Inquilab Logo

قرنطین کے ۶؍دن لاک ڈاؤن کے۴؍مہینوں سے زیادہ مشکل:محمد سمیع

Updated: September 06, 2020, 12:55 PM IST | Agency | Dubai

ٹیم انڈیا کے تیز گیندبازنے کہا کہ قرنطینہ کھلاڑیوں کے لئے زیادہ مشکل ہے کیونکہ ان کی پوری زندگی مشق و محنت پر ہوتی ہے

Mohammed Shami - Pic : INN
محمد سمیع ۔ تصویر : آئی این این

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سرکردہ تیز گیند باز محمد سمیع  نے متحدہ عرب امارات پہنچنے کے بعد قرنطین کی لازمی  ۶؍ روزہ مدت کے تجربے کے بارے میں کہا کہ میرے لئے ہوٹل کے کمرے میں گزارے ہوئے۶؍ دن لاک ڈاؤن کے۴؍ مہینوں سے زیادہ مشکل لگے ۔
 سمیع  نے متحدہ عرب امارات پہنچنے کے بعد قرنطین کی لازمی ۶؍روزہ مدت کے تجربے کے بارے میں بات کی۔ سمیع نے بتایا کہ ان کے لئے۶؍ دن تک ہوٹل کے کمرے کے اندر رہنا بہت مشکل تھا۔محمد سمیع نے کہا کہ ۴؍ ماہ سب کیلئے بہت مشکل رہے ، چاہے وہ کھلاڑی ہو یا عام آدمی۔ خدا کا شکر ہے کہ مجھے اپنی تربیت کرنے کی سہولت ملی۔ جب ہم یہاں (یو اے ای) آئے اور محتاط رہے تو میرے لئے ہوٹل کے کمرے میں گزارے ہوئے۶؍دن لاک ڈاؤن کے۴؍ مہینوں سے زیادہ مشکل لگے کیونکہ ان مہینوں میں میں خود تربیت کرا رہا تھا ، ضرورت مندوں کی مدد کر رہا تھا اور سماجی سرگرمیوں میں مصروف تھا۔لیکن ان۶؍ دنوں میں میں نے محسوس کیا ان ۴؍مہینوں میں لوگوں کے لئے کتنا مشکل رہا ہوگا ۔لیکن اب میدان میں راحت محسوس کررہا ہوں۔
 اگر کوئی ہندوستانی کرکٹر کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے دوران اپنے کھیل پر کام خصوصی توجہ مرکوز کر رہا تھا تو وہ فاسٹ بولر محمد سمیع تھے۔ لاک ڈاؤن میں سمیع نے اپنے فارم ہاؤس میں نیٹ کے ذریعہ بالنگ کی مشق کی تھی اور اب وہ انڈین پریمیر لیگ کے۱۳؍ ویں سیزن میں اپنی بولنگ کا جلوہ دکھانے کے لئے تیار ہیں۔
 سمیع نے کہا کہ یہ کھلاڑیوں کے لئے زیادہ مشکل ہے کیونکہ ان کی پوری زندگی مشق و محنت پر ہوتی ہے اور شاید ہی کوئی ایسا مرحلہ ہو جب کھلاڑی انجری یا چوٹ کے بغیرگھر کے اندر ہی رہا ہو۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ کو دن  میںرننگ کی عادت ہوتی ہے تو گھر میں رہنا بہت مشکل ہوتا ہے خاص طور پر ان لوگوں کے لئے جو پیشہ ور ہیں اور جنہوں نے کرکٹ کو ترجیح دی ہے۔ یہ آپ کو پریشان کرتا ہے اور آپ کو بے چین کرتا ہے لیکن میں بہت سی سرگرمیوں میں مصروف رہا ہوں۔ 
 انہوں نے کہا کہ میں نے کھیت میں بہت زیادہ وقت مزدوروں کے ساتھ کام کیا۔ میں اپنی سرگرمیوں اور تربیت میں مصروف تھا۔ جن دوستوں سے میں نے بات کی ہے وہ خدا کا شکر گزار ہیں کہ میں ایک محفوظ جگہ پر ہوں۔اہم بات یہ ہے کہ محمد سمیع آئی پی ایل کے۱۳؍ ویں سیزن میں کنگز الیون پنجاب کی طرف سے کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔ اس سیزن میں ٹیم اور شائقین کو سمیع سے بہت زیادہ امیدیں ہیں کیونکہ انہوں نے پچھلے کچھ برسوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔اس بار وہ بہت زیادہ محنت کررہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ ان کی محنت رنگ لائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK