Inquilab Logo

ندال کی فتح ، راؤنڈ۱۶؍میں داخل

Updated: January 26, 2020, 12:59 PM IST | Agency | Melbourne

آسٹریلین اوپن میں ندال نے تیسرے راؤنڈ میں پیبلو کو ایک گھنٹے ۳۸؍ منٹ میں ہرایا۔ اگلے راؤنڈ میں نک کرگیوس سے مقابلہ

ندال ۔ تصویر : آئی این این
ندال ۔ تصویر : آئی این این

 میلبورن : سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین میں اپ سیٹ اور سرکردہ  کھلاڑیوں کے باہرہونے کا سلسلہ جاری ہے اور اس سلسلے میں نئی ​​شکار ہیں دوسری سیڈیافتہ اور دنیا کی نمبر ۲؍کھلاڑی چیک جمہوریہ کی کیرولینا پلسكووا جبکہ مردوں میں دنیا کے نمبروَن کھلاڑی اور ٹاپ سیڈیافتہ اسپین کے رافیل ندال نے مسلسل سیٹوں میں جیت کے ساتھ پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
 آسٹریلین اوپن میں اپنے دوسرے خطاب کی تلاش میں مصروف ندال نے سنیچر کو تیسرے راؤنڈ میں ۲۷؍ویں سیڈیافتہ ہم وطن ہسپانوی کھلاڑی پیبلو کرنےبستا کو ایک گھنٹے ۳۸؍ منٹ میں۱۔۶، ۲۔۶، ۴۔۶؍سے شکست دے دی۔ندال کا پری کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کے بیڈ بوائے نک كرگيوس سے مقابلہ ہوگا جنہوں نے روس کے كارین خاچانوو کو ۴؍ گھنٹے ۲۶؍منٹ تک جاری رہنے والے میراتھن میچ میں۲۔۶، ۶۔۷،۷۔۶،۷۔۶، ۶۔۷؍ سے شکست سے دو چار کیا۔   خواتین کے زمرے میں دوسری سیڈ یافتہ پلسكووا کو سنیچرکو تیسرے راؤنڈ میں روس کی انستاسيا پاوليوچینكووا نے سخت جدوجہد میں۶۔۷، ۶۔۷؍سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔ پلسكووا گزشتہ سال آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل تک پہنچی تھیں لیکن اس بار ان کی تیسرے راؤنڈ میں ہی چھٹی ہو گئی۔اس سے پہلے۲۳؍بار کی گرینڈ سلیم چمپئن اور ۸؍ویں سیڈیافتہ  امریکہ کی سیرینا ولیمز اور گزشتہ چمپئن اور تیسری سیڈیافتہ جاپان کی ناؤمی اوساکا تیسرے راؤنڈ میں جمعہ کو ہار کر باہر ہوگئی تھیں۔ سیرینا ۳؍ سیٹ میں چین کی وانگ كياگ سے ہاری تھیں جبکہ اوساکا کو۱۵؍ سال کی کوکو گاؤف نے اپنا شکار بنایا تھا۔ایک اور الٹ پھیر میں چھٹی سیڈیافتہ سوئزرلینڈ کے بیلنڈا بنسچ کو اسٹونيا کی اینیٹ كونتاویت نے یکطرفہ انداز میںصفر۔۶، ۱۔۶؍سے شکست دے کر باہر کر دیا۔ ان اپ سیٹ کے درمیان سابق نمبر وَن اور چوتھی سیڈیافتہ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے قزاخستان کی یولیا پتنسیوا کو۱۔۶،۴۔۶؍ سے شکست دے کر راؤنڈ ۱۶؍ میں جگہ بنا لی۔مردوں میں چوتھی سیڈیافتہ  روس کے ڈینیل میدویدیف، ۵؍ویں سیڈیافتہ آسٹریا کے ڈومینک تھیم، ۷؍ویں سیڈیافتہ جرمنی کے الیگزینڈر زیوریواور ۹؍ویں سیڈیافتہ فرانس کے گائل مونفلس نے تیسرے راؤنڈ کا اپنا مقابلہ جیت کر راؤنڈ ۱۶؍ میں جگہ بنا لی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK