Inquilab Logo

آر سی بی کے گیند بازمحمد سراج نے اپنی تاریخی کارکردگی کےلئے اللہ کا شکر ادا کیا

Updated: October 23, 2020, 2:32 PM IST | Agency | Abu Dhabi

رائل چیلنجرز بنگلور کے گیندباز انڈین پریمیر لیگ کی تاریخ میں لگاتار ۲؍میڈن اوور پھینکنے والے پہلے گیندباز بن گئے

Mohammad Siraj .Picture :INN
محمد سراج تصویر:آئی این این

میاں، ریڈی ہو جاؤ، کپتان وراٹ کوہلی کی زبان سے یہ الفاظ سنتے ہی رائل چیلنجرز بنگلور کے گیندباز محمد سراج کے جسم میں عجیب سا جوش پیدا ہوگیا اور گزشتہ روز کولکاتا نائٹ رائڈرز کے خلاف انہوںنے تاریخ رقم کر ڈالی۔بنگلور کے گیندباز محمد سراج نے گیند بازی میں ایسا کمال کر ڈالا جو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی تاریخ میں دنیا کا کوئی بھی گیند باز آج تک نہیں کرسکا تھا۔محمد سراج نے اس مقابلہ میں نہ صرف کفایتی گیندبازی کرتے ہوئے مخالف ٹیم کے ۳؍بلے بازوں کو پویلین کا راستہ دکھایا بلکہ انہوںنے لگاتار ۲؍میڈن اوور ڈالتے ہوئے اپنا نام تاریخ کے سنہرے باب میں درج کرو ا لیا۔ٹی۔۲۰؍کرکٹ میں کوئی گیندباز بمشکل ایک اوور میڈل پھینکنے میں کامیاب ہوپاتا ہے لیکن محمد سراج نے ابو ظہبی کے اسٹیڈیم میں یہ کارنامہ ۲؍ بار کر ڈالا اور خاص بات یہ رہی کہ انہوں نے لگاتار۲؍میڈن اوور ڈالے  اور وکٹیں بھی حاصل کیں۔
 سب سے پہلے اللہ کا شکر ادا کیا
 میچ کے بعد اپنی تاریخی کارکردگی کے تعلق سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سراج نے کہا کہ ’’سب سے پہلے میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔اس کے بعد وراٹ بھائی کا جنہوں نے مجھے نئی گیند سے بولنگ کرنے کا موقع دیا۔میں نئی گیند سے کافی پریکٹس کر رہا تھا۔جیسے ہی وراٹ بھائی نے مجھ سے کہا کہ میاں ریڈی ہوجاؤ تو میری خوشی کا ٹھکانہ نہیں رہا۔شکر ہے کہ میں وراٹ بھائی کے اعتماد پر پورا اترا۔‘‘ محمد سراج نے مزید کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی ایک دوسرے کو بہت سپورٹ کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ ہمارے مداح بھی ہمارا ساتھ دیتے ہیں۔میں اپنی ٹیم اور مداحوں کےلئے آئندہ بھی اسی طرح کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتا ہوں اور اس کےلئے سخت محنت کرنے کیلئے تیار رہتا ہوں۔‘‘
محمد سراج کی کارکردگی
 رائل چیلنجرز بنگلور کے گیندباز محمد سراج نے کولکاتا  نائٹ رائیڈرز کے خلاف اپنے پہلے اور اننگز کے دوسرے اوور میں بغیر کوئی رن دئیے  ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔سراج نے اوور کی تیسری گیند پر راہل ترپاٹھی(ایک)کو وکٹ کیپر ڈیولیرس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔اس کے بعد اگلی ہی گیند پر نتیش رانا(صفر) کو بولڈ کرتے ہوئے پویلین کاراستہ دکھایا۔کولکاتا کے نئے بلے باز ٹام بینٹن نے سراج کو ہیٹ ٹرک لینے کا موقع نہیں دیا۔اس کے بعد سراج اپنا دوسرا  اوورڈالنے آئے اور انہوںنے تیسری گیندپر بینٹن(۱۰) کو ڈیولیرس کے ہاتھوں کیچ کرواتے ہوئے اپنی تیسری وکٹ حاصل کی۔محمد سراج نے دوسرا اوور بھی میڈن ڈالا۔۲؍اوور میں انہوںنے بغیر کوئی رن دئیے ۳؍وکٹیںحاصل کیں۔اس میچ میں محمد سراج نے اپنے ۴؍اووروں میں محض ۸؍رن دے کر ۳؍وکٹیں حاصل کیں۔آئی پی ایل کی تاریخ میںاس سے قبل کوئی گیندباز۲؍میڈن اوور نہیں ڈال سکا تھا۔محمد سراج کو ان کی شاندار کارکردگی کےلئے مین آف دی میچ بھی منتخب کیا گیا۔محمد سراج نے کہا کہ نتیش رانا کو جس گیندپر بولڈ کیا وہ شاندار تھی اور پلان کے مطابق کی جانے والی گیند تھی۔سراج نے آئندہ بھی اپنی ٹیم کےلئے اسی طرح شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی امید ظاہر کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK