Inquilab Logo

پاکستانی ٹیم کے ۶؍ اراکین کورونا وائرس سے متاثر

Updated: November 27, 2020, 12:36 PM IST | Agency | Washington

پاکستان کے ۲؍ ممبر پہلے ہی کورونا سے متاثر تھے جس کے بعد۴؍نئے اراکین وائرس کی زد میں آئے

Picture.Picture :INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

نیوزی لینڈ کے ساتھ مجوزہ  سیریز کے بیچ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ۶؍ اراکین کورونا وائرس سے متاثر  پائے گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے جمعرات کے روز اس کی تصدیق کی۔ بورڈ رپورٹ کے مطابق کرائسٹ چرچ میں الگ تھلگ رہنے والے پاکستان کے کچھ اراکین نے پہلے دن ہی پروٹوکول کی خلاف ورزی کی۔ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ۱۰؍ دسمبر سے۳؍ ٹی ٹوینٹی اور۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جانی ہے ۔ نیوزی لینڈ روانگی سے قبل پاکستان ٹیم کے تمام ممبروں کا لاہور میں چار بار ٹیسٹ کیا گیا ، جس میں سبھی کی رپورٹ نگیٹیو آئی تھی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ۲؍ ممبر  پہلے ہی کورونا سے  متاثر  تھے جس کے بعد۴؍نئے اراکین اس وائرس کی زد میں آئے ہیں۔ پروٹوکول کے پیش نظر  ان ۶؍اراکین کو کوارنٹائن میں رکھا گیا ہے۔جانچ پوری ہونےتک پاکستانی ٹیم کی  آئیسولیشن میں ٹریننگ کو فی الحال روک دیا گیا ہے۔  نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود قومی ٹیم کے۶؍اراکین کے کوروناٹیسٹ مثبت آنے کے بعدپاکستانی ٹیم کا غیر ملکی دورہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے اور نیوزی لینڈ حکام نے پاکستان کو آخری وارننگ جاری کردی ہے۔لاک ڈاؤن کی وجہ سے دنیا بھر میں کرکٹ سرگرمیاں متاثر ہونے  کے بعد پاکستان کا  یہ دوسرا بین الاقوامی دورہ  ہے ، جبکہ نیوزی لینڈ کی یہ پہلی سیریز ہے۔ پاکستان اے ٹیم کو نیوزی لینڈ اے کے ساتھ۲؍ چار روزہ  میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔نیوزی لینڈ نے قرنطینہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی پاکستانی ٹیم کو آخری وارننگ جاری کردی ہے اور کہا ہے کہ وہ اس طرح کا رویہ ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔صحت کے ڈائریکٹر جنرل ایشلے بلوم فیلڈ نے کہا کہ نیوزی لینڈ آ کر کھیلنا اعزاز کی بات ہے لیکن اس کے بدلے ٹیموں کو کورونا وائرس کے سلسلے میں بنائے گئے قوانین کا احترام اور ان کی پاسداری کرنی چاہیے ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے  پاکستان کے ۶؍ کھلاڑیوں کی کورونا جانچ رپورٹ مثبت آنے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔بلوم فیلڈ نے کہا کہ سی سی ٹی وی سے ظاہر ہوتا ہے کہ دورہ کرنے والی ٹیم نے سماجی فاصلوں کے اصول کی خلاف ورزی کی اور مجموعی طور پر پوری ٹیم کو فائنل وارننگ جار کردی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ قواعد اور پروٹوکولز کی خلاف ورزی کے تمام واقعات سہولت کے اندر ہوئے اور عوام کی صحت کو کوئی خطرات لاحق نہیں ہیں۔یاد رہے کہ لاہور سے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل پاکستانی ٹیم کے اسکواڈ اور مینجمنٹ کے چار مرتبہ کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے تھے اور چاروں مرتبہ یہ ٹیسٹ منفی آئے تھے جس کے بعد اسکواڈ کونیوزی لینڈ روانہ ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK