Inquilab Logo

محمد سمیع، محمد سراج اور شاردُل ٹھاکردورۂ آسٹریلیا پر ٹیم میں شامل

Updated: October 13, 2022, 12:52 PM IST | Agency | Mumbai

دیپک چاہر کی کمر کی چوٹ کی وجہ سے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں کھیلنے کے امکانات تقریباً ختم ہو گئے ہیں

Mohammad Siraj .Picture:INN
محمد سراج ۔ تصویر:آئی این این

ہندوستان کی ٹیم میں شامل محمد سمیع، محمد سراج اور شاردُل ٹھاکر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۲ء کیلئے  جمعرات کو آسٹریلیا روانہ ہوں گے۔ ای ایس پی این کرک انفو نے بدھ کو یہ معلومات دی۔ ای ایس پی این کرک انفو نے بتایا کہ ورلڈ کپ میں ہندوستان کے اضافی کھلاڑی دیپک چاہر کی  کمر کی چوٹ کی وجہ سے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں کھیلنے کے امکانات تقریباً ختم ہو گئے ہیں۔ چاہر کے علاوہ ۲؍ اضافی کھلاڑی شریس ایّر اور روی بشنوئی فی الحال آسٹریلیا کا سفر نہیں کر رہے ہیں۔
     ہندوستان کی اہم ٹیم۶؍ اکتوبر کو آسٹریلیا کیلئے روانہ ہوئی تھی، جہاں کھلاڑیوں نے گزشتہ ہفتے  تربیتی کیمپ میں شرکت کے ساتھ ساتھ ویسٹ آسٹریلیا الیون کے ساتھ وارم اپ میچ کھیلا۔ ٹیم کا اگلا پریکٹس میچ جمعرات (۱۳؍ اکتوبر) کو ہونا ہے۔سرکردہ  گیند باز جسپریت بمراہ کے زخمی ہونے کی وجہ سے اس وقت ہندوستان کے ورلڈ کپ اسکواڈ میں۱۴؍ کھلاڑی ہیں۔ چاہر کے زخمی ہونے سے اضافی کھلاڑی محمد سمیع کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کئے  جانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔سمیع نے گزشتہ سال نومبر میں ختم ہونے والے ۲۰۲۱ء کے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے بعد سے کوئی ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا ہے۔ وہ کووڈ۱۹؍ سے صحتیاب ہونے کے بعد بنگلور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تربیت لے رہے ہیں۔ وہ کورونا وائرس کی وجہ سے آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز نہیں کھیل سکے تھے۔    پرتھ میں جمعرات کے وارم اپ میچ کے بعد روہت شرما کی ٹیم برسبین جائے گی، جہاں وہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف بالترتیب۱۷؍ اور۱۹؍ اکتوبر کو ورلڈ کپ کے دو باضابطہ وارم اپ میچ کھیلے گی۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم۲۳؍ اکتوبر کو پاکستان کے خلاف ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ مہم شروع کرنے کیلئے میلبورن جائے گی۔ ہندوستان سپر۱۲؍ کے گروپ ۲؍ میں پاکستان، بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ اور ۲؍ پہلے راؤنڈ کوالیفائر کے ساتھ ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK