Inquilab Logo

رافیل ندال کلے کورٹ کے عظیم الشان شہنشاہ

Updated: June 07, 2022, 1:02 PM IST | Agency | Paris

ریکارڈ ۱۴؍ویںبار فرنچ اوپن اپنے نام کرلیا۔ اپنے ہی شاگرد رُوڈ کو ۳؍سیٹوں میں مات دی۔ ریکارڈ ۲۲؍ویں گرینڈ سلیم پر قبضہ

Rafael Nadal. Picture:INN
رافیل ندال ۔ تصویر: آئی این این

اسپین کے اسٹار ٹینس کھلاڑی رافیل ندال نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ کلے کورٹ کے عظیم الشان بادشاہ ہیں ۔ انہوںنے اپنے ہی شاگرد کیسپر رُوڈ کو فرنچ اوپن کے فائنل میں شکست دے کر ریکارڈ ۱۴؍ویں مرتبہ مردوں کے سنگلز کے خطا ب پر قبضہ کرلیا۔ امسال انہوںنے  آسٹریلین اوپن جیت کر سب سے زیادہ گرینڈ سلیم جیتنے کا ریکارڈ بنایا تھا اور فرنچ اوپن جیت کر انہوں نے اس سلسلے کو آگے بڑھایا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ ایک ہی گرینڈ سلیم کو سب سے زیادہ مرتبہ جیتنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں اور اس ریکارڈ کو بھی انہوںنے آگے بڑھایا ہے۔ اب اس کی تعداد ۱۳؍کی جگہ ۱۴؍ ہوگئی ہے۔ ۲۰۲۲ء میں انہوں نے اپنامسلسل دوسرا گرینڈ سلیم جیتا ہے۔سال کے آغاز میں ندال نے آسٹریلین اوپن جیتا تھا۔   فرنچ اوپن کے ناقابل تردید کنگ اوررولا گیروکے کلے کورٹ کے درمیان رومانس برقرارہے۔ رافیل ندال نے ناروے کے کیسپر رُوڈ کو اتوارکی رات یکطرفہ انداز میں۳۔۶، ۳۔۶، صفر۔۶؍  سے شکست دے کر۱۴؍واں فرنچ اوپن کا خطاب جیت لیا اوراس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے گرینڈ سلیم کی تعداد ۲۲؍پہنچادی۔ چمپئن بننے والے سب سے عمر دراز کھلاڑی: ۳۶؍ سالہ رافیل ندال فرنچ اوپن کاخطاب  جیتنے والے سب سے عمردراز مرد کھلاڑی بن گئے ہیں۔۵۰؍ سال قبل آندرے گیمینو نے۳۴؍ سال کی عمر میں یہ خطا ب  اپنےنام کیاتھا۔ اب ندال نے ان کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ ندال  اس سے قبل سال کا پہلا گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن بھی جیتا تھا۔ یہ پہلا موقع ہے جب انہوں نے سال کے پہلے  دونوں گرینڈ سلیم کواپنے نام کیا۔ یہ رافیل ندال کا۹۲؍ سنگلز خطاب بھی ہے۔ اس معاملے میں ان سے ۳؍ کھلاڑی آگے ہیں۔ ٹکر بھی نہ دے پائے رُوڈ: ناروے کے کیسپر رُوڈ رافیل ندال کو ہی اپنا مثالی تسلیم کرتے  ہیں۔ انہوں نے ندال کے ساتھ کافی ٹریننگ کی ہے۔ اس کے بعد بھی۲۳؍ سالہ رُوڈ انہیں ٹکرنہ دے سکے۔ رافیل ندال نے مقابلے کو۲؍ گھنٹے۱۸؍ منٹ میں لگاتار سیٹوں میں اپنے نام کرلیا۔ دوسرے سیٹ میں ایک موقع پر رُوڈ۱۔۳؍ سے آگے تھے لیکن لگاتار ۵؍ گیمز جیت کر اسپین کے اسٹار ندال نے سیٹ اپنے نام کر لیا۔ تیسرے سیٹ میں رُوڈ ایک گیم بھی  نہ جیت سکے اوران کا چمپئن  بننے کا خواب ٹوٹ گیا ۔خیال رہے کہ رافیل ندال نے۲۰۰۵ء میں پہلی بار فرنچ اوپن جیتا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK