Inquilab Logo

موسیتی کی جیت کا سلسلہ دراز، نشیکوری کو ٹورنامنٹ سے باہرکیا

Updated: September 19, 2020, 3:04 AM IST | Rome

روم اوپن میں موسیتی نے ۲؍سیٹوں میں جاپانی کھلاڑی کو باہرکردیا۔ اطالوی کھلاڑی ٹورنامنٹ کےراؤنڈ ۱۶؍ میں داخل۔

Lorenzo Musetti. Photo: INN
لورینزو موسیتی۔ تصویر: آئی این این

 اٹلی کے نوجوان ٹینس کھلاڑی لورینزو موسیتی نے روم میں جاری اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اپنی جیت کی مہم جاری رکھی ہے اور انہوں نے اے ٹی پی ٹور میں اپنے دوسرے میچ میں جاپان کے تجربہ کار کیئی نشیکوری کو مسلسل سیٹوں میں ۴۔۶، ۳۔۶؍سے شکست دے کر تیسرے مرحلے میں جگہ بنا لی۔۱۸؍ سالہ موسیتی نے اس سے قبل ۳؍ مرتبہ کے گرینڈ سلیم چمپئن اور سابق عالمی نمبر ۳؍ کھلاڑی سوئزرلینڈ کے اسٹانسلاس واورنکا کو مسلسل سیٹوں میں شکست دی تھی۔ اس طرح موسیتی نے لگاتار میچوں میں ٹاپ۵؍ کے دو سابق کھلاڑیوں کو شکست دی۔
 موسیتی نے۲۰۱۴ء یو ایس اوپن کے فائنلسٹ اور سابق عالمی نمبر چار کھلاڑی نشیکوری کو شکست دے کر اے ٹی پی ماسٹرس۱۰۰۰؍ٹورنامنٹ کے آخری۱۶؍میں داخلہ حاصل کیا ۔ اس نوجوان کھلاڑی کو یہ میچ جیتنے میں زیادہ پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔۱۸؍سالہ موسیتی نے ۲۰۱۹ء میں پروفیشنل کھلاڑی بننے سے قبل جونیئر کی حیثیت سے ۲۰۱۹ءمیں آسٹریلین اوپن بھی جیتا تھا۔ انہوں نے اپنی شاندار مہم کے بارے میں کہا کہ میں ہمیشہ ایک جنگجو اور لڑاکا کھلاڑی ہوا کرتا تھا لیکن پچھلے سال کے دوران میں نے بہت اتار چڑھاؤ دیکھا۔انہوں نے کہا کہ اس ماہ میں نے اپنے آپ کو پرسکون رکھنے کی کوشش کی اور میدان میں مثبت رہنے کی کوشش کی۔ میرے خیال میں یہ گزشتہ چند ہفتوں میں میری بہترین کارکردگی ہے۔ مجھے اچھا لگ رہا ہے. موسیتی کا اگلا مقابلہ جرمنی کے کوالیفائر ڈومینک کوفر سے ہوگا۔۱۲؍ ویں سیڈیافتہ کینیڈا کے ڈینس شاپوالوو نے کوالیفائر پیڈرو مارٹنیز کو۴۔۶، ۴۔۶؍ سے ہرا کر فائنل۱۶؍ میں جگہ بنالی۔ شاپوالوو کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے لئے فرانس کے یوگو ہمبرٹ سے مقابلہ کریں گے۔ شاپوالوو گزشتہ ہفتے یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچے تھے۔ہمبرٹ نے دو گھنٹے تک جاری رہنے والے میچ میں ساتویں سیڈ اور۲۰۱۸ء کے کوارٹر فائنلسٹ فابیو فیوگینی کو۶۔۷، ۵۔۷؍سے شکست دی تھی ۔
 دفاعی چمپئن اسپین کے ٹینس کھلاڑی رافیل ندال یہاں اٹالین اوپن میں مینز سنگلز کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔ ندال نے بدھ کو ہم وطن پابلو کیرینو بسٹا کو۱۔۶، ۱۔۶؍سے شکست دی۔ اگلے راؤنڈ میں ندال کا مقابلہ دوسان لاجووچ سے ہوگا جنہوں نے میلوس راونک کو۶۔۷، ۶۔۴، ۲۔۶؍سے شکست دی۔ ندال نے کہا کہ اس دورے پر واپس آنا اچھا تھا لیکن میں ناظرین کی حوصلہ افزائی سے محروم ہوں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK