Inquilab Logo

رنجی ٹرافی :کرناٹک، سوراشٹر اور بنگال سیمی فائنل میں داخل

Updated: February 25, 2020, 10:05 AM IST | Agency | Jammu

رنجی ٹرافی کے کوارٹر فائنل میں کرناٹک نے جموں وکشمیر کو شکست دی۔ سوراشٹر اور بنگال کو پہلی اننگز کی برتری کا فائدہ ملا

کٹک میں بنگال اور ادیشہ کے درمیان کھیلے جانے والے رنجی ٹرافی کے کوارٹر فائنل میچ کی تصویر ۔پی ٹی آئی
کٹک میں بنگال اور ادیشہ کے درمیان کھیلے جانے والے رنجی ٹرافی کے کوارٹر فائنل میچ کی تصویر ۔پی ٹی آئی

 جموں :سابق چمپئن کرناٹک، سوراشٹر اور بنگال نے رنجی ٹرافی کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ گجرات کی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ گئی تھی۔۲۹؍ فروری سے ہونے والے سیمی فائنل مقابلوں میں سوراشٹر اور گجرات راجکوٹ میں اور بنگال اور کرناٹک کولکاتامیں نبرد آزما ہوں گے۔ کرناٹک نے جموں وکشمیر کو پیر کو۱۶۷؍ رن سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ سوراشٹر نے آندھرا کے خلاف پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر آخری ۴؍ میں داخلہ یقینی بنایا۔ بنگال نے بھی ادیشہ  کے خلاف پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ گجرات کی ٹیم اتوار کو گوا کو۴۶۴؍ رن  سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی تھی۔
کرناٹک کی فتح میں چمکے كرشپا گوتم 
  آف اسپنر گوتم (۵۴؍ رن پر ۷؍ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کی بدولت کرناٹک نے جموں وکشمیر کو۱۶۷؍ رن سے ہرا دیا۔ کرناٹک نے صبح اپنی دوسری اننگز کو ۴؍ وکٹ پر۲۴۵؍ رن سے آگے بڑھایا  اور اس کی دوسری اننگز ۳۱۶؍رن پر ختم ہوئی۔ كرشنامورتی سدھارتھ نے۷۵؍رن سے آگے کھیلتے ہوئے۱۷۷؍گیندوں میں۱۰؍ چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے۹۸؍رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ سرینواس شرت نے۳۴؍ رن بنائے۔ جموں و کشمیر کی جانب سے عابد مشتاق نے۸۳؍ رن دے کر ۶؍ وکٹ، کپتان پرویز رسول نے۸۸؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ اور مجتبیٰ یوسف نے۴۴؍ رن دے کر ایک وکٹ لیا۔کرناٹک نے جموں و کشمیر کے سامنے ۳۳۱؍ رن کا ہدف رکھا لیکن جموں و کشمیر کی ٹیم نے گوتم کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے اور۴۴ء۴؍ اوور میں ۱۶۳؍ رن پر ڈھیر ہو گئی۔ جموں و کشمیر کی جانب سے شبھم پڈير نے سب سے زیادہ ۳۱؍رن بنائے اور ان کے علاوہ شبھم كھجوريا نے۳۰؍رن، عاقب نبی نے۲۶؍رن اور عمر نذیر میر نے۲۴؍ رن بنائے۔ کرناٹک کی جانب سے گوتم نے۱۸ء۴؍ اوور میں۵۴؍ رن دے کر ۷؍ وکٹ اور پرسدھ کرشنا نے۲۱؍ رن، رونت مورے نے ۳۰؍رن اور جگدیش سچت نے۳۸؍ رن دے کر ایک ایک وکٹ لیا۔
سوراشٹر پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر جیتا 
  سوراشٹر اور آندھرا کے درمیان اوگول میں کھیلا گیا مقابلہ ڈرا رہا اور سوراشٹر نے پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر آخری ۴؍ میں جگہ بنالی۔ سوراشٹر نے دوسری اننگز میں ۹؍ وکٹ پر۳۷۵؍ رن سے آگے کھیلتے ہوئے۴۲۶؍ رن بنائے۔ آندھرا کو جیت کیلئے۷۱۰؍ رن کا ناممکن ہدف ملاتھا۔ آندھرا نے ۴؍ وکٹ پر۱۴۹؍ رن بنائے تھے اور میچ ڈرا پرختم ہو گیا۔ سوراشٹر نے پہلی اننگز میں۴۱۹؍رن   اور آندھرا نے ۱۳۶؍ رن بنائے تھے۔
بنگال پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر سیمی فائنل میں 
 بنگال کو ادیشہ کے خلاف کٹک میں کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل میں پہلی اننگز کی برتری کا فائدہ ملا۔ بنگال نے پہلی اننگز میں۳۳۲؍ رن بنائے تھے جبکہ ادیشہ نے۲۵۰؍ رن بنائے تھے۔ بنگال دوسری اننگز میں ۷؍ وکٹ پر۳۶۱؍ رن سے آگے کھیلتے ہوئے ۳۷۳؍ رن بنائے اور ادیشہ کے سامنے۴۵۶؍ رن کا ہدف رکھا۔ ادیشہ کی اننگز میں۱۰؍ اوور کا ہی کھیل ہو پایا اور اس کیساتھ خراب روشنی کے سبب میچ روک دینا پڑا۔ میچ ڈرا رہا اور بنگال کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK