Inquilab Logo

ممبئی انڈینس ، کولکاتا کے نائٹ رائیڈرس سے مقابلے کیلئے تیار

Updated: April 13, 2021, 1:16 PM IST | Agency | Chennai

انڈین پریمیر لیگ میں آج ممبئی انڈینس کو کپتان روہت شرما سے بڑی اننگز کی امید۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے کھلاڑی اپنے جیت کے سلسلے کو برقرار رکھنے کیلئے ایڑی چوٹی کازور لگادیں گے

Rohit Sharma.Picture:INN
روہت شرما۔تصویر :آئی این این

  اپنے پہلے مقابلے میں آخری گیند پر رائل چیلنجرز بنگلور سے ۲؍ وکٹ سے شکست کا سامنا کرنے والی ممبئی انڈینس منگل کو یہاں کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف آئی پی ایل کے دوسرے میچ میں جیت کی پٹری پر لوٹنے کے ارادے سے اترے گی۔ کولکاتا نے اپنے پہلے میچ میں سن رائزرس حیدرآباد کو۱۰؍ رن سے شکست دے دی  اور وہ ممبئی کو شکست دے کر اپنی لگاتار دوسری کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ کولکاتا کو ان کے انگلش کپتان ایون مورگن سے بہت زیادہ امیدیں ہوں گی کہ وہ نہ صرف اپنی ٹیم کو فٹ رکھیں گے بلکہ  جیت کے سلسلے کو بھی برقرار رکھیں گے۔ ممبئی  نے بنگلور کے خلاف آخری گیند پر میچ گنوادیا اور کولکاتا کے خلاف وہ ایسا نہیں کرنا چاہے گی۔ ممبئی کے کپتان روہت شرما پہلے میچ میں صرف ۱۹؍رن بناکر  رن آؤٹ ہوگئے تھے لیکن وہ کولکاتا کے خلاف میچ میں ایسی غلطی دُہرانا پسند نہیں کریں گے۔ روہت اپنے  وکٹ کی اہمیت سے  بخوبی واقف ہیں ، حالانکہ پہلے میچ میں کرس لِن  نے۴۹؍ اور سوریہ کمار یادو نے۳۱؍ رن بناکر ممبئی کو۲۰؍ اوورس میں۹؍ وکٹوں پر۱۵۹؍ رن  کے قابل دفاع اسکور تک پہنچادیا تھا لیکن یہ اسکور بنگلور کے لئے آسان ثابت ہوا۔ حالانکہ بنگلور نے آخری گیند پر چوکالگا کر جیت اپنے نام کی تھی۔ اگر ممبئی نے ہرشل پٹیل کی اننگز کے آخری اوور میں ۳؍ وکٹ نہ گنوائیں ہوتے تو اس کے اسکور میں اور اضافہ ہوجاتا۔
 دوسری جانب کولکاتاکی ٹیم  نے نتیش رانا کی  ۸۰؍ کی زبردست اننگز کی بدولت  ۱۸۷؍رن کا اسکور بناکر سن رائزرس حیدرآباد کو ۱۷۷؍ رن پر ہی روک لیا تھا۔ حیدرآباد نے اننگز کے آغاز پر ہی  اپنے کپتان ڈیوڈ وارنر کا وکٹ گنوا دیا تھا۔ جیت کے لئے بے تاب ممبئی اور اپنے جیت کے سلسلے کو برقرار رکھنے کے لئے تیار کولکاتا کے بیچ کا مقابلہ کافی دلچسپ اور چیلنجنگ ہوگا۔مورگن لیگ میں فتح کے بعد بہت خوش تھے اور انہوںنے ٹیم کی پزیرائی کی اور سبھی کھلاڑیوں کو جیت کا کریڈٹ دیا۔ انہوںنے اپنی ٹیم کے سبھی کھلاڑیوں سے ایسی ہی کارکردگی دُہرانے کی امید بھی کی ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK