Inquilab Logo

نوواک جوکووچ نے روبیلوو کے چیلنج کا خاتمہ کردیا

Updated: January 27, 2023, 10:40 AM IST | Melbourne

آسٹریلین اوپن میں سربیائی کھلاڑی نے روبیلوو کو ۳؍سیٹوں میں آسانی سے شکست دی۔ ٹامی نے شیلٹن کو ٹورنامنٹ سے باہر کردیا

photo;INN
تصویر :آئی این این

سربیاکے اسٹار اور ۹؍مرتبہ کے آسٹریلین اوپن چمپئن نوواک جوکووچ نے ٹورنامنٹ میں اپنا فاتحانہ سفر جاری رکھتے ہوئے بدھ کو آندرے روبیلوو کو ۳؍سیٹوں میں آسانی سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ اب جمعہ کوسربیائی اسٹار کو سیمی فائنل میں امریکہ کے ٹامی پال سے مقابلہ کرنا ہوگا جنہو ںنے ایک اور کوارٹر فائنل میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔جمعہ کو ہی دوسرے سیمی فائنل میں کارین خاچانوو اور یونان کے اسٹاراسٹیفانوس ستسپاس کا مقابلہ بھی ہوگا۔دوسری طرف بدھ ہی کو امریکہ کے ٹامی پال نے آسٹریلین اوپن ۲۰۲۳ءکے  مردوں کے سنگلز کے میراتھن کوارٹر فائنل میچ میں ہم وطن ٹینس کھلاڑی بین شیلٹن کو۶۔۷، ۳۔۶، ۵۔۷، ۴۔۶؍سے ہرا کر سیمی فائنل  میں جگہ بنالی ۔
 بدھ کو ہونے والے آسٹریلین اوپن کے دوسرے کوارٹر  فائنل میں نوواک جوکووچ نے اپنے تجربے کا پورا استعمال کیا اور حریف آندرے روبیلوو کو آسانی سے ٹورنامنٹ سے باہرکردیا۔ جوکووچ نے پہلا سیٹ ۱۔۶؍ سے جیت لیا۔ دوسرے سیٹ میں بھی سربیائی کھلاڑی کو زیادہ محنت نہیں کرنی پڑی اور ۲۔۶؍ سے سیٹ اپنے نام کرلیا۔ تیسرے سیٹ میں روسی کھلاڑی  روبیلوو نے تھوڑی مزاحمت کی لیکن تب تک دیر ہوچکی تھی اور جوکووچ نے تیسرا اور اہم سیٹ ۴۔۶؍ سے اپنے نام کرلیاتھا۔ خیال رہے کہ جوکووچ اپنے ۱۰؍ویں آسٹریلین اوپن خطاب سے محض ۲؍ میچ دور ہیں۔ ان کے خطاب جیتنےکے امکانات زیادہ ہیں کیونکہ وہ اس ٹورنامنٹ میں اچھا کھیل رہے ہیں۔ اگر وہ یہ خطاب جیت  جاتے ہیں تو ان کے گرینڈ سلیم کی تعداد ۲۲؍ہوجائے گی۔ 
 میلبورن کے راڈ لیور ارینا میں تقریباً۳؍گھنٹے چلنے والے مقابلے میں دنیا کے۳۵؍ویں رینکنگ کی کھلاڑی پال نے پہلی بار آسٹریلین  اوپن میں  شرکت کرنے والے بین شیلٹن کا سفر ختم کرکے خطاب کی طرف ایک قدم بڑھادیا۔ یو ایس اوپن کے بعد اپنا دوسرا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کھیلنے والے۲۰؍سالہ کھلاڑی نے حالانکہ پال کے سامنے سخت چیلنج  پیش کیا لیکن آخر میں انہیں گھنٹے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔
 خواتین سنگلزکے ایک دیگر کوارٹر فائنل میچ میں چیک ریپبلک کی کرولینا پلسکووا کو پولینڈ کی ماگڈا لینیٹ نے ۳۔۶، ۵۔۷؍ سے ہرا دیا۔ دنیا کی ۴۵؍ ویں رینکنگ کی لینیٹ نے اس سے پہلے پیر کوایک بڑا الٹ پھیر کرتے ہوئےعالمی رینکنگ ۴؍ فرانس کی کرولیناگارسیاکو شکست دے کرکوارٹر فائنل میں اپنی جگہ بنائی تھی۔ ایک گھنٹہ۲۷؍منٹ تک جاری رہنے والے  اس میچ میں لینیٹ نے پہلاسیٹ آسانی سے جیت لیاتھا حالانکہ دوسرے سیٹ میں پلسکووا سے انہیں سخت  چیلنج ملا لیکن آخر کارلینیٹ کے نام سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹ گیا۔بیلاروس کی ارینا سبالینکا نے بدھ کو کوارٹر فائنل   میں ایک طرفہ انداز میں کامیابی حاصل کرکے آسٹریلین اوپن۲۰۲۳ءکے سیمی فائنل  میں جگہ  بنا لی۔
  لینیٹ  نے اپنے کریئرکی سب سے اعلیٰ مہم کے بارے میں کہا”میں شاید اب بھی یقین نہیں کر پار ہی ہوں۔ میں اسے کبھی نہیں بھول سکوں گی۔ یہ تجربہ  میرے ساتھ زندگی بھر رہے گا۔ میں شائقین کی حمایت کے لئے ان کی شکر گزار ہوں۔“
 دوسری طرف، سبا لینکانے بھی کروشیا کی  ڈونا ویکیک کو۲۔۶، ۳۔۶؍کے سیٹوں میں ہرا کر پہلی بار آسٹریلیائی اوپن کے سیمی فائنل میں قدم رکھا۔ یہ ۲۴؍سالہ سبا لینکا کا چوتھا گرینڈ سلیم فائنل  ہے۔ انہیں  اپنے پہلے گرینڈ سلیم  فائنل  میں پہنچنے کے لئے ٹاپ۴؍ میں لینیٹ  کا سامنا کرنا ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ سبالینکا نے۲۰۲۳ءمیں  اپنے سبھی ۹؍ مقابلے جیتے ہیں  اور اس دوران انہوں نے کوئی سیٹ نہیں گنوایا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK