Inquilab Logo

پنجاب فتوحات کا سکسر لگانے کی کوشش کرےگی

Updated: October 30, 2020, 12:16 PM IST | Agency | Abu Dhabi

لگاتار ۵؍میچ جیتنے والی کنگز الیون اور راجستھان رائلز پلے آف میں پہنچنے کی امیدوں کو برقرار رکھنے کےلئے نبرد آزما ہوں گے

KL Rahul .Picture :INN
کے ایل راہل۔ تصویر:آئی این این

چوتھی پوزیشن والی کنگز الیون پنجاب اور ساتویں پوزیشن کی ٹیم راجستھان رائلز جمعہ کو آئی پی ایل کے ۵۰؍ ویں میچ میں پلے آف میں اپنی امیدوں کو برقرار رکھنے کے ارادے سے میدان میں اتریں گے ۔آئی پی ایل فی الحال اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور ہر میچ ہر ٹیم کے لئے اہم ہوتا جارہا ہے۔ پنجاب مسلسل ۵؍ میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے نمبر پر پہنچ گیا ہے جبکہ اسی ٹیم نے اپنے پہلے ۷؍ میچوں میں صرف ایک میچ جیتا تھا۔ پنجاب نے ٹیبل میں نیچے والی پوزیشن سے حیرت انگیز واپسی کی ہے اور اب وہ چوتھے نمبر پر ہے اور اب ٹیم پلے آف میں جگہ کی تلاش میں ہے۔ پنجاب ۱۲؍ میچوں میں ۶؍   جیت ، ۶؍ ہار اور ۱۲؍ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ ٹیم کو پلے آف کے لئے باقی دونوں میچ جیتنے ہوں گے۔ راجستھان ۱۲؍ میچوں میں۵؍ جیت ، ۷؍ شکست اور ۱۰؍ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ راجستھان کیلئے بھی اپنے بقیہ ۲؍ میچوں میں کامیابی حاصل کرناضروری ہے اور ۱۴؍پوائنٹس پر ٹھہر کر پلے آف کے لئے کچھ ٹیموں کے ساتھ مقابلہ کرنے کی امید ہے جہاں نیٹ رن ریٹ ٹیموں کی تقدیر کا تعین کرے گا۔ راجستھان کو نہ صرف اپنے باقی میچ جیتنا ہے بلکہ اپنے رن ریٹ میں بھی نمایاں بہتری لانی ہوگی۔ پنجاب نے اپنے پچھلے میچ میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو شکست دی تھی جبکہ راجستھان نے ممبئی انڈینس کو ۸؍ وکٹوں سے شکست دے کر اپنی امیدوں کو برقرار رکھا تھا۔ راجستھان کے بعد پنجاب اپنا آخری لیگ میچ چنئی سپر کنگز کے ساتھ کھیلے گا اور راجستھان کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے خلاف کھیلے گا۔ دونوں میچ اتوار کو کھیلے جائیں گے۔پنجاب نے اپنے آخری ۵؍ میچوں میں بنگلور کو ۸؍ وکٹ سے ، ممبئی انڈینس کو دوسرے سپر اوور میں ، دہلی کیپٹلز کو ۵؍ وکٹ سے ، حیدرآباد کو ۱۲؍رن سے اور کولکاتا کو ۸؍ وکٹوں سے شکست دی ہے۔ اس فارم کی بنیاد پر پنجاب کو جیتنے کا دعویدار تسلیم کیا جارہا ہے لیکن اس بار ٹورنامنٹ میں بہت سی مساوات تبدیل ہوگئیں اور آخری گیند تک کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ پنجاب کے کپتان لوکیش راہل نے کہا کہ میں اور پوری ٹیم بہت خوش  ہے۔ یہ وہ چیز ہے جس کو ہم سب مل کر کرنا چاہتے تھے ، گراؤنڈ میں جاکر مثبت کرکٹ کھیلنا۔ ہم سب کو یقین ہے کہ صورت حال ہمارے حق میں ہوسکتی ہے۔ مسلسل ۵؍ جیت،  یہ پوری ٹیم کی کوشش کا نتیجہ ہے ، یہ صرف ایک شخص کی محنت نہیں ہے۔ بیٹنگ اچھی تھی ، بولنگ بھی اچھی تھی۔ ہم نے پورے ٹورنامنٹ میں بہت اچھی فیلڈنگ بھی کی۔ مجھے خوشی ہے کہ سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے اور ہم مزید۲؍ میچ جیت سکتے ہیں۔ راجستھان کے کپتان اسٹیون اسمتھ ممبئی کے خلاف ۸؍ وکٹوں کی جیت سے حوصلہ افزا ہیں اور ان کا خیال ہے کہ اس جیت سے ٹیم کا  اعتماد بحال ہوا ہے۔ اسمتھ نے کہا کہ وہ اس جیت سے بہت خوش ہیں اور ٹیم مزید جیت کی تلاش میں ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہمارے بلے بازوں کو اس میچ سے  حوصلہ ملے گا اور اس سے انہیں مزید میچ جیتنے میں مدد ملے گی۔
 راجستھان اور ممبئی کے مابین آخری لیگ میچ ۲۷؍ ستمبر کو شارجہ میں ہوا تھا جس میں راجستھان نے ۴؍ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی لیکن اس کے بعد پنجاب کی ٹیم کی فارم اچھی نہیں تھی جب کہ اس وقت پنجاب ٹاپ فارم میں دکھائی دے رہی ہے۔کُل ملاکر کہا جائے تو یہ مقابلہ کافی دلچسپ ہونے کی امید کی جا سکتی ہے ۔ایک جانب جہاں کے ایل راہل کی قیادت میں پنجاب کی ٹیم فتوحات کا سکسر لگانے کی کوشش کرےگی وہیں اسٹیون اسمتھ کی بھی کوشش ہوگی کہ وہ میچ جیت کر اپنی ٹیم کی امیدوں کو برقرار رکھ سکیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK