Inquilab Logo

پی ایس جی اور چیلسی ہار کے باوجودچمپئن لیگ کے سیمی فائنل میں داخل

Updated: April 15, 2021, 11:27 AM IST | Agency | London/Paris

بائرن نے پی ایس جی کو صفر۔ ایک سے شکست دی اور پورٹو نےبھی چیلسی کی صفر۔ ایک سے ہرا دیا ۔دونوں کلبوں کو ’اوے گول ‘ کافائدہ ملا

Chelsea (blue jersey) focus on getting the ball.Picture:INN
چیلسی کے کھلاڑی (نیلی جرسی )کی توجہ گیند حاصل کرنے پر مرکوز۔تصویر :آئی این این

 یوئیفا چمپئن لیگ کے دفاعی چمپئن بائرن میونخ فٹبال کلب کا  سفر منگل کی دیر رات پیرس میں ختم ہوگیا۔ چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے کے میچ میں اس نے پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی ) فٹبال کلب کو شکست دےدی لیکن اوے گول کی بنیاد پرپیر س کے کلب نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ بائرن نے یہ میچ صفر۔ ایک  سے  جیت لیا تھا لیکن اسے اپنے گھریلو میدان پر پچھلے میچ میں ۲۔۳؍ سے شکست ہوئی تھی۔ دونوں مرحلوں کا مجموعی اسکور ۳۔۳؍ رہا لیکن پیر س کے کلب نے جرمنی میں ۳؍بیرون شہر گول کئے تھے جس کی وجہ سے وہ اگلے راؤنڈ میں پہنچنے میں کامیاب رہا۔  بائرن میونخ نے پہلے ہاف میں اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا اور پیرس کے کلب پر مسلسل حملے کئے لیکن پی ایس جی کے گول کیپر اس کے حملوں کو ناکام کردیا سوائے ایک حملے کے جو ۴۰؍ویں منٹ میں کیا گیاتھا۔ فرسٹ ہاف کے خاتمے سے ۵؍منٹ قبل ایرک میکسم چوپو موٹنگ نے بائرن کیلئے میچ کا واحدگول کیا اور اسکو ر صفر ۔ ایک کردیا۔ یہ اسکور میچ کے آخر تک برقرار رہا کیونکہ دوسرے ہاف میں میں پیرس سینٹ جرمین کے کھلاڑیوں نے زبردست دفاع اور حملے کا کھیل پیش کیا تھا۔ میچ کے بعد بائرن کے کوچ ہینسی فلک نے کہا ’’میری ٹیم میں بہت صلاحیت تھی لیکن وہ  آج اپنا بہترین مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی۔ میں اپنی ٹیم کی شکست قبول کرتا ہوں کیونکہ میچ کا نتیجہ دوسرا بھی ہوسکتا تھا۔ ‘‘پی ایس جی سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے اور وہ اگلا مقابلہ بھی جیت جاتاہے تو ۵۱؍برس میں دوسری بار چمپئن لیگ کے فائنل میں پہنچے گا۔ گزشتہ سال بائرن نے ہی اسے فائنل میں صفر۔ ایک سے شکست دی تھی۔ پیر س کے کلب نے اب تک چمپئن لیگ کا خطاب نہیں جیتا ہے۔ میچ کے بعد پی ایس جی کے کھلاڑی نیمار نے کہا ’’ہم نے یوروپین چمپئن کو شکست دی ہے۔ ہم نے ایک بہترین ٹیم کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے۔

چیلسی فٹبال کلب کو اپنے گھریلو میدان اسٹیمفورڈبریج میں پورٹو فٹبال کلب کے ہاتھوں صفر۔ ایک سے شکست ہوئی ا س کے باوجود یہ کلب سیمی فائنل میں داخل ہوگیا ہے۔ چمپئن لیگ کے پہلے مرحلے میں اس نے پورٹو کو اس کے ہی میدان پر صفر۔ ۲؍ گول سے شکست دی تھی اور دونوں مرحلوں کے میچ کا مجموعی اسکور ایک۔۲؍ رہا۔ چیلسی فٹبال کلب کو بیرون شہر گول کا فائدہ ہوا اور وہ آخری ۴؍میں داخل ہوگیا۔  میچ کا فرسٹ ہاف گول سے خالی تھا اور دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیمیں گول کرنے کیلئے جدوجہد کرتی رہیں ۔ میچ کے انجری ٹائم کے تیسرے منٹ میں پرتگالی کلب پورٹو نے فاتحانہ گول کیا۔ ایم تحریمی نے انجری ٹائم کے تیسرے منٹ میں ٹیم کاواحد گول کیا لیکن یہ گول بھی پورٹو کو سیمی فائنل میں پہنچانے کیلئے ناکافی تھا کیونکہ آخری وہیسل پر چیلسی نے دونوں مرحلوں کا مقابلہ ایک ۔۲؍ سے جیت لیا تھا۔ خیال رہےکہ پہلے مرحلے کے میچ میں چیلسی نے پورٹوکے میدان پر صفر۔۲؍ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ میچ کے بعد چیلسی کے کوچ تھامس ٹیوکیل نے کہا کہ چمپئن لیگ کے دونوں میچ بہت اچھے تھے اور ہم شائقین کو بہت یاد کررہے تھے جوکہ تفریح کا موقع تلاش کررہے ہیں۔ لیکن اس میں ہم کچھ نہیں کرسکتے ہیں کیونکہ حکومت کی پابندیوں کے سبب شائقین کا اسٹیڈیم میں آنا ممنوع ہے۔ خیال رہے کہ ۲۰۱۴ء کے بعد چیلسی فٹبال کلب پہلی بار چمپئن لیگ  کے سیمی فائنل میں پہنچا ہے اور اس نے اپنے گھریلو میدان پر شکست کے باوجود یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ چیلسی کے کوچ تھامس ٹیوکیل نے کہاکہ پورٹو جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف کھیلنا آسان نہیں تھا لیکن ہم نے پہلے مرحلے میں اپنا کام کردیا تھا اور حریف ٹیم پر سبقت حاصل کرلی تھی۔ اس لئے دوسرے مرحلے میں کھلاڑی آرام سے کھیل رہے تھے۔

chelsea psg Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK