Inquilab Logo

ایل کلاسیکو کیلئے ریئل میڈرڈ اور بارسلونا بیقرار

Updated: March 01, 2020, 10:31 AM IST | Agency | Madrid

لالیگا کے سب سے مشہور فٹبال میچ ایل کلاسیکو کا مقابلہ اتوار کی دیر رات ریئل میڈرڈ فٹبال کلب اور بارسلونا فٹبال کلب کے درمیان کھیلا جائے گااور یہ دونوں کلب ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

ایل کلاسیکو کیلئے ریئل میڈرڈ اور بارسلونابیقرار ۔ تصویر : آئی این این
ایل کلاسیکو کیلئے ریئل میڈرڈ اور بارسلونابیقرار ۔ تصویر : آئی این این

 میڈرڈ : لالیگا کے سب سے مشہور فٹبال میچ ایل کلاسیکو کا مقابلہ اتوار کی دیر رات ریئل میڈرڈ فٹبال کلب اور بارسلونا فٹبال کلب کے درمیان کھیلا جائے گااور یہ دونوں کلب ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ دونوں فٹبال کلب مختلف مسائل میں الجھے ہوئے ہیں اور خود کو ان سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسپینش لیگ لالیگا کے پوائنٹ ٹیبل میں  دونوں کے درمیان صرف ۲؍ پوائنٹس کا فرق ہے۔ بارسلونا ٹاپ پر ہے اور ریئل میڈرڈ دوسرے نمبرپر ہے۔
  دونوں کلبوں کیلئے یہ میچ بہت اہم ہے کیونکہ کوئی بھی ٹیم جیت جاتی ہے تو وہ سبقت لے جائے گی۔ بارسلونا فٹبال کلب جیت جاتا ہے تو اس کی برتری ۵؍پوائنٹس کی ہوجائے گی،  اگر ریئل میڈرڈ فٹبال کلب جیت جاتاہے تو اسے ایک پوائنٹ کی برتری مل جائے گی۔  اس لئے  دونوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہونے کی توقع ہے۔خطاب کیلئے یہ میچ چیک پوائنٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔گزشتہ سیزن میں لیگ کے دوسرے ایل کلاسیکو میچ میں کامیابی کے بعد بارسلونا نے ۹؍پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی تھی۔ 
 یوئیفاچمپئن لیگ کے راؤنڈ ۱۶؍ کا مقابلہ دونوں کلبوں کیلئے اچھانہیں تھا حالانکہ بارسلونا کے انٹوئین گریزمین نے گول کرکے اپنی ٹیم کو شکست سے بچا لیا تھا اور نیپولی سے میچ ایک ایک سے ڈرا کیا تھا۔ دوسری طرف ریئل میڈرڈ فٹبال کو اپنے گھریلو میدان پر ایک۔۲؍ سے شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ مانچسٹر سٹی نے اسے ایک کے مقابلے ۲؍گول سے ہراکر اگلے راؤنڈکیلئے اپنی پوزیشن  مضبوط کی تھی۔ دونوں کلب ایک دوسرے پر زخمی شیر کی طرح حملہ کریں گے۔ 
 بارسلوناکی ٹیم اس وقت تذتذب کا شکار ہے کیونکہ کھلاڑیوں اور کلب کے صدر کے درمیان تعلقات اچھے نہیںہیں۔ کلب کے بورڈ نے لیگانیس فٹبال کلب سے مارٹن بریتھویٹ کو ٹیم میں شامل  کیا ہے جس کی وجہ سے کھلاڑیوں میں نااتفاقی بڑھ گئی ہے۔ بارسلونا کے کھلاڑی سرجیو بُسکیٹس نے بتایا’’ہمیں اسٹرائیکرس کی ضرورت نہیں تھی، مجھے معلوم نہیں کس طرح کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ ‘‘
 اسپینش لیگ لالیگا کے اس سیزن میں ریئل میڈرڈ اور بارسلونا کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد ۱۰۸؍ہے جوکہ ۲۰۰۷ء کے بعد سے بہت کم قرار دی جا رہی  ہے۔ بارسلوناکا انحصار اس کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی پر ہے جوکہ حریف ٹیم کے دفاع کو توڑنے کا کام انجام دیتےہیں لیکن وہ نیپولی فٹبال کلب کے سامنے گول کرنے میں ناکام رہے تھے۔ دوسری طرف ریئل میڈرڈ اپنے دفاع کو مضبوط کرنے میں مصروف ہے ۔ اس کے پاس کریم بینزیماکی شکل میں اچھا اسٹرائیکر ہے جو فارم کے وقت حریف کے خلاف گول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
 ایل کلاسیکو کے مقابلوں میں میسی کے سامنے کرسٹیانو رونالڈو جیسے مضبوط کھلاڑی کی ضرورت ہوتی ہے لیکن  رونالڈو اس وقت یووینٹس فٹبال کلب کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔ ریئل میڈرڈ کو ان کی کمی محسوس ہورہی ہے۔ گیریتھ بیل ٹیم کے پاس ہیں لیکن وہ زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہیں۔ زین الدین زیدان کے ریئل کا کوچ بننے کے بعدسے انہیں ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔ ٹیم کے اسٹار ایڈین ہیزارڈ اس وقت زخمی ہیں اور ان کا کھیلنا مشکل ہے۔ 
 ایل کلاسیکو کی ماضی کی چمک دمک اب ختم ہوتی جارہی ہے کیونکہ ۲۰۲۰ء میں ورلڈ کپ جیتنے والی اسپین کی ٹیم کے کئی کھلاڑی سبکدوش ہو چکے ہیں جو ان دونوں ٹیموں کی جانب سے کھیلا کرتے تھے۔ ٹرانسفر مارکیٹ میں ریئل اور بارسلونا کا دبدبہ ہے لیکن اس بار ان دونوں زیادہ بڑے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل نہیں کیا تھا۔اتوار کو ان دونوں کے درمیان زبردست گھمسان کی توقع کی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK