Inquilab Logo

آئی پی ایل میں آج راجستھان رائلز کا پُراعتماد دہلی کیپٹلس سے مقابلہ

Updated: April 15, 2021, 10:51 AM IST | Agency | Mumbai

آئی پی ایل میں اپنے دوسرے میچ میں راجستھان کی ٹیم پہلی کامیابی حاصل کرنا چاہے گی۔ رشبھ پنت کی ٹیم دہلی کیپٹلس اپنے فتح کے سلسلے کو برقرار رکھنے کیلئے میدان پر اترے گی

Rishbh Pant.Picture:INN
رشبھ پنت۔تصویر :آئی این این

 جمعرات کو آئی پی ایل میں راجستھان رائلز کا مقابلہ  پُر اعتماد دہلی کیپٹلس سے ہوگا۔ ان دونوں ٹیموں کے کپتان نئے ہیں۔ راجستھان کے کپتان سنجو سیمسن ہیں اور دہلی کے کپتان رشبھ پنت  ہیں۔ دہلی نے اپناپہلا میچ چنئی سپرکنگز کے خلاف جیتا تھا جبکہ راجستھان کو اپنے میچ میں پنجاب کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔  دہلی کیپٹلس نے  اپنے پہلے  میچ میں  چنئی  سپر کنگز (سی ایس کے) کو ۷؍ وکٹوں سے شکست دے کر اپنے نئے کپتان رشبھ پنت کی سربراہی میں شاندار آغاز کیا۔دوسری طرف   راجستھان رائلز نے بڑے اسکور کے قریبی  میچ میں پنجاب کنگز کے خلاف ۴؍ رن سے    میچ گنوا دیا تھا۔  پنجاب  کی جانب سے ۲۲۲؍ رن کے بڑے ہدف کے تعاقب میں  رائلز کی ٹیم  نے اچھا آغاز کیا۔ آئی پی ایل میں کپتان کی حیثیت سے  پہلا  میچ کھیلنے والے سنجو سیمسن  نے ۶۳؍ گیندوں پر۱۱۹؍رن  بنائے تھے اوران کی  بدولت رائلز ٹیم آخر تک میچ میں برقرار رہی لیکن ٹیم کو  شکست ملی۔ سیمسن میچ کے آخر میں چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ  ہوگئے۔ اس وقت ٹیم کو جیتنے کیلئے ۵؍رن درکار تھے۔ اس ٹیم کو شکست کے بعد ایک اور دھچکا لگا جب اسٹار آل راؤنڈر بین اسٹوکس کی انگلی میں فریکچر ہونے کی وجہ سے وہ باقی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ اسٹوکس کی غیر موجودگی میں  جوس بٹلر ، شیوم دوبے  اور ریان پراگ جیسے ماہر کھلاڑیوں پر دباؤ ہوگا کہ وہ کپتان کی حمایت کریں۔ پہلے میچ میں منن وہرا (۱۲) ، بٹلر (۲۵) ، ڈوبے (۲۳) اور پراگ (۲۵) اچھی شروعات کو ایک بڑی اننگز میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ رائلز کی ٹیم کے لئے سب سے بڑا مسئلہ بولنگ کا ہے۔ پہلے میچ میں ٹیم کے بولر بالکل بھی فارم   میں نظر نہیں آئے تھے۔ چتین  سکاریا کے علاوہ سبھی ناکام رہے۔  دوسری طرف   پچھلی بار رنر اپ رہی دہلی نے ۳؍ بار کی چمپئن سی ایس کے کے خلاف آسان جیت کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا۔ چنئی  نے  ۷؍ وکٹوں پر۱۸۸؍ رن بنائے ،دہلی کے  اوپنر شکھر  دھون  اور پرتھوی شا کی نصف سنچریوں کی بدولت  دہلی نے کامیابی حاصل کرلی۔ دہلی کی جانب سے اویس خان نے اچھی بولنگ کی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK