Inquilab Logo

آج ایشیائی کرکٹ کے تاج کیلئے پاکستان اور سری لنکا میں جنگ

Updated: September 11, 2022, 9:43 AM IST | Dubai

سپر ۔۴؍مقابلے میں شاندار جیت حاصل کرنے کے بعد لنکائی ٹیم کے حوصلے بلند،بابر اینڈ کمپنی کو خطاب کیلئے آل راؤنڈ کارکردگی کامظاہرہ کرنا ہوگا

Sri Lanka captain Dasan Shanaka and Pakistan team captain Babar Azam will try to win the Asia Cup title.
سری لنکا کے کپتان داسن شناکا اورپاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایشیا کپ کا خطاب جیتنے کی کوشش کریںگے۔

:دبئی انٹر نیشنل اسٹیڈیم میں آج ایشیا کپ کے فائنل کا تاج حاصل کرنے کےلئے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔شائقین کرکٹ کو امید تھی کہ فائنل میں دیرینہ حریف ہندوستان اور پاکستان آمنے سامنے ہوں گے۔ لیکن سری لنکا نے ابتدائی میچ ہارنے کے بعد شاندار واپسی کی اور آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کو شکست دی اور فائنل میں جگہ محفوظ کر لی۔ سپر۔۴ ؍ کے آخری مقابلے میں بھی لنکائی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئےپاکستان کو دھول چٹا دی ۔اس فتح کے بعد سری لنکا کے کھلاڑیوں کے حوصلے کافی بلند ہیں اور فائنل میں بھی وہ اس کارکردگی کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ دوسری جانب پاکستان نے بھی ایشیا کپ کے فائنل تک پہنچنے کیلئے سخت محنت کی ہے اور کئی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔گزشتہ میچ میں سری لنکا کے ہاتھوں ملنے والی شکست ایک طرح سے پاکستانی کھلاڑیوں کے حق میں بہتر ثابت ہوسکتی ہے کیوںکہ فائنل میں وہ محتاط ہوکر کھیلیںگے اور اپنی خامیوں کو دور کرتے ہوئے خطاب حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ 
  سری لنکن اسپن گیندبازوں نے متحدہ عرب امارات کی پچوں پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ جمعہ کے میچ میں ونیندو ہاسرانگا اور مہیش ٹیکشنا نے پاکستان کے ۵؍بلے بازوں کو پویلین بھیجا تھا۔سری لنکن بلے بازوں نے بھی ٹورنامنٹ میں اپنی شاندار کارکردگی سے دل جیت لئے ہیں۔ پاکستان کے برعکس سری لنکا کی ٹیم بیٹنگ لائن اپ چند کھلاڑیوں پر منحصر نہیں ہے جو انہیں بڑے اہداف کا تعاقب کرنے کے قابل بناتی ہے۔ کپتان داسن شناکا شاندار بلے بازی کے ساتھ ساتھ گیندبازی میں بھی کارگر ثابت ہوئے ہیں۔
 دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی کی عدم موجودگی کے باوجود پاکستان کی بولنگ ہمیشہ کی طرح تیز رہی۔ ایشیا کپ میں ہندوستان کے خلاف ٹی ۔۲۰؍ ڈیبیو کرنے والے نسیم شاہ میں پاکستان کو مستقبل کا ستارہ ملا ہے لیکن پورے ٹورنامنٹ میں پاکستان کی بیٹنگ ان کا کمزور پہلو رہی ہے۔کپتان بابر اعظم نے ٹورنامنٹ کے ۵؍ میچوں میں صرف ۶۳؍رن بنائے ہیں۔ حالانکہ انہوں نے سری لنکا کے خلاف گزشتہ میچ میں ۳۰؍رن بنا کر فارم تلاش کرنے کے آثار دکھائے تھے۔ محمد رضوان اپنے شاندار فارم کے باعث ایشیا کپ میں ۲۲۶؍رن بنا چکے ہیں۔ تاہم ان کے علاوہ کوئی اور پاکستانی بلے باز لگاتار رن نہیں بنا سکا۔ رضوان ایشیا کپ ۲۰۲۲ء میں صرف ۲؍ بار بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ہیں۔ پاکستان نے ایشیا کپ میں ایک بار سری لنکا کو آل آؤٹ کیا تھا جبکہ ایک مرتبہ افغانستان کیخلاف اس نے ۹؍ وکٹوں سے میچ جیتا تھا۔
 متحدہ عرب امارات کے دیگر میچوں کی طرح فائنل میں بھی ٹاس اہم کردار ادا کرے گا۔ ایشیا کپ میں سری لنکا اور پاکستان کے درمیان مجموعی طور پر ۱۶؍میچ کھیلے گئے جن میں سے ۱۱؍سری لنکا نے جیتے جبکہ ۵؍ پاکستان کے حق میں گئے۔ اس کے برعکس ٹی ۔۲۰؍ میں پاکستان نے سری لنکا کو ۲۲؍میں سے ۱۳؍بار شکست دی ہے۔ کپتان بابر اعظم دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں جیت کو ۱۴؍ تک لے جانے کیلئے اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھنا چاہیں گے جبکہ سری لنکا ایشیا کپ جیت کر اپنے مالی طور پر کمزور ملک کو خوشی کے کچھ لمحات دینے کی کوشش کرے گا۔شائقین کو ایک دلچسپ میچ دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے۔

 

 

asia cup Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK