Inquilab Logo

رنجی ٹرافی : سرفرازخان ڈبل سنچری کی طرف گامزن

Updated: February 13, 2020, 4:02 PM IST | Agency | Mumbai

سرفراز خان (۱۶۹؍ رن ناٹ آؤٹ) اور آکرشت گومیل کی سنچریوں کی بدولت ممبئی میں بدھ کو مدھیہ پردیش کے خلاف رنجی ٹرافی گروپ اے اور بی مقابلے کے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک پہلی اننگز میں ۴؍ وکٹ کے نقصان پر ۳۵۲؍ رن بنا لئے ۔

سرفراز خان ۔ تصویر : آئی این این
سرفراز خان ۔ تصویر : آئی این این

 ممبئی : سرفراز خان (۱۶۹؍ رن ناٹ آؤٹ) اور آکرشت گومیل کی سنچریوں کی بدولت ممبئی میں بدھ کو مدھیہ پردیش کے خلاف رنجی  ٹرافی گروپ اے اور بی مقابلے کے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک پہلی اننگز میں ۴؍ وکٹ کے نقصان پر  ۳۵۲؍ رن بنا لئے ۔ٹاس جیت کر بلے بازی کیلئے  میدان میں اتری ممبئی کی ٹیم کی طرف سے سرفرا ز خان  نے  ۲۰۴؍ گیندوں میں ۲۲؍چوکے اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے آؤٹ ہوئے بغیر ۱۶۹؍رن بنائے  جبکہ گومیل نے اپنی سنچری میں ۱۱؍ شاندار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔سرفراز نے اسی سال جنوری میں ہماچل پردیش کے خلاف آؤٹ ہوئے بغیر  ۲۲۶؍رن کی اننگز کی کھیلی تھی اور اس سے قبل انہوں نے ممبئی ہی میں ٹرپل سنچری بنائی تھی۔ 
 ممبئی کی اننگز میں ہاردک تامور کی شکل میں پہلا وکٹ گرنے کے بعد گومیل اور سوریا کمار یادو نے دوسرے وکٹ کی شراکت میں ۵۲؍رن بنائے۔ سوریہ کمار۴۳؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد سدھیش لاڈ بھی جلدی ہی  پویلین  لوٹ گئے۔ اس کے بعد سرفراز خان اور گومیل نے ممبئی کی اننگز کو سنبھالا اور چوتھے وکٹ کی شراکت میں ۲۷۵؍رن بنائے۔ بدھ کو پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک سرفرازخان  اور انکوش جیسوال وکٹ پر موجود تھے۔
 مدھیہ پردیش کی جانب سے کلدیپ سب سے کامیاب گیندباز رہے ۔ انہو ںنے ۱۵؍اوور میں ۶۷؍رن دے کر ۳؍ کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ ایس ایس شرما کو ایک وکٹ ملا۔
دلال کی سنچری ، سدھو اور ہمت سنچری بنانے سے محروم
 سلامی بلے باز ہتین دلال (۱۰۲؍رن)کی شاندار سنچری اور جونٹی سدھو اور ہمت سنگھ کی بہترین نصف سنچریوں کی بدولت دہلی نے یہاں ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں رنجی ٹرافی گروپ اے اور بی مقابلے کے پہلے دن بدھ کو ۶؍ وکٹ پر۳۸۹؍ رن بنائے۔ اس مقابلے میں راجستھان نے ٹاس جیت کرپہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو زیادہ صحیح ثابت نہیں ہوا دلال اور انوج راوت نے پہلے وکٹ کی شراکت میں ۱۴۲؍ رن بنادیئے ۔ دلال نے۹۳؍ گیندوں پر۱۸؍چوکوںاور ایک چھکے کی مدد سے ۱۰۲؍ رن بنائے ۔ سدھو سنچری بنانے سے چوک گئے۔ انہوں نے اپنی۹۲؍ رن کی اننگز میں۸؍ چوکے اور۲؍ چھکے لگائے جبکہ ہمت  نے ۹۰؍ رن اسکور کئے اور محض۱۰؍ رن سے اپنی سنچری بنانے سے محروم رہے۔  راجستھان کی طرف سے تنویرالحق نے۷۸؍ رن دے کر ۲؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 
بڑودہ ۸۵؍رن پر ڈھیر،کرناٹک کو ۸۰؍رن کی برتری 
 رنجی ٹرافی کے میچ میں بڑودہ کے بلے بازوں نے ناقص کارکردگی کامظاہرہ کیا جس کی وجہ سے پوری ٹیم ۸۵؍رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بڑودہ کی جانب سے سب سے زیادہ ۴۵؍رن احمد نور پٹھان نےبنا ئے۔ پہلی اننگز میں کرناٹک  نے بدھ کو پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک ۷؍وکٹ کے نقصان پر ۱۶۵؍رن بنالئے تھے اور اس نے بڑودہ پر ۸۰؍رن کی برتری حاصل کرلی ہے۔ ایس شرت ۱۹؍ رن اور اے متھن ۹؍رن بناکر کریز پر موجود تھے۔ کرناٹک کے متھن اور کے گوتھم نے ۳۔۳؍وکٹ لئے۔ پرسدھ کرشنا نے بڑودہ کے ۲؍وکٹ لئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK