Inquilab Logo

ہندوستان پہنچنے پر ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں کا شاندار استقبال

Updated: January 22, 2021, 2:20 PM IST | Agency | Mumbai

آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والےکھلاڑیوں کا ڈھول تاشے بجاکر اور پھول برسا کر استقبال کیا گیا

Ajinkya Rahane.Picture :PTI
اجنکیا رہانے ۔ تصویر:پی ٹی آئی

آسٹریلیا کے خلاف شاندار جیت حاصل کرنے والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم آج وطن لوٹ آئی۔ایئر پورٹ پر بڑی تعداد میں مداح اور کرکٹ بورڈ کے اہلکار موجود تھے۔ کھلاڑیوں کو گلدستہ پیش کیا گیا اور مداحوں نے ان پر پھول برسائے۔ایئر پورٹ سے جب کھلاڑی اپنے رہائشی مکانات اور بلڈنگوں پر پہنچے تو وہاں ڈھول تاشے کے ساتھ ان کا استقبال کیا گیا۔ کھلاڑیوں نے اس شاندار استقبالیہ پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔ 
کھلاڑیوں کو کوارینٹائن میں رعایت
  مہاراشٹرا حکومت نے آسٹریلیا کے خلاف بارڈر۔ گاوسکر ٹرافی جیت کر جمعرات کے روز صبح ممبئی لوٹے کپتان اجنکیا رہانے اور ۴؍ دیگر کھلاڑیوں کو کوارنٹائن سے رعایت دی  ہے۔ ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن (ایم سی اے) کے حکام نے بتایا کہ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) اور ایم سی اے کی طرف سے مہاراشٹر کی مہاوکاس اگھاڑی سرکار کی  اتحادی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ اور بی سی سی آئی اور ایم سی اے کے سابق صدر شرد پوار سے کھلاڑیوں کو کوارینٹائن سے رعایت دینے کی اپیل کی بعد انہیں ریاست میں ضروری ۱۴؍ دنوں کے کوارینٹائن سے رعایت دی گئی ہے۔ ان میں اجنکیا رہانے، روہت شرما ، پرتھوی شا، شاردل ٹھاکر، ٹیم کے ہیڈکوچ روی شاستری اور دیگر سپورٹ اسٹاف شامل ہیں۔ 
 ہندوستانی کھلاڑی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ممبئی ہوائی اڈہ پر پہنچے ایم سی اے کے حکام نے کہا  ’’ ہم نے پوار سے ان کھلاڑیوں کو کوارینٹائن سے چھوٹ دینے دینے کے لئے مدد کی اپیل کی تھی کیونکہ کھلاڑی اگست سے ہی مسلسل کوارینٹائن میں رہے ہیں اور مسلسل ان کے کورونا  ٹیسٹ ہوئے ہیں۔
محمد سراج  جذباتی ہوگئے
  آسڑیلیا میں کھیلی گئی  ٹیسٹ سیریز کے ہیرو حیدرآباد  کے  تیز گیند باز محمد سراج کے شہر پہنچنے پر شاندار استقبال کیاگیا۔وہ ممبئی سے شمس آباد ایئر پورٹ پر جمعرات کی صبح پہنچے۔انہوں نے اپنی پہلی مصروفیت کے طورپر والد کی قبر پر حاضری دی اور ان کے لئے دعائے مغفرت کی۔اس موقع پر وہ باپ کے سایہ سے محروم ہونے پر کافی مغموم اوردل گیر بھی دیکھے گئے۔
 واضح رہے کہ محمد سراج نے حالیہ دورۂ آسڑیلیا میں سب سے زیادہ ۱۳؍وکٹیں حاصل کیں۔انہوں نے اپنے کرئیر کا اولین  ٹیسٹ  ملبورن میں کھیلتے ہوئے میچ میں ۵؍ وکٹیں لی تھیں۔ محمد سراج نے برسبین میں آسڑیلیا کی دوسری اننگز میں ۵؍ وکٹیں لے کر میزبان ٹیم کو بھاری سبقت سے روکا اور ہندوستان کے لئے جیت کا نشانہ ۳۲۸؍رن کو قابل عبور بنایا۔انہوں نے اپنی نپی تلی بولنگ کے ذریعہ آسڑیلیا کی مجموعی سبقت کو۳۲۷؍رنوں تک محدود رکھا۔آسڑیلیا پہنچنے کے بعد محمد سراج کو ان کے والد کی موت کا صدمہ لگا اور بعد ازاں ان کو نسلی تعصب کا شکار ہونا پڑا لیکن انہوں نے اپنی کارکردگی پر اس کو اثرانداز ہونے نہیں دیا۔ ان کے اسپورٹنگ اسپرٹ کی  نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں ستائش کی گئی۔
    تیز گیندبازمحمد سراج نے کہا کہ والد صاحب کی خواہش تھی کہ میں ہندوستان کیلئے کھیلوں۔مجھے اس بات کا زندگی بھر افسوس رہے گا ان کی خواہش تو پوری ہوگئی لیکن وہ مجھے ٹیم انڈیا کیلئے کھیلتا ہوا نہیں دیکھ سکے۔گھر پہنچنے پرماحول میں غم اور خوشی دونوں طرح کا احساس شامل تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK