Inquilab Logo

سری لنکا دورے کیلئے راہل دراوڑ ٹیم انڈیا کے کوچ مقرر

Updated: May 21, 2021, 1:57 PM IST | Agency | New Delhi

قومی کرکٹ اکیڈمی(این سی اے) کے ڈائرکٹر اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راہل دراوڑ جولائی میں سری لنکا کا دورہ کرنے والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے

Rahul Dravid .Picture:INN
راہل دراوڑ ۔تصویر :آئی این این

قومی کرکٹ اکیڈمی(این سی اے) کے ڈائرکٹر اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راہل دراوڑ جولائی میں سری لنکا کا دورہ کرنے والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوںگے۔واضح رہے کہ بنگلور میں واقع این سی اے کے ڈائرکٹر بننے کے بعد  ہندوستان  ’اے‘ اور انڈر۔۱۹؍ ٹیموں کے ساتھ راہل دراوڑ نے دورہ بند کردیا تھا۔راہل دراوڑ ہندوستان کی ’بی‘ ٹیم کے ساتھ سری لنکا  کےدورے پر جائیں گے ۔یاد رہے کہ روی شاستری’ اے‘ ٹیم کے ساتھ انگلینڈ دورے پر جائیںگے۔
 بی سی سی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ ’’ راہل دراوڑ سری لنکا دورے پر ٹیم کے ساتھ جائیں گے۔‘‘گیندبازی کوچ پارس مھامبرے بھی معاون اسٹاف کا حصہ ہوںگے۔واضح رہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم سری لنکا میں ۳؍یکروزہ میچ اور اتنے ہی ٹی۔۲۰؍میچ کھیلے گی۔سری لنکا کا دورہ کرنے والی ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑی ہوںگے جبکہ ہاردک پانڈیا،شکھر دھون اور شریاس ایر میں سے کسی ایک کو کپتانی کی ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے۔یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ دورے سے قبل شریاس ایر کندھے کی چوٹ سے پوری طرح ٹھیک ہوپاتے ہیں یا نہیں۔
شکھر دھون کپتان ہوں گے
 ٹیم کے سینئر کھلاڑی انگلینڈ کے دورے پر ہوںگے اس لئے کہا جا رہا ہے کہ کپتانی کی ذمہ داری شکھر دھون کو دی جا سکتی ہے۔خبروں کے مطابق شکھر دھون کو کپتان بنایا جائے گا جبکہ اس ٹیم میں ہاردک پانڈیا اور کنال پانڈیا کے علاوہ تیز گیندباز دیپک چاہر اور لیگ اسپنر راہل چاہر کو بھی ٹیم میں جگہ دی جا سکتی ہے۔واضح رہے کہ راہل چاہر نے آئی پی ایل کے اس سیزن میںشاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۱۱؍ وکٹیں حاصل کی تھیں اور بحیثیت اسپن گیند باز سب سے زیادہ وکٹ لی تھیں۔
پڈیکل اور رانا کر سکتے ہیں کریئر کا آغاز
 رائل چیلنجرز بنگلور کے افتتاحی بلے باز دیودت پلیکل اور کولکاتا نائٹ رائیڈرز سے نتیش راناکوبھی ٹیم میں جگہ دی جا سکتی ہے۔یہ دونوں سری لنکا کے خلاف سیریز سے اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کر سکتے ہیں۔ان کے علاوہ راہل تیواتیا اور ورون چکرورتی بھی سری لنکا جا سکتے ہیں۔یہ دونوں کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل فٹنس ٹیٹ میں ناکام ہوگئے تھے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK