Inquilab Logo

راجستھان اورتمل ناڈو کےدرمیان مقابلہ ہوگا جبکہ پنجاب اور بڑودہ آمنےسامنے ہوںگے

Updated: January 29, 2021, 2:00 PM IST | Agency | Ahmedabad

آئی پی ایل کے ۱۴؍ ویں سیزن کے لئے نیلامی ۱۸؍فروری کو چنئی میں ہوگی اور اس نیلامی میں قیمت پانے کے لئے کھلاڑی تیار ہوچکے ہیں جو جمعہ کے روز سردار پٹیل اسٹیڈیم میں ہونے والے سید مشتاق علی ٹی ۔۲۰؍کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں اپنی کارکردگی سے فرنچائیزی ٹیموں کی توجہ مرکوز کرنا چاہیں گے۔

Mahipal Lomror.Picture :INN
مہیپال لومرور۔ تصویر:آئی این این

آئی پی ایل کے ۱۴؍ ویں  سیزن کے لئے نیلامی ۱۸؍فروری کو چنئی میں ہوگی  اور اس نیلامی میں قیمت پانے کے لئے کھلاڑی تیار ہوچکے ہیں جو جمعہ کے روز سردار پٹیل اسٹیڈیم میں ہونے والے سید مشتاق علی ٹی ۔۲۰؍کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں اپنی کارکردگی سے فرنچائیزی ٹیموں کی توجہ مرکوز کرنا چاہیں  گے۔ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل لائن اپ طے ہوچکا ہے۔ راجستھان کا پہلے سیمی فائنل میں تمل ناڈو سے مقابلہ ہوگا جبکہ اسی دن دوسرے سیمی فائنل میں پنجاب اور بڑودہ آمنے سامنے ہوں گے ۔ فائنل ۳۱؍ جنوری کو کھیلا جائے گا۔  راجستھان  نے چوتھے کوارٹرفائنل میں مہیپال لومرور کی ناٹ آؤٹ ۷۸؍رنوں کی شاندار اننگز اورگیندبازوں کی عمدہ کارکردگی سے بہار کو ۱۶؍رنوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ راجستھان نے ۲۰؍اوور میں ۵؍ وکٹ پر ۱۶۴؍رنوں کا  چیلنجنگ اسکور بنایا اور بہار کو ۴؍ وکٹ پر ۱۴۸؍رنوں پر  رول دیا۔ لومرور نے طوفانی انداز میں کھیلتے ہوئے صرف ۳۷؍گیندوں میں ۵؍چوکوں  اور ۵؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۷۸؍رن بنائے ۔ بڑودہ نے وشنو سولنکی کی ناٹ آؤٹ ۷۱؍رنوں کی  شاندار  اننگز کی بدولت تیسرے کوارٹر فائنل میں  ہریانہ کو یک طرفہ انداز میں ۸؍ وکٹوں سے شکست دی۔ بڑودہ نے ہریانہ کو ۲۰؍اوور میں ۷؍ وکٹ پر  ۱۴۸؍پر روکنے کے بعد ۲؍ وکٹ پر ۱۵۰؍رن بناکر یکطرفہ جیت حاصل کرلی۔ سولنکی نے صرف ۴۶؍گیندوں میں ۴؍ چوکوں اور ۵؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۷۱؍رن کی میچ فاتح اننگز کھیلی۔  دوسرے کوارٹر فائنل میں تمل ناڈو نے بابا اپراجیت (ناٹ آؤٹ ۵۲) اور شاہ رخ خان (۴۰؍ناٹ آؤٹ) کی عمدہ اننگز کی بدولت ہماچل پردیش کو۵؍ وکٹوں سے شکست دی۔ تمل ناڈو نے ہماچل کو ۲۰؍اووروں میں۹؍ وکٹوں پر ۱۳۵؍رنوں پر  روکنے کے بعد ۱۷ء۵؍اوور میں ۵؍ وکٹوں پر ۱۴۱؍رن بنا کر میچ جیت لیا۔ اپاراجیت نے ۴۵؍گیندوں پرناٹ آؤٹ    ۵۲؍ رن میں ۳؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگائے۔ شاہ رخ نے صرف ۱۹؍گیندوں میں  ناٹ آؤٹ  ۴۰؍رن میں ۵؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگائے۔ پنجاب  نے   پہلے کوارٹر فائنل میں اپنے بلے بازوں کی  بہترین کارکردگی  سے کرناٹک کو یک طرفہ انداز میں نو وکٹوں سے شکست دی تھی۔  پنجاب نے کرناٹک کو ۱۷ء۲؍اووروں میں صرف ۸۷؍رن پر ڈھیر کیا اور ۱۲ء۴؍اووروں میں ایک وکٹ پر ۸۹؍رن بناکر یکطرفہ انداز میں آسانی سے میچ جیت لیا۔ پنجاب کو سلامی بلے باز سمرن سنگھ اور کپتان مندیپ سنگھ نے دوسرے وکٹ کی ناٹ آؤٹ شراکت میں ۸۵؍رن جوڑ کر جیت دلائی۔  سمرن نے ۳۷؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ  ۴۹؍رنوں میں ۲؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگائے جبکہ کپتان مندیپ نے ۵۵؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ۳۵؍رنوں میں ۴؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK