Inquilab Logo

بابر اعظم میں مستقبل کے عظیم بلے باز کی جھلک نظر آتی ہے:محمد اظہرالدین

Updated: July 30, 2020, 12:37 PM IST | Agency | New Delhi

سابق کپتان نے کہا کہ بابر اعظم کا وراٹ کوہلی سے موازنہ درست نہیں، ہر کوئی اپنے زمانے کا بہترین کھلاڑی اور اس کا اپنا مزاج ہوتا ہے

Babar Azam - Pic : INN
بابر اعظم ۔ تصویر : آئی این این

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین نے پاکستان کے نوجوان کرکٹر بابراعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابراعظم اگر اسی مستقل مزاجی سے آگے بڑھتے رہیں تو وہ کئی کارنامے انجام دے سکتے ہیں اور ان میں مستقبل کے عظیم بلے باز کی جھلک نظر آتی ہے۔سابق ہندوستانی کپتان محمد اظہر الدین نے اسپورٹس کریڑا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا  کہ ہر کھلاڑی کا اپنا دور اور مزاج ہوتا ہے،میں وراٹ کوہلی سمیت کسی سے بھی بابر کا موازنہ درست نہیں سمجھتا۔ کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں انگلینڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے بہترین انتظامات کیے ہیں اس سے دیگر ملکوں کو بھی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔
 ۵۷؍ سالہ محمد اظہرالدین نے کہا کہ بابر اعظم بہت اچھے کرکٹر ہیں۔ ان میں اتنی صلاحیت ہے کہ پاکستان کے عظیم بلے بازوں میں جگہ بنا سکتے ہیں، وہ ابھی نوجوان ہیں اور ان میں بہت کرکٹ باقی ہے۔ایک سوال پر سابق کپتان نے کہا کہ بابر اعظم کا وراٹ کوہلی سے موازنہ درست نہیں، ہر کوئی اپنے زمانے کا بہترین کھلاڑی اور اس کا اپنا مزاج ہوتا ہے، میں موازنہ کرنے کے حق میں نہیں ہوں، جو بھی اچھا ہو اس کی بیٹنگ کا لطف اٹھانا اور تعریف کرنی چاہیے۔
 مستقبل میں ہند پاک مقابلوں کے امکانات پر انھوں نے کہا کہ یہ حکومتوں کا معاملہ ہے، دونوں پڑوسی ملکوں میں بات چیت شروع ہو تب ہی سیریز بھی ممکن ہوسکتی ہے۔ محمد اظہرالدین نے انکشاف کیا کہ وہ پاکستانی بیٹنگ کوچ یونس خان کو اس وقت سے جانتے ہیں جب انہوں نے ۲؍ دہائی قبل ڈیبیو کیا تھا۔ اظہر نے یونس خان کیلئے اپنے اس مشورے کا بھی تذکرہ کیا جو انہوں نے یونس خان کو۲۰۱۶ء  میں پاکستان کے دورۂ انگلینڈ کے موقع پر دیا تھا اور جس کے نتیجے میں بلے باز نے اوول میں شاندار ڈبل سنچری بنائی تھی۔ واضح رہے کہ یونس خان نے حال میں ہی اس کا تذکرہ کیا تھا اور اظہر  سے اس کے لئے اظہار تشکر کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK