Inquilab Logo

پریکٹس میچ ڈرا، مینک اگروال اوررشبھ پنت کی نصف سنچریاں

Updated: February 17, 2020, 11:06 AM IST | Agency | Hamilton

ہندوستان اور نیوزی لینڈ الیون کے درمیان سہ روزہ پریکٹس میچ اتوار کو ڈراپر ختم ہو گیا اور اوپنر مینک اگروال اور وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے فارم میں لوٹتے ہوئے شاندار نصف سنچری بنائیں ۔

نوجوان بلے باز پرتھوی شا اور نصف سنچری بنانے والے مینک اگروال ۔ تصویر ۔ پی ٹی آئی
نوجوان بلے باز پرتھوی شا اور نصف سنچری بنانے والے مینک اگروال ۔ تصویر ۔ پی ٹی آئی

 ہملٹن : ہندوستان اور نیوزی لینڈ الیون کے درمیان  سہ روزہ پریکٹس میچ اتوار کو ڈراپر ختم  ہو گیا اور اوپنر مینک اگروال اور وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے فارم میں لوٹتے ہوئے شاندار نصف سنچری بنائیں ۔
 ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز میں بلے بازی کی اچھی پریکٹس کرتے ہوئے محض۴۸؍ اوور میں ۴؍ وکٹ پر۲۵۲؍ رن بنائے اور میچ ڈرا رہا۔ ہندوستان نے پہلی اننگز میں۲۶۳؍ رن بنائے تھے جبکہ نیوزی لینڈ الیون کی ٹیم نے ۲۳۵؍ رن بنائے تھے۔ ہندوستان اورنیوزی لینڈ کے درمیان ۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ۲۱؍فروری سے ویلنگٹن میں شروع ہو گا۔
 اوپنر مینک نے اس دورے میں پہلی بار اپنا فارم دکھاتے ہوئے۹۹؍گیندوں پر۸۱؍ رن (ریٹائرڈآؤٹ)کی بہترین اننگز میں ۱۰؍ چوکے اور۳؍ چھکے لگائے۔ پنت نے بھی دوسری اننگز میں موقع کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے۶۵؍ گیندوں پر ۷۰؍ رن میں ۴؍چوکے اور۴؍ چھکے لگائے۔ نوجوان اوپنر ممبئی کےپرتھوی شا نے ۳۱؍ گیندوں پر ۳۹؍ رن میں ۶؍چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ وکٹ کیپر ردھیمان ساہا نے ناٹ آؤٹ ۳۰؍رن اور آف اسپنر روی چندرن اشون نے ناٹ آؤٹ ۱۶؍ رن بنائے۔
 اوپننگ کے دیگر دعویدار شبھمن گل صرف ۸؍ رن بنا کر آؤٹ ہو گئے اور پہلے ٹیسٹ میں اترنے کا موقع گنوا بیٹھے۔ گل پہلی اننگز میں اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول پائے تھے۔ پہلی اننگز میں پرتھوی صفر اور مینک ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے تھے لیکن دوسری اننگز میں ان کی کارکردگی سے یہ تو طے ہو گیا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میں وہ دونوں   اننگز کی شروعات کریں گے۔
 مینک نے کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ اے کے خلاف غیر سرکاری ٹیسٹ میں دونوں اننگز میں صفر بنائے تھے اور ون ڈے سیریز میں وہ ۳۲، ۳؍ اور ایک رن کے معمولی اسکور بنا پائے تھے۔ پہلی اننگز میں جلد آؤٹ ہونے کے بعد ان کیلئے دوسری اننگز میں اچھی کارکردگی کرنا ضروری تھا اور انہوں نے نصف سنچری اننگز کھیل کر اپنا اعتماد حاصل کر لیا۔ انہوں نے پرتھوی کے ساتھ پہلے وکٹ کیلئے۷۲؍ رن جوڑے۔ پرتھوی نے بھی اچھی اننگز کھیلی۔
  اس شراکت کے بعد پرتھوی شا اور شھبمن گل کے وکٹ صرف۱۰؍ رن کے وقفہ میں نکل گئے لیکن مینک اور پنت نے تیسرے وکٹ کیلئے ۱۳۴؍ رن کی حوصلہ افزا  ساجھیداری کی۔ پنت پہلی اننگز میں ۷؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ پنت کو اس دورے میں پہلی بارپریکٹس میچ میں موقع ملا اور دوسری اننگز میں انہوں نے بہترین اننگز کھیلی تاہم پہلے ٹیسٹ میں وکٹ کیپر کے طور پر ساہا ہی اتریں گے۔
 پریکٹس میچ کی پہلی اننگز میں ٹیسٹ بلے باز چتیشور پجارا (۹۳؍رن) اور هنوما وهاري (۱۰۱؍ رن ریٹائرڈ آؤٹ ) نے شاندار اننگز کھیلی تھیں۔ دونوں اننگز کی کارکردگی کو دیکھا جائے تو ہندوستانی بلے بازوں کی اس میچ میں مشق اچھی رہی۔ کپتان وراٹ کوہلی دونوں اننگز میں بلے بازی سے دور رهےاور میدان میں نہیں اترے۔
 ہندوستانی تیز گیند بازوں نے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تیز گیند بازی کے  سازگار حالات کا پورا فائدہ اٹھایا۔ ہندوستانی تیز گیند بازوں کی کارکردگی میزبان ٹیم کیلئے خطرے کا اشارہ ہے کہ وہ پہلے ٹیسٹ میں ہندوستان کی آگ اگلتي گیندوں کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہیں۔
 نیوزی لینڈالیون کی اننگز میں محمد سمیع نے ۱۰؍ اوور میں ۱۷؍رن دے کر ۳؍وکٹ، جسپريت بمراه نے۱۸؍رن، امیش یادو نے ۴۹؍رن اور نوديپ سینی نے۵۸؍ رن دے کر ۲۔۲؍وکٹ  لئے جبکہ آف اسپنر روی چندرن اشون کو۴۶؍رن پر ایک وکٹ ملا۔ رویندر جڈیجاکو اگرچہ ۲۵؍ رن دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا تھا۔
 یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ فٹنیس ٹیسٹ پاس کر چکے ایشانت شرما کو پہلے ٹیسٹ میں براہ راست موقع دیا جاتا ہے یا نہیں اور اسپن شعبہ میں جڈیجا اور اشون میں سے کون میدان میں اترتا  ہے  یہ ۲۱؍ فروری ۲۰۲۰ء کو ہی معلوم ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK