Inquilab Logo

رافیل ندال آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں

Updated: January 28, 2020, 11:54 AM IST | Agency | Melbourne

اسپینش اسٹارنے آسٹریلین اوپن کے پری کوارٹر فائنل میں نک کرگیوس کو شکست دے دی۔ ندال کا اگلا مقابلہ آسٹریائی کھلاڑی ڈومینک تھیم سے ہوگا

رافیل ندال ۔ تصویر : آئی این این
رافیل ندال ۔ تصویر : آئی این این

 میلبورن : اپنے دوسرے آسٹریلین اوپن خطاب کی تلاش میں لگے عالمی نمبر وَن کھلاڑی اسپین کے رافیل ندال نے آسٹریلیا کے نک كرگيوس کے چیلنج پر پیر کو ۴؍ سیٹ میں۳۔۶، ۶۔۳،۶۔۷، ۶۔۷؍ سے قابو پاتے ہوئے سال کے پہلے گرینڈ سلیم کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی جبکہ چوتھی سیڈ روس کے ڈینیل میدویدیف ۵؍ سیٹ میں شکست کھاکر  باہر ہو گئے۔ ٹاپ سیڈیڈ ندال نے روڈ لیور ایرینا میں۲۳؍  ویں سیڈیافتہ كرگيوس کے  چیلنج پر ۳؍ گھنٹے ۳۸؍ منٹ میں قابو پایا۔ ندال نے پہلا سیٹ آسانی سے جیت لیا لیکن آسٹریلوی کھلاڑی نے لوٹتے ہوئے دوسرا سیٹ جیت کر مقابلہ دلچسپ بنا دیا۔ عالمی نمبر ایک کھلاڑی ندال کو اگلے ۲؍ سیٹ ٹائی بریکر میں جیتنے کیلئے پسینہ بہانا پڑ گیا۔ ند ال نے میچ میں۶۴؍ ونرس لگائے اور ۱۲؍ویں بار آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ ندال نے اس جیت سے كرگيوس کے خلاف اپنا کریئر ریکارڈ۳۔۵؍کر لیا ہے۔ ندال نے میلبورن پارک میں ۵؍ فائنل میں صرف ۲۰۰۹ء  میں خطاب جیتا تھا۔
 ندال کا کوارٹر فائنل میں ۵؍ویں سیڈ یافتہ آسٹریا کے ڈومینک تھیم سے مقابلہ ہوگا جنہوں نے ایک اور میچ میں ۱۰؍ویں سیڈیافتہ فرانس کے گائل مونفلس کو ڈیڑھ گھنٹے میں۲۔۶، ۴۔۶، ۴۔۶؍ سے ہرا دیا اور پہلی بار سال کے پہلے گرینڈ سلیم کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ ندال کا تھیم کے خلاف۴۔۹؍ کا کریئر ریکارڈ ہے۔اس دوران مرد زمرے کے ایک بڑے الٹ پھیر میں چوتھی سیڈیافتہ میدویدیف کو۱۵؍ ویں سیڈیافتہ سوئزرلینڈ کے اسٹانسلاس واؤرنکا نے ۳؍ گھنٹے ۲۵؍ منٹ کی جدوجہد میں۲۔۶، ۶۔۲، ۴۔۶، ۶۔۷، ۲۔۶؍سے ہرا دیا اور یہاں ۵؍ویں مرتبہ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ ۲۰۱۷ء  کے بعد پہلی بار میلبورن پارک میں کوارٹر فائنل میں پہنچے واؤرنکا کے آخری ۸؍ میں ۷؍ویں سیڈیافتہ جرمنی کے الیگزینڈر زیوریو سے مقابلہ ہوگا جنہوں نے ۱۷؍ویں سیڈیافتہ  روسی کھلاڑی آندرے ربلیو کو ایک گھنٹے۳۷؍ منٹ میں۴۔۶، ۴۔۶، ۴۔۶؍سے شکست دی۔
 خواتین میں چوتھی سیڈ یافتہ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے۱۶؍ ویں سیڈیافتہ  ایلس مرٹنس کو ایک گھنٹے  ۳۷؍منٹ میں۴۔۶، ۴۔۶؍سے شکست دے کر آخری ۸؍ میں مقام بنا لیا۔   اسپین کی گربان مگوروزانے ۹؍ویں  سیڈ ہالینڈ کی كيكي برٹنس کو صرف۶۸؍ منٹ میں۳۔۶، ۳۔۶؍ سے شکست دے دی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK