Inquilab Logo

پی ایس جی نے سیزن ختم ہونے سے قبل لیگ وَن کا خطاب جیت لیا

Updated: April 25, 2022, 2:11 PM IST | Agency | Paris

پیرس کے فٹبال کلب نے ۱۰؍ویں مرتبہ خطاب پر قبضہ کرلیا۔ لینس کیساتھ پی ایس جی کا مقابلہ ایک ایک سے ڈرا۔ شائقین ناراض

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 فرانس کی گھریلو فٹبال لیگ لیگ وَن کے سیزن کا اختتام ہونے میں ابھی ۴؍میچ باقی ہیں تاہم اس سے پہلے ہی پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی ) فٹبال کلب نے خطاب پر قبضہ کرلیاہے۔ حالانکہ سنیچر کی دیر رات لینس کلب سے اس کا مقابلہ تھا اور یہ ۱۔۱؍گول سے ڈرا ہوا جس کی وجہ سے اس کے شائقین ناراض ہوکر میچ ختم ہونے سےپہلے ہی اسٹیڈیم سے چلے گئے  اور وہ ٹیم کے جشن میں شامل بھی نہیں ہوئے۔ 
 لیگ وَن کا خطاب جیتنے کیلئے پی ایس جی کو صرف ایک پوائنٹ کی ضرورت تھی اور لینس کے خلاف ہونے والے میچ میں لیونل میسی نے ۶۸؍ویں منٹ میں نیمار کی مدد سے ٹیم کا پہلا گول کیا  لیکن ۱۰؍کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے والے لینس فٹبال کلب کی جانب سے سی جین نے ڈی میکادو کی مددسے ٹیم کیلئے برابری کا گول کرکے اسکور ۱۔۱؍گول کردیا۔ میچ ڈرا ہونے سے پی ایس جی کو ایک پوائنٹ مل گیا اور اس نے سیزن کے اختتام سے قبل ہی  لیگ وَن کے خطاب پر قبضہ کرلیا۔ 
 پی ایس جی کے ۳۴؍میچوں کے بعد ۷۸؍پوائنٹس ہیں اور وہ ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ دوسرے نمبرپر موجود مارسیلے فٹبال کلب کے ۳۳؍میچوں میں ۶۲؍پوائنٹس ہیں۔ اگر مارسیلے اپنے سبھی ۵؍ میچ جیت جاتاہے تب بھی اس کے کل ۷۷؍پوائنٹس ہوجائیں گے ۔  اس لئے ۴؍میچ باقی رہتے پی ایس جی نے خطاب پر قبضہ کرلیاہے۔ ٹیبل پر تیسرے نمبرپر موناکو فٹبال کلب ہے جس کے ۳۴؍میچو ںمیں ۵۹؍پوائنٹس ہیں۔ 
 پی ایس جی کا منیجر بننے کے بعد موریشیو پوشیٹینو نے پہلی بار لیگ وَن کا خطاب اپنے نام کیا ہے۔ میچ ختم ہونے کے بعد انہوںنے کہاکہ مداحوں کے ساتھ ہمارا بہت برا وقت گزرا ہے اور ہم کوشش کریں گے کہ اگلے میچوں میں یہ بہتر ہوجائے۔ ہم جمہوری دور میں رہتے ہیں جہا ںہر کسی کو احتجاج کرنے کا پورا حق حاصل ہے لیکن میں مداحوں سے اپیل کرتا ہوںکہ ہم نے خطاب جیتا ہے کم از کم اس کا احترام کریں۔ میچ ختم ہونے سے قبل ناراض ہوکر اسٹیڈیم چھوڑ کر جانا اچھی بات نہیں ہے۔ 
 خیال رہے کہ میچ ختم ہونے سے ۱۰؍منٹ قبل اسٹیڈیم خالی ہوگیاتھا۔ اس سے پہلے چمپئن لیگ میں ریئل میڈرڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد بھی اسٹیڈیم خالی ہوگیا تھا۔ میچ کے بعد ٹیم کے کھلاڑی مارکو ویراٹی نے کہاکہ میں کچھ سمجھ نہیں پایاتھا۔ شائقین کی ناراضگی کس بات پر ہے۔ مجھے لگتاہے کہ وہ میڈرڈ کے کلب کے ہاتھوں شکست پر ناراض ہیں اس لئے وہ جلدی چلے گئے تھے۔ پی ایس جی کے کپتان مارکینوس نے کہاکہ شائقین کو ہماری عزت کرنی چاہئے۔ اس وقت اسٹیڈیم کا ماحول اچھا نہیں تھا اور کلب کے شائقین کو اپنے اس رویہ پر شرمندہ ہونا چاہئے۔   

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK