Inquilab Logo

میرا ہدف اولمپک میں میڈل جیتنا ہے: قاسم ناڈکر

Updated: January 11, 2022, 1:06 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

کراٹے چمپئن نے بین الاقوامی مقابلے میں ۲؍طلائی تمغے جیتے ہیں

Qasim Nadkar.Picture:INN
قاسم ناڈکر۔ تصویر: آئی این این

قاسم علی):کراٹے کے بین الاقوامی مقابلے میں ۲؍گولڈ میڈل جیتنے والے قاسم ناڈکر نے بتایا کہ وہ اب اولمپک میں ہندوستان کیلئے تمغہ جیتنا چاہتے ہیں۔ خیال رہے کہ حال ہی میں قاسم ناڈکر نے آگرہ میں منعقدہ انٹرنیشنل انڈو کونٹینینٹل کراٹے چمپئن شپ ۲۰۲۱ء میں ۲؍گولڈ میڈل اپنے نام کئے ہیں۔ انہوںنے مردوں کے انڈر ۲۱؍ کے ۷۵؍کلوگرام سے کم وزن کے مقابلے میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی  اور اس زمرے کے ۲؍مقابلوں میں انہوںنے سری لنکا اور بنگلہ دیش کے حریفو ں کو شکست دے کر ۲؍طلائی تمغہ جیتے تھے۔  قاسم ناڈکرنےبتایا کہ اس مقابلے میں۵؍ ممالک کے کراٹے چمپئنس نے شرکت کی تھی اور سبھی مضبوط کھلاڑی تھے۔ حکومت نے اس کا انعقاد کرنے کیلئے جاپان کی کراٹے فیڈریشن کو موقع دیا تھا ۔ کومیتے کے مقابلے کے فائنل میں نے سری لنکا کے حریف کو ۲۔۵؍ سے شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں ایک اور مقابلہ تکنیکی سطح کا ہوتا ہے اور اس میں میرے مقابل بنگلہ دیشی حریف تھا ، اسے بھی میں نے شکست دی اور گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔  قاسم ناڈکر نے بتایا کہ انہوں نے سیلف ڈیفنس کے تحت اس کھیل کو سکھاتا اور اس کے بعد کراٹے میں ان کی دلچسپی بڑھ گئی اور انہوںنے بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں بھی شرکت شروع کر دی۔ یہ پہلی بار نہیں ہے جب  انہوں نے گولڈ میڈل جیتا ہے، اس سے قبل ۲۰۲۰ء میں انہیں عالمی سطح کا بہترین کراٹے کھلاڑی کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔  قاسم ناڈکر نے بتایا’’میں قانون کی تعلیم کے ساتھ ساتھ کمپوٹرکی اعلیٰ تعلیم بھی حاصل کررہا ہوں لیکن کراٹے کو بھی ترجیح دیتا ہوں ۔ میں کبھی ایسا نہیں ہونے دیتا کہ تعلیم کو نظرانداز کرکے کراٹے پر توجہ دوں۔ میں دونوں چیزوں میں توازن برقرار رکھتا ہوں۔‘‘ قاسم ناڈکر نے بتایا’’میں مستقبل میں کراٹے کو پیشہ ورانہ طورپر اختیار کرنا چاہتا ہوں اور اس کے بین الاقوامی مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے  اولمپک میں ملک کیلئے میڈل جیتنا میرا ہدف ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK