Inquilab Logo

انگلش پریمیر لیگ میں محمدصلاح کی ہیٹ ٹرک، لیورپول نےمانچسٹر یونائٹیڈ کو روند دیا

Updated: October 26, 2021, 12:05 PM IST | Agency | Manchester

لیورپول فٹبال کلب نے مانچسٹر یونائٹیڈ کو اس کے ہی گھر پر صفر۔۵؍ سے روند دیا۔محمد صلاح نے مسلسل ۱۰؍میچ میں لیورپول کی جانب سے گول کرنے کا ریکارڈبنایا

Mohamed Salah. Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 اسٹار کھلاڑی محمد صلاح کی ہیٹ ٹرک کی بدولت  اتوار کو یہاں انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل) کے میچ میں لیورپول فٹبال کلب نے مانچسٹر یونائٹیڈ کوصفر۔۵؍ سے شکست دی۔ لیورپول کی جانب سے نبی کیتا (۵؍ویں منٹ)، ڈیاگو جوٹا (۱۳؍ ویں منٹ) اورمحمد صلاح (۳۸، ۵+۴۵، ۵۰؍ویں منٹ) نے گول کئے۔ مانچسٹر یونائٹیڈ کے پال پوگبا کو ۶۰؍ ویں منٹ میں ریڈ کارڈ دکھانے کے بعد میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ خیال رہے کہ اس میچ میں گول کرنے کے ساتھ ہی محمد صلاح نے مسلسل ۱۰؍میچوں میں گول کرنے کا ریکارڈ بھی بنایاہے۔ لیورپول کی ۱۰۰؍ سال سے زائد تاریخ میں ایسا پہلی بار ہواہے کہ کسی کھلاڑی نے مسلسل اتنے میچو ںمیں گول کیا ہو۔  
 اس جیت کے ساتھ ہی لیورپول پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جو چیلسی سے ایک پوائنٹ کم ہے۔ لیور پول کے ۲۱؍ پوائنٹس ہوگئے ہیں۔اس کے ساتھ ہی مانچسٹر یونائٹیڈ ۱۴؍ پوائنٹس کے ساتھ ۷؍ویں  نمبر پر ہے۔ لیورپول کی ٹیم نے مانچسٹر یونائٹیڈ کو اس کے ہی میدان اولڈ ٹریفورڈ پر شرمناک شکست سے دوچار کردیا۔ لیورپول اور مانچسٹر یونائٹیڈ انگلش پریمیر لیگ کے روایتی حریف ہیں اور دونوں کے درمیان مقابلہ سخت ہوتا ہے لیکن اس بارلیورپول کی ٹیم نے یونائٹیڈ کو یکطرفہ انداز میں شکست دےدی۔ اس شکست کے بعد یونائٹیڈ کے منیجر اولے گنرسولشائر پر دباؤ بڑھ گیا ہے اور ان کی حکمت عملی کے تعلق سے تنقید ہورہی ہے۔ میچ کے بعد سولشائر نے کہا’’میں بہت بر ا محسوس کررہا ہوں۔ میں خود کو کمتر محسوس کررہا ہوں۔ مجھے پتہ نہیں کہ میں اپنی تکلیف کو کس طرح بیان کروںکیونکہ میرے لئے اس سے بری شکست ہو ہی نہیں سکتی تھی۔ ‘ ‘  میچ کے دوران یونائٹیڈ کے مداح سولشائر کی ہوٹنگ کررہے تھے اوران کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ جب کہ لیورپول کی جانب سے گول ہورہے تھے۔لیورپول کے مداح اولڈ ٹریفورڈ میں اپنی ٹیم کا مکمل سپورٹ کررہے  تھے اور محمد صلاح کی حمایت میں نعرے لگارہے تھے۔  ہاف ٹائم تک لیورپول نے یونائٹیڈ کو زیر کردیا تھا اور اس کے سبھی کھلاڑیوں پر قابو پالیا تھا۔  یونائٹیڈ کے منیجر سولشائر نے کہا ’’ہم نے کئی آسان گول کرنے کے مواقع گنوادیئے اور ان کے خلاف آسان گول کھائے۔ ا س طرح کے کھیل کی وجہ سے مجھے ٹیم کے تعلق سے تشویش ہے۔ میں اگلے میچ کے بارے میں سوچ رہا ہوں کیونکہ اس  ہار کے بعد ہماری ٹیم کے اعتماد میں کمی آئی ہے اور وہ پوری طرح سے بکھر گئی ہے۔اب ہمیں اگلا مقابلہ بہت ہی شاندار طریقے سے جیتنا ہوگا۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK