Inquilab Logo

آئی پی ایل میں ممبئی اور چنئی میں افتتاحی مقابلہ

Updated: February 17, 2020, 3:35 PM IST | Agency | New Delhi

انتیس مارچ سے ٹی ۲۰؍ لیگ کے ۱۳؍ویں سیزن کا آغاز ہوگا۔ اس بار سنیچر کو صرف ایک میچ کھیلا جائے گا۔ راجستھان کی ٹیم کا دوسرا گھر گوہاٹی ہوگا۔ ۱۳؍ویں سیزن میں نئے ضابطے نافذ ہوں گے

ایم ایس دھونی اور روہت شرما ۔ تصویر : آئی این این
ایم ایس دھونی اور روہت شرما ۔ تصویر : آئی این این

 نئی دہلی : بےشمارانعامی  دولت سے مالامال انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے۱۳؍ ویں سیزن کا افتتاحی مقابلہ۲۹؍ مارچ کو ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں گزشتہ چمپئن ممبئی انڈینس اور چنئی سپرکنگز کے درمیان کھیلا جائے گا اور اس بار ٹورنامنٹ میں سنیچر کو کوئی ڈبل ہیڈر نہیں ہوگا۔ 
 روہت شرما کی کپتانی والی ممبئی انڈینس نے گزشتہ سیزن میں مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی والی چنئی سپر کنگز کو ہرا کر چوتھی بار خطاب پر قبضہ کیا تھا۔ ٹورنامنٹ کا اس بار کا پروگرام سنیچر کو جاری کر دیا گیا ہے۔ اگرچہ ٹورنامنٹ کا ناک آؤٹ مرحلہ کا  ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ لیگ مرحلے کا آخری میچ بنگلور میں رائل چیلنجرز بنگلور اور ممبئی انڈینس کے درمیان۱۷؍ مئی کو کھیلا جائے گا۔
 سنیچر کو ڈبل ہیڈر ختم کئے جانے سے اس بار ٹورنامنٹ ایک ہفتے بڑھ گیا ہے۔ پچھلی بار یہ ۴۴؍دن تک چلا تھا لیکن اس بار یہ۵۰؍ دنوں تک جاری رہے گا۔ اس سیزن میں صرف اتوار  کو ہی ۲؍ میچ کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں ۶؍ ڈبل ہیڈر ہوں گے جو اتوار کو کھیلے جائیں گے۔
 لیگ مرحلے میں میچوں کا وقت رات۸؍ بجے ہوگا ۔ اتوار کو ڈبل ہیڈر میچ کا ایک وقت شام ۴؍بجے رہے گا۔ لیگ راؤنڈ میں تمام ٹیموں کے درمیان ۵۶؍ میچ کھیلے جائیں گے اور لیگ مرحلے کا اختتام ۱۷؍ مئی کو ہوگا۔ آئی پی ایل کا فائنل میچ ۲۴؍مئی کو کھیلا جائے گا۔
 ٹورنامنٹ کی ۸؍ ٹیموں میں صرف راجستھان رائلز ہی ایسی ٹیم ہے جس نے گوہاٹی کو اپنا دوسرا گھر بنایا ہے جبکہ ۷؍ دیگر ٹیمیں اپنے باقاعدہ گھریلو مقام  پر ہی اپنے میچ کھیلیں گی۔ اگرچہ لوڈھا کمیٹی نے سفارش کی تھی کہ ہندوستان کے آخری بین الاقوامی میچ اور آئی پی ایل کے افتتاحی مقابلے کے بیچ ۱۵؍ دنوں کا فرق ہونا چاہئے لیکن ٹورنامنٹ ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ۱۸؍مارچ کو کولکاتا میں ۳؍ میچوں کی سیریز ختم ہونے کے۱۱؍ دن بعد ہی شروع ہو رہا ہے۔
 آئی پی ایل کی کئی ٹیموں نے اپنے سرکاری ٹویٹر ہینڈل سے اپنے میچوں کا پروگرام بھی جاری کیا ہے۔ اس بار آئی پی ایل میں کچھ نئے قوانین بھی دیکھنے کو ملیں گے۔ انڈین پریمیر لیگ ۲۰۲۰ء سیزن میں كنكشن سبسٹي ٹيوٹ قوانین نافذکیا جائے گا۔ یعنی اگر کسی کھلاڑی کو بلے بازی یا گیند بازی کے دوران سر میں چوٹ لگ جاتی ہے تو وہ میچ سے باہر جا سکتا ہے اور اس کی جگہ پر کوئی اور کھلاڑی میچ میں آ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ فرنٹ فٹ نوبال پر اضافی امپائر نظر رکھے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK