Inquilab Logo

نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں شکست دی، سیریز پربھی قابض

Updated: June 14, 2021, 7:59 AM IST | Birmingham

دوسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کی ۸؍وکٹ سے فتح ۔ دوسری اننگز میں کیوی ٹیم کو ۳۸؍رن کا معمولی ہدف ملا تھا۔میٹ ہینری مین آف دی میچ

New Zealand won the Test series against England.Picture:PTI
انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم تصویرپی ٹی آئی

نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں ۸؍وکٹ سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔  خیال رہے کہ دو میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ڈرا ہوگیا تھاجبکہ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے کپتان کین ولیمسن کے بغیر میدان میں اتری تھی۔ 
 برمنگھم میں کھیلے جانے والے  دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو ۸؍ وکٹوں سے ہرادیا۔ اس فتح کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ہندوستانی  ٹیم کو سخت پیغام دیا ہے کہ وہ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل کیلئے تیار ہے۔ خیال رہے کہ اب نیوزی لینڈ کی ٹیم کی ۱۸؍جون کو ہندوستان کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں مقابلہ کرے گی۔  
 میچ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ نے۳۰۸؍رن  اسکور کے تھے تو جواب میں کیوی ٹیم نے۳۸۸؍ رن  کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔ دوسری اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم نیوزی لینڈ کی بولنگ کا مقابلہ نہ کرسکی اور پوری ٹیم۱۲۲؍ رن پر آؤٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کیلئے ۳۸؍ رن  کا ہدف ملا جو اس نے۲؍ وکٹوں کے نقصان پر ۴۱؍رن بناکر حاصل کرلیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے دو میچوں کی سیریز صفر۔ ایک  سے اپنے نام کرلی۔  بہترین بولنگ پرفارمنس پر نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
    نیوز ی لینڈ، انگلینڈ کے خلاف دو میچوں کے ٹیسٹ سیریز جیتنے کے لیے محض۳۸؍ رن کا ہدف ملا  ۔  پہلی اننگز  میں۸۵؍ رن سے  پیچھے ہونے  کے بعد انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں چوتھے دن اتوار کو ۹؍ وکٹ پر۱۲۲؍رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اس کی دوسری اننگز ۱۲۲؍ رن پر ہی سمٹ گئی۔ ٹرینٹ بولٹ نے اولی اسٹون کو ان کے سنیچر کے ۱۵؍ رن کے اسکور پر ہی آؤٹ کر دیا۔ اس میچ کے اسٹارجیمس اینڈرسن کھاتہ کھولے بغیر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
 تیز گیند بازوں مَیٹ ہینری اور نیل ویگنر نے  بالترتیب ۳۶؍ اور ۱۸؍رن دے کر ۳۔۳ ، لیفٹ آرم اسپنر اعجاز پٹیل نے ۲۵؍  رن پر ۲؍ اور ٹرینٹ بولٹ نے۳۴؍ رن پر۲؍ وکٹ لیے۔ انگلینڈ کی جانب سے  ۹؍ویں  نمبر کے بلے باز مارک  ووڈ نے سب سے زیادہ ۲۹؍رن اور اولی پاپ نے۲۳؍ رن بنائے۔ 
  اس سے قبل نیوزی لینڈسنیچر کو ہی  انگلینڈ کے خلاف ۲؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز جیتنے کے نزدیک پہنچ گیا تھا۔ پہلی اننگز میں ۸۵؍رن سے پچھڑنے کے بعد انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں تیسرے دن سنیچر کو مایوس کن بلے باز ی کرتے ہوئے اپنے ۹؍ وکٹ محض۱۲۲؍رن پر گنوا دیئے  تھے  اور اس کے پاس صرف ۳۷؍رن کی سبقت تھی۔ تیز گیندباز میٹ ہنری اور نیل ویگنر نے انگلینڈ کی بلے بازی کی کمر توڑ دی ۔ اس میچ میں نیوزی لینڈ کےبلے  بازوں اورگیندبازوں دونوں نے اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا اور حریف ٹیم کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ اس شکست کے بعد انگلینڈ کی ٹیم کی کمزوریاں سامنے آگئی ہیں جس سے ہندوستانی ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں فائدہ ہووگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK