Inquilab Logo

لنکا کی آئی پی ایل کی میزبانی پربورڈ نے کہا: فی الحال کوئی گفتگو نہیں

Updated: April 18, 2020, 5:24 AM IST | Colombo

بی سی سی آئی کے اہلکار نے کہا: کوروناکی وجہ سے پوری دنیابند سی ہے اس لئے اس معاملے پر بات چیت نہیں ہوسکتی ہے۔

IPL. Photo: INN
آئی پی ایل۔ تصویر: آئی این این

 ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے عالمی وبا بن چکے کورونا کی وجہ سے آئی پی ایل کے۱۳؍ ویں ورژن کوغیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے کا جمعرات کو سرکاری طور پر اعلان کر دیاتھا جبکہ کرکٹ سری لنکا (ایس ایل سی ) نے اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کی پیشکش کی ہے اس پر جمعہ کو بی سی سی آئی کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس وقت پوری دنیا میں لاک ڈاؤن ہے اور اس لئے فی الحال اس معاملے پر بات چیت نہیں کی جاسکتی ۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے سینئر رکن نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پربتایا کہ بی سی سی آئی پوری دنیا کے حالات کو دیکھتے ہوئے ایسی حالت میں نہیں ہے کہ کچھ کہے۔ سینئر رکن اس بات کی بھی تصدیق کی کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایسی کوئی پیشکش آئی ہے۔ اس کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ آئی پی ایل کا میچ ہو کیونکہ پروازیں منسوخ ہیں اور ہمارے کھلاڑی سری لنکا کیسے پہنچیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سری لنکا کی جانب سے ایسی کوئی پیشکش نہیں آئی ہے اور اگر آئے گی بھی ہمارا جواب نفی میں ہوگاکیونکہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اسے دیکھتے ہوئے کرکٹ ممکن نہیں ہے۔ لنکن بورڈ اپنے ملک میں ۳؍میدانوں پر آئی پی ایل کے میچ منعقد کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن بی سی سی آئی کے سینئر رکن نے اس سے انکارکیاہے۔ 
 ایس ایل سی کے صدر شمی سلوا نے کولمبو میں کہا کہ ہمارے ملک میں ہندوستان کے مقابلے پہلے صورت حال بہتر ہو جائے گی۔اس صورت میں ہم آئی پی ایل کا انعقاد کر سکتے ہیں ۔ہم بی سی سی آئی کو اس بارے میں جلد خط لکھیں گے۔سری لنکا میں لاک ڈاؤن ہندوستان کے زیادہ تر حصوں کے مقابلے سخت ہے اور یہاں تقریباً ۴؍ ہفتے سے کرفیو جاری ہے۔ سری لنکا کی حکومت کو امید ہے کہ وہ سری لنکا سے اس وائرس کا خاتمہ کر دے گا۔اگر یہ ہدف حاصل کر لیا جاتا ہے تو سری لنکا آئی پی ایل کی میزبانی کے لئے اچھا انتخاب ہو سکتا ہے۔ اس کیلئے حکومت کی اجازت کی ضروری ہو گی۔سلوا نے کہا کہ آئی پی ایل کو منسوخ کرنے سے بی سی سی آئی اور اس کے متعلقین کو۱۵۰؍ کروڑ ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہو سکتا ہے۔بی سی سی آئی کسی دوسرے ملک میں آئی پی ایل کا انعقاد کر کے نقصان کو کم کر سکتا ہے۔ اگر وہ سری لنکا میں کھیلتے ہیں تو ہندوستانی شائقین کیلئے ٹی وی پر میچ دیکھنا آسان ہو جائے گا۔ بی سی سی آئی اس سے پہلے بھی جنوبی افریقہ میں آئی پی ایل کا انعقاد کر چکا ہے۔
 انہوں نے کہا کہ ہم دیکھیں گے کہ ہماری پیشکش پر ہندوستانی بورڈ کیا جواب دیتا ہے۔اگر بی سی سی آئی سری لنکا میں آئی پی ایل کھیلنے کیلئے تیارہو جاتا ہے توہم مکمل سہولیات فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں جو میڈیکل پروفیشنل کی ضروریات کے مطابق ہوں ۔اس سے سری لنکا کرکٹ کی بھی کچھ آمدنی ہو جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK