• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پاکستان نے آسٹریلیا کو یکروزہ سیریز میں مات دی

Updated: November 10, 2024, 9:49 PM IST | Perth

پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں۸؍وکٹ سے شکست دے کر آسٹریلیاکے خلاف اسی کی سرزمین پر ۲۲؍ سال بعد ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کرکے تاریخ رقم کردی

Pakistan Team:INN
پاکستان کرکٹ ٹیم۔ (تصویر:آئی این این )

پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں۸؍وکٹ  سے شکست دے کر آسٹریلیاکے خلاف اسی کی سرزمین پر ۲۲؍ سال بعد ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کرکے    تاریخ رقم کردی۔  دوسرے میچ کے بعد اتوارکو تیسرے ون ڈے میں بھی پاکستانی گیندبازوں نے آسٹریلیائی بلے بازوں کو مشکل میں ڈال دیا اور پوری ٹیم  مکمل اوورس نہیں کھیل سکی۔ پرتھ میں سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کُن میچ میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم ۳۱ء۵؍ اوورس میں۱۴۰؍ رن بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان نے تیسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف۲۷؍ اوورس میں۲؍ وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، پاکستانی ٹیم کی اوپننگ جوڑی نے ایک بار پھر پر اعتماد انداز میں بلےبازی کا آغاز کیا اور ٹیم کو۸۴؍ رن کا آغاز فراہم کیا۔ پچھلے میچ میں نصف سنچریاں بنانے والے صائم ایوب نے ۴۲؍ رن کی اننگز کھیلی جب کہ عبداللہ شفیق ۳۷؍ رن  بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان محمد رضوان۳۰؍ اور بابراعظم ۲۸؍ رن بناکر  ناٹ آوٹ  رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے دونوں وکٹ لینس مورس نے حاصل کئے۔
  اتوار کو  بھی پاکستانی فاسٹ بولرس نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، نسیم شاہ نے۲۰؍ رن پر پہلی اور شاہین آفریدی نے۳۶؍ رن پر دوسرا وکٹ حاصل کیا۔ پرتھ میں کھیلے جانے والے ایک روزہ سیریز کے آخری میچ میں پاکستان کے تیزگیندبازوں  نے آسٹریلیائی بلے بازی کو تباہ کردیا  اور ٹیم نے۳۱ء۵؍ اوورس میں آسٹریلیا کے۹؍ کھلاڑی۱۴۰؍ رن پر سمیٹ دیئے جب کہ ایک کھلاڑی انجری کی وجہ سے دوبارہ بیٹنگ کیلئے  میدان میں نہیں اترا۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی، آسٹریلیا کی جانب سے سین ایبٹ۳۰؍ رن بناکر نمایاں رہے اور ان کے ۶؍ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ آسٹریلیا کی اوپننگ جوڑی اس میچ میں بھی ناکام ثابت ہوئی، جیک فریزر میک گرک صرف ۷؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور میتھیو شارٹ نے۲۲؍رن کی اننگز کھیلی۔
کپتان جوش انگلس بھی ۷؍ ہی رن بناسکے، ایرون ہارڈی نے ۱۲؍ رن بنانے میں کامیاب رہے، کوپر کونولی ۷؍ رن پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، محمد حسنین کی گیند ان کے ہاتھ پر لگی جس سے وہ انجرڈ ہوگئے۔ گلین میکسویل مسلسل تیسرے میچ میں حارث رؤف کا شکار بنے، وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین  لوٹ گئے، آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس بھی۸؍ رن ہی بناسکے، ایڈم زمپا نے۱۳؍  رن  بنائے۔ پاکستانی ٹیم کی جانب سے نسیم شاہ نے اور شاہین شاہ آفریدی نے ۳۔۳؍حارث رؤف نے۲؍ اور محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کیا۔
پاکستانی ٹیم کی جانب سے گزشتہ میچ کی فاتح ٹیم  برقرار رکھی گئی ہے تاہم آسٹریلیا نے ٹیم میں ۵؍ تبدیلیاں کی ہیں، میزبان ٹیم نے کوپر کونولی، مارکس اسٹوئنس، شان ایبٹ، اسپینسر جانسن اور لینس موریس کو موقع دیا ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دی تھی جب کہ پاکستانی ٹیم نے دوسرے میچ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو ہرا کر سیریز ۱۔۱؍ سے برابر کردی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK