Inquilab Logo

رنجی ٹرافی میں بنگال نے پنجاب کواور کرناٹک نے بڑودہ کو ہراکرکوارٹر فائنل میں جگہ بنائی

Updated: February 15, 2020, 2:59 PM IST | Bengaluru

میچ کے تیسرے ہی دن بنگال نے پٹیالہ میں پنجاب کو۴۸؍ رن سے شکست دے دی جبکہ کرناٹک نے بنگلور میں بڑودہ کو ۸؍وکٹ سے مات دی ۔چنڈی گڑھ کی بھی اننگز سے فتح ۔گوا نے کولکاتا میں میزورم پر فتح پائی۔

بنگال کے کھلاڑی فتح کی علامت دکھاتے ہوئے ۔ تصویر: پی ٹی آئی
بنگال کے کھلاڑی فتح کی علامت دکھاتے ہوئے ۔ تصویر: پی ٹی آئی

 بنگلور : بنگال اور کرناٹک نے رنجی ٹرافی گروپ اے اور بی مقابلوں کے تیسرے ہی دن جمعہ کو کامیابی حاصل کر کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔ بنگال نے پٹیالہ میں پنجاب کو۴۸؍ رن سے شکست دے دی جبکہ کرناٹک نے بنگلور میں بڑودہ کو ۸؍وکٹ سے شکست دے دی۔بنگال کی جیت: بنگال نے پنجاب کو شکست دے کر ۶؍ پوائنٹس حاصل کئے۔ بنگال کی ٹیم پہلی اننگز می۱۳۸؍ رن پر لڑھک گئی تھی جبکہ پنجاب نے ۱۵۱؍ رن بنا کر برتری حاصل کی تھی۔ بنگال نے دوسری اننگز میں ارنب نندی (۵۱؍ رن ) اور منوج تیواری (۶۵؍رن)کی نصف سنچریوں سے ۲۰۲؍رن بنائے۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پنجاب کی ٹیم رمندیپ سنگھ کے ناٹ آؤٹ۶۹؍ رن کے باوجود۱۴۱؍ ر ن پر سمٹ گئی۔ بنگال کے ۸؍ میچوں میں چوتھی فتح کے بعد۳۲؍ پوائنٹس ہو گئے ہیں اور وہ اس گروپ کی ٹیبل میں ٹاپ پر ہے۔ کرناٹک ۸؍ وکٹ سے جیتا: کرناٹک نے بنگلور کے ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں بڑودہ کو ۸؍ وکٹ سے شکست دے کر ۶؍ پوائنٹس حاصل کئے۔ بڑودہ کی ٹیم پہلی اننگز میں ۸۵؍ رن پر لڑھک گئی جبکہ کرناٹک نے پہلی اننگز میں ۲۳۳؍رن بنائے۔ بڑودہ نے دوسری اننگز میں ۲۹۶؍ رن بنائے اور کرناٹک نے ۲؍ وکٹ پر۱۵۰؍ رن بنا کر میچ جیت لیا۔ کپتان كر ون نائر نے ناٹ آؤٹ۷۱؍ رن بنائے۔ کرناٹک کی ۸؍ میچوں میں یہ چوتھی جیت ہے اور وہ ۳۱؍ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے۔
 چنڈی گڑھ بھی اننگز سے جیتا: چنڈی گڑھ نے منی پور کو کولکاتا میں اننگز اور۴۰۵؍ رن کے بڑے فرق سے شکست دے کر بونس کے ساتھ ۷؍پوائنٹس حاصل کئے۔ چنڈی گڑھ نے اپنی پہلی اننگز ۸؍ وکٹ پر۶۷۲؍ رن پر اعلان کی۔ وپول شرما نے۲۰۰؍رن اور گریندر سنگھ نے ناٹ آؤٹ ۲۰۰؍ رن بنائے۔ منی پور اس کے جواب میں ۶۳؍ اور ۲۰۴؍ رن ہی بنا سکی۔ جگجیت سنگھ نے دوسری اننگز میں ۵۲؍ رن پر ۷؍ وکٹ لئے۔ چنڈی گڑھ کی ۹؍ میچوں میں یہ چوتھی فتح ہے اور وہ۴۳؍ پوائنٹس کیساتھ دوسرے نمبرپر ہے۔
 میگھالیہ نے اروناچل کو اننگز سے شکست دی: میگھالیہ نے پلیٹ گروپ میں اروناچل پردیش کو اننگز اور۲۴۸؍ رن سے ہرا دیا۔ میگھالیہ نے اپنی پہلی اننگز ۹؍ وکٹ پر ۵۷۶؍ رن پر ڈکلیئر کردی۔ پنیت بشٹ نے۲۵۰؍ رن بنائے۔ اروناچل کی ٹیم ۲۲۲؍رن اور۱۰۶؍ رن پر سمٹ گئی۔ میگھالیہ کو بونس کے ساتھ ۷؍ پوائنٹس ملے۔ میگھالیہ کی ۹؍ میچوں میں یہ ۵؍ویں جیت تھی اور وہ ۳۴؍پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔
دہلی نے راجستھان سے کرایا فالو آن
  تیز گیندباز سمرجيت سنگھ (۴۶؍ رن پر۴؍ وکٹ) کی شاندار بولنگ کی بدولت دہلی نے رنجی ٹرافی گروپ اے اور بی مقابلے کے تیسرے دن جمعہ کو راجستھان کو فالو آن کا سامنا کرنے کیلئے مجبور کر دیا۔ ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جا نےوالے اس میچ میں راجستھان کی پہلی اننگز۲۹۹؍ رن پر سمٹ گئی۔ دہلی نے اپنی پہلی اننگز میں ۶۲۳؍ رن بنائے تھے۔ راجستھان کو فالو آن کھیلنے پر مجبور ہونا پڑا اور اس نے دوسری اننگز میں اسٹمپس تک ۲؍ وکٹ پر۱۲۸؍ رن بنا لئے ہیں اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لئے ابھی ۱۹۶؍ رن بنانے ہیں ۔دہلی ناک آؤٹ کوارٹر فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہے اور اگر اسے اس میچ سے بونس سمیت ۷؍ پوائنٹس بھی مل جاتے ہیں تو بھی وہ ناک آؤٹ میں نہیں پہنچ پائے گی۔ ناک آؤٹ سے باہر ہو جانے کے بعد دہلی سنیچر کو میچ کے چوتھے اور آخری دن کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ راجستھان نے جمعرات کے۴؍ وکٹ پر ۱۱۵؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ کپتان اشوک مناريا نے ۳۸؍ رن اور راجیش بشنوئی نے۲۳؍ رن سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ مناريا نے۱۸۹؍ گیندوں پر۱۴؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۱۱۹؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی لیکن وہ اپنی ٹیم کو فالو آن سے نہیں بچا سکے۔
 بشنوئی نے۲۴، سلمان خان نے ۲۳، راہل چهر نے ۱۶، تنویر الحق نے۱۹، رتوراج سنگھ نے۱۶؍رن اور انكت چودھری نے ناٹ آؤٹ۱۹؍ رن بنائے۔ دہلی کی طرف سے سمرجيت نے۴۶؍ رن پر۴؍ وکٹ لئے جبکہ کنور بدھوڑی کو۴۰؍ رن پر۲؍ وکٹ، شیوم شرما کو۸۳؍ رن پر ۲؍ وکٹ، شوانك وششٹھ نے۸۹؍ رن پر ایک وکٹ اور نتیش رانا نے ۳۲؍ رن پر ایک وکٹ لیا۔ راجستھان کی دوسری اننگز میں اسٹمپس کے وقت مہی پال لومرور۶۴؍رن اور رتوراج سنگھ ۱۱؍ رن بنا کر کریز پر تھے۔ منندر نریندر سنگھ ۴؍ اور رام نواس گولاڈا ۲۸؍رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یش کوٹھاری ۱۶؍رن بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔
 اننگز کی جیت سے گوا ناک آؤٹ میں 
  گوا نے کولکاتا کے کرکٹ اینڈ فٹبال گراؤنڈ میں میزورم کو تیسرے ہی دن جمعہ کو اننگز اور ۲۱۱؍ رن سے شکست دے کر رنجی ٹرافی کے پلیٹ گروپ سے ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔گوا نے اپنی پہلی اننگز ۴؍ وکٹ پر۴۹۰؍ رن پر اعلان کی تھی۔ میزورم کی ٹیم دونوں اننگز میں ۱۰۹؍ اور ۱۷۰؍رن پر سمٹ گئی۔ گوا کو اس جیت سے بونس سمیت ۷؍ پوائنٹس ملے اور۹؍ میچوں میں اس کی یہ ۷؍ویں جیت رہی۔ گوا پلیٹ گروپ میں ۵۰؍ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر رہا اور اس نے ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔
ہماچل کے سامنے یوپی پر ہار کا بحران
  آکاش وششٹھ (۱۴۱) اور نکھل گنگٹا (۱۰۲) کی سنچری اٹیک اور دونوں کے درمیان۱۳۳؍ رن کی شراکت کے بعد شان ارورہ (۱۸؍ رن پر ۳؍ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کی بدولت ہماچل پردیش نے رنجی ٹرافی ایلیٹ گروپ اے بی مقابلے کے تیسرے دن جمعہ کو میزبان اترپردیش کو شکست کے دہانے کی جانب دھکیل دیا۔اٹل بہاری واجپئی اكانا اسٹیڈیم پر پہلی اننگز میں ۱۰۱؍ رن کی برتری لینے والی مہمان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز ۷؍ وکٹ پر ۴۳۳؍ رن پر اننگز ڈکلیئر کردی جس کے جواب میں یوپی دن کا کھیل ختم ہونے کے وقت صرف۷۷؍ رن پر ۴؍ اہم وکٹ گنوا کر جدوجہد کی صورت میں پہنچ چکی تھی۔ اوپنر آرین جيال ۳۸؍ رن بنا کر کریز پر تھے۔
 جمعرات کے ناٹ آؤٹ آکاش کا بلا آج جم کر بولا جنہیں آؤٹ کرنے کیلئے میزبان گیند بازوں کے پسینے چھوٹ گئے۔پہاڑی علاقے کے جانباز بلے باز نے اپنی سنچری میں ۲۴۳؍ گیند کھیل کر۱۵؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ انہیں نکھل کا بھرپور ساتھ ملا جنہوں نے ۵؍ویں وکٹ کے لئے اہم شراکت کی ۔ نکھل نے ۱۲؍ بار گیند کو باؤنڈری نشان کے پار پہنچایا۔دوسری اننگز میں کل ۵۳۴؍رن کے بڑے ا سکور سے پیچھے رہے میزبان ٹیم کا آغاز اوسط رہا اور ان کا پہلا وکٹ ۵۱؍ رن پر گرا لیکن کھیل کے آخری سیشن میں شان نے ایک کے بعد ۳؍ وکٹ لےکر یوپی کو شکست سےبچانے کے لئے جدوجہد کرنے مجبور کر دیا۔میزبان ٹیم کے ٹاپ آرڈر کے پاس مہمان بولر کا کوئی توڑ نہیں تھا۔اكشديپ ناتھ (صفر)، محمد سیف (ایک)، سمیر رضوی (۱۳؍رن) اور الماس شوکت ۲۰؍رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK