ۲۰؍ رن درکار تھے لیکن وہ صرف ۱۲؍ رن ہی  بنا سکے اور اس طرح پاکستان نے میچ ۷؍رن  سے جیت کر سیریز میں بھی صفر۔ایک  کی برتری حاصل کر لی۔ ۴؍ اوورس کے کوٹے میں ۶؍ رن  کے عوض ایک وکٹ لینے والے محمد حفیظ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔یاد رہے کہ سیریز کا پہلا ٹی۲۰؍میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ ختم ہو گیا تھا۔ میچ کے بعد پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہاکہ ٹیم کے سبھی کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کامظاہر ہ کیا۔ خصوصی طورپر محمد حفیظ نے بہت اچھی گیندبازی کی اور حریف ٹیم کو رن بنانے  سے روکے رکھا۔  مجھے  خوشی ہے کہ وہ سینئر ہیں اور انہوںنے ہماری فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ہم ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہیں گے۔ مین آف دی میچ محمد حفیظ نے کہاکہ میں نے جو کیا وہ ٹیم کی فتح کیلئے کیا۔ امید کرتا ہوں کہ اگلے میچوں میں بھی ہم ایسی ہی کارکردگی دُہرائیں گے ۔ میرا ہدف ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنانا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK